چلتے چلتے یہ حالت ہوئی راہ میں، بن پئے مےکشی کا مزا آگیا - ممتاز نسیم

کاشفی

محفلین
غزل
(ممتاز نسیم ، ہندوستان)
چلتے چلتے یہ حالت ہوئی راہ میں، بن پئے مےکشی کا مزا آگیا
پاس کوئی نہیں تھا مگر یوں لگا، کوئی دل سے میرے آ کے ٹکرا گیا

آج پہلے پہل تجربہ یہ ہوا، عید ہوتی ہے ایسی خبر ہی نہ تھی
چاند کو دیکھنے گھر سے جب میں چلی، دوسرا چاند میرے قریب آگیا

اے ہوائے چمن مجھ پہ احساں نہ کر، نکہتِ گُل کی مجھ کو ضرورت نہیں
عشق کی راہ میں پیار کے عطر سے، میرے سارے بدن کو وہ مہکا گیا

ہجر کا میرے دل میں اندھیرا کیئے، وہ جو پردیس میں تھا بسیرا کیئے
جس کے آنے کا کوئی گماں بھی نہ تھا، دفعتاََ مجھ کو آکے وہ چونکا گیا

رنگ ممتاز چہرے کا ایسا کھلا، زندگی میں نیا حادثہ ہوگیا
آئینہ اور میں دونوں حیران تھے، میں بھی شرما گئی وہ بھی شرما گیا
 
Top