حزیں صدیقی چراغِ شب ہے نہ سامانِ صبح تابی ہے۔۔۔ حزیں صدیقی

مہ جبین

محفلین
چراغِ شب ہے نہ سامانِ صبح تابی ہے
متاعِ دیدہ و دل کیفِ نیم خوابی ہے

نجانے آپ وہ مستِ شباب کیا ہوگا
کہ جس کے شہر کی آب و ہوا شرابی ہے

شکست و ریخت کا اول سے ہے عمل جاری
نہ جانے کیا مری تعمیر میں خرابی ہے

تری سمجھ میں کہاں آئیں گی مری باتیں
کہ تیرا علم لدنّی نہیں کتابی ہے

فصیلِ رنگ کی تسخیر ہو تو کیونکر ہو
صبا ہے ساتھ نہ خوشبو کی ہمرکابی ہے

گئی رتوں کے مناظر ہیں ذہن میں رقصاں
نگارِ فکر کا چہرہ ابھی گلابی ہے

حزیں ہم اپنے تخیّل کی لے نہ بدلیں گے
بلا سے وقت کا آہنگ انقلابی ہے

حزیں صدیقی

انکل الف عین کی شفقتوں کی نذر

والسلام
 

الف عین

لائبریرین
شکریہ مہ جبین، میں سمجھ رہا تھا کہ امین زیادہ مواد پوسٹ کر سکیں گے، لیکن تم ہی اس دوڑ میں جیت گئیں!! میں نے تو صرف بزرگی کی وجہ سے تمہارا نام پہلے دے رکھا تھا مرتب کے طور پر۔ اب تو جسٹیفائی کر دیا ہے تم نے۔ جزاک اللہ خیراً۔
 

مہ جبین

محفلین
شکریہ مہ جبین، میں سمجھ رہا تھا کہ امین زیادہ مواد پوسٹ کر سکیں گے، لیکن تم ہی اس دوڑ میں جیت گئیں!! میں نے تو صرف بزرگی کی وجہ سے تمہارا نام پہلے دے رکھا تھا مرتب کے طور پر۔ اب تو جسٹیفائی کر دیا ہے تم نے۔ جزاک اللہ خیراً۔
انکل پلیز شکریہ کہ کر مجھے مزید شرمندہ نہ کریں
میرا اسمیں ذرہ بھر بھی کوئی کمال نہیں ہے ، اگر آپ مجھے اس طرف متوجہ نہ کرتے تو شاید میں ایسا کبھی تصور میں بھی نہیں کرسکتی تھی، لیکن انکل یقین کریں کہ آپکی حوصلہ افزائی کے دو جملوں نے میرے اندر اتنا جوش ، ولولہ اور توانائی بھر دی کہ میں نے محض 3 دن میں تقریباً 25 غزلیں پوسٹ کردیں جس پر میں خود حیران ہوں ۔
ایک مشفق استاد کا ہی کمال ہوتا ہے کہ ایک نالائق اور نکمے طالبِعلم سے بھی ایسا کام لے لیتا ہے جو کبھی وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا ، تو بس یہ سب آپکی شفقت اور بے غرض و بے لوث جذبے کی وجہ سے ہی ممکن ہو سکا ہے ۔
الف عین انکل آپ سے دعاؤں کی درخواست ہے
اللہ آپکو اور اہلِ خانہ کو اپنی رحمتوں سے مالامال کرے آمین
 
Top