لالہ رخ
محفلین
مجھے ممتاز مفتی کو بہت قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ سیانے کہتے ہیں کہ دو مقامات سے دیکھو تو ٹھیک سے نظر نہیں آئے گا:
دور سے
بہت قریب سے
چوں کہ ممتاز مفتی کو بہت قریب سے دیکھا ہے اس لیے امکان غالب ہے کہ ٹھیک سے نہیں دیکھا ۔ چنانچہ یہ مضمون سند نہیں ہے۔
ممتاز مفتی زندگی میں ربط سے محروم فرد ہے۔ میل اڈجسٹڈ، پیدائشی طور پر چھوٹا آدمی ہے۔ بڑے آدمی سے مل کر جھجک محسوس کرتا ہے، گھبراتا ہے، کتراتا ہے، اسے کسی بنے سجے گھر میں لے جائیے۔چلا جائے گا، لیکن دل دھک دھک کرے گا، سانس رکے گا، اندر ڈگمگ ڈگمگ ڈولے گا، یہ میں کہاں آگیا ہوں؟
اسے کسی اونچے عہدے پر بٹھا دو۔ بیٹھ تو جائے گا، لیکن یوں جیسے کانٹوں پر بٹھا دیا گیا ہو۔افسروں کے ساتھ نہیں گھلے ملے گا۔ چھوٹے سٹاف کے درمیان ایٹ ہوم محسوس کرے گا۔ دفتر کے چپڑاسیوں کو سلام کرنا اس کی پرانی عادت ہے۔ افسر کے ساتھ اس کا برتاؤ یا تو جی حضوریا ہوتا ہے یا کھچا کھچا۔ میانہ روی سے محروم ہے۔