کس کا جمال ناز ہے جلوہ نما یہ سو بسو،رئیس امروہی

کس کا جمال ناز ہے جلوہ نما یہ سو بسو
گوشہ بگوشہ دربدر قریہ بہ قریہ کو بہ کو
اشک فشاں ہے کس لئے دیدہ منتظر میرا
دجلہ بہ دجلہ یم بہ یم چشمہ بہ چشمہ جو بجو
میری نگاہ شوق میں حسن ازل ہے بے حجاب
غنچہ بہ غنچہ گل بہ گل لالہ بہ لالہ بو بہ بو
جلوہ عارض نبی رشک جمال یوسفی
سینہ بہ سینہ سر بہ سر چہرہ بہ چہرہ ہو بہ ہو
زلف دراز مصطفی گیسوئے لیل حق نما
طرہ بہ طرہ خم بہ خم حلقہ بہ حلقہ مو بہ مو
یہ میرا اضطراب شوق رشک جنون قیس ہے
جذبہ بہ جذبہ دل بہ دل شیوہ بہ شیوہ خو بہ خو
تیرا تصور جمال میرا شریک حال ہے
نالہ بہ نالہ غم بہ غم نعرہ بہ نعرہ ہو بہ ہو
بزم جہاں میں یاد ہے آج بھی ہر طرف تیری
قصہ بہ قصہ لب بہ لب خطبہ بہ خطبہ رو بہ رو
کاش ہو ان کا سامنا عین حریم ناز میں
چہرہ بہ چہرہ رخ بہ رخ دیدہ بہ دیدہ دو بہ دو
عالم شوق میں رئیس کس کی مجھے تلاش ہے
خطہ بہ خطہ راہ بہ راہ جادہ بہ جادہ سو بہ سو
 

فاتح

لائبریرین
واہ واہ
جناب سید شہزاد ناصر صاحب! قرۃ العین طاہرہ کی مشہور زمانہ زمین (گر بہ تُو افتدم نظر، چہرہ بہ چہرہ رُو بہ رُو) میں رئیس امروہوی کی کیا ہی خوبصورت غزل انتخاب کی ہے۔ لطف آ گیا۔
ذیل کے دو مصرعوں میں ٹائپنگ کی غلطی سے مرا کو میرا اور تری کو تیری لکھا گیا ہے۔ انھیں بھی تبدیل کر دیجیے:
اشک فشاں ہے کس لئے دیدۂ منتظر میرا
بزم جہاں میں یاد ہے آج بھی ہر طرف تیری
 
واہ واہ
جناب سید شہزاد ناصر صاحب! قرۃ العین طاہرہ کی مشہور زمانہ زمین (گر بہ تُو افتدم نظر، چہرہ بہ چہرہ رُو بہ رُو) میں رئیس امروہوی کی کیا ہی خوبصورت غزل انتخاب کی ہے۔ لطف آ گیا۔
ذیل کے دو مصرعوں میں ٹائپنگ کی غلطی سے مرا کو میرا اور تری کو تیری لکھا گیا ہے۔ انھیں بھی تبدیل کر دیجیے:
اشک فشاں ہے کس لئے دیدۂ منتظر میرا
بزم جہاں میں یاد ہے آج بھی ہر طرف تیری
رہنمائی کا شکریہ
طاہرہ کی یہ غزل مجھے بہت پسند ہے
ایک اور غزل میں شریک محفل کر چکا ہوںربط دیکھیں
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/قرۃالعّین-طاہرہ-کی-ایک-فارسی-غزل-اردو-ترجمعہ-کے-ساتھ.60058/
 

الف نظامی

لائبریرین
بہت خوب!
براہ کرم ہر دو اشعار کے مابین عمودی وقفہ دے دیجیے کہ پڑھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ بہت نوازش!
 
Top