اپنا آزمایا ہوا ایک آسن آپ کو بتا رہا ہوں امید تو ہے کہ کام کرے گا۔
اصل میں میری عادت ہے کہ صبح کو یوگا کے تین چار آسن لازمی کرتا ہوں۔
طریقہ کار کچھ یوں ہے کہ
پیٹ کے بل لیٹ جائیں۔ چار پانچ سیکنڈ ذرا اپنے آپ کو ریلیکس کریں اور اس کے بعد اپنے بازو پیچھے لے جاکر ٹخنوں کے قریب سے پیروں کو پکڑ لیں۔ اس کے بعد اپنے آپ کو ذرا کھینچیں اس طرح کی آسمان (یا چھت جو بھی دستیاب ہو) کو دیکھنے کی کوشش کریں۔
یاد رکھیں جسم کی لچک جتنی اجازت دے اتنا ہی کھینچیں آہستہ آہستہ لچک بڑھ جانے سے ورزش بہتر ہوتی جائے گی۔ شروع میں صرف 10 سیکنڈ اس کے بعد ہر ہفتے پانچ سیکنڈ کا اضافہ کرتے ہوئے اسے زیادہ سے زیادہ ایک منٹ تک لے جائیں۔ میں یہ آسن کرتے ہوئے کبھی پندرہ سیکنڈ سے آگے نہیں گیا ایک تو وقت کی کمی دوسرے دو تین اور بھی آسن کرنا ہوتے ہیں۔
بہرحال امید ہے کندھوں اور ریڑھ کی ہڈی پر پڑنے والے دباؤ سے کچھ بہتری پیدا ہوگی۔
کوشش کریں یہ ورزش صبح کے وقت کریں۔ چٹائی یا دری وغیرہ پر۔ بیڈ نہ ہی استعمال کریںتو بہتر ہے۔ نہار منہ یعنی بغیر کچھ کھائے اگر بالفرض کھانا کھایا بھی ہے تو اس بات کو کم از کم تین گھنٹے گزر چکے ہوں۔ یہ عمومی ہدایات یوگا کے تمام ماہرین دیتے ہیں۔
اور ایک مزید ورزش یہ پہلے والی کے الٹ ہے۔
سیدھے کھڑے ہوکر ذرا ریلیکس کر لیں اپنے آپ کو۔ اس کے بعد رکوع کے انداز میں جھکیں اور دونوں ہاتھوںکی ہتھیلیاں زمین پر لگانے کی کوشش کریں۔ پہلی بار میں کبھی بھی ایسا نہیں ہوسکے گا لہٰذہ زور نہیں ڈالنا جہاں تک جسم کی لچک ہو۔ آہستہ آہستہ ورزش بہتر ہوتی جائے گی۔ شروع میں 10 سیکنڈ رکھیں ہر ہفتے 5 سیکنڈ کا اضافہ کرتے ہوئے اسے ایک منٹ تک لے جا سکتے ہیں۔ یہ آپ کے شوق اور وقت پر منحصر ہے۔(اس دوران گھٹنوں کو موڑنا نہیں یہ دھاندلی ہوگی
)
اس سے کندھوں اور ریڑھ کی ہڈی پر الٹی سمت میں دباؤ پڑے گا اور امید ہے دونوں ورزشیں مل کر کچھ بہتر نتیجہ دیں گی۔
ایک اور احتیاط دو آسنوں کے مابین قریبًا ایک منٹ کا وقفہ ضرور دیں لمبے لمبے سانس لیں اور ریلیکس ہونے کے بعد دوسرا آسن شروع کریں۔ یہ دو ورزشیں صرف پانچ منٹ کا کام ہے۔ باقاعدگی سے کرنے سے امید ہے اللہ شفاء دے گا۔