کراچی (ثاقب صغیر/ اسٹاف رپورٹر) سی آئی ڈی پولیس نے 60 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے ایف آئی اے کو لیٹر لکھا ہے جس میں منی لانڈرنگ سمیت ملزمان کے ٹرانزیکشن کے حوالے سے معلومات مانگی گئی ہیں۔ تفصیلات کےمطابق سی آئی ڈی کائونٹر ٹیررازم اینڈ فنانشل کرائم انویسٹی گیشن یونٹ نے 25جنوری 2014ء کو عباس ٹائون سے کالعدم سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان جوہر حسین عرف جعفر عرف رحمن اور ارشاد حسین کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ گرفتار ملزمان پڑوسی اسلامی ملک سے تربیت یافتہ ہیں۔ گرفتار ملزمان نے شاہراہ فیصل پر تین علمائے کرام کے قتل اور اہلسنت والجماعت کے رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی پر حملے سمیت قتل کی 60 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا تھا۔ لیٹر میں ملزمان کے زیراستعمال اکائونٹس سے ہونے والی ٹرانزیکشن کی تفصیلات پوچھی گئی ہیں جبکہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے بھی ایف آئی اے سے سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اکائونٹس کی تفصیل سے پولیس ملزمان کے ساتھیوں تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=169465
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=169465