کوئی حال نہیں….!!!گل نوخیزاختر

کوئی حال نہیں….!!!

گل نوخیزاختر

کبھی اِس طرف دھیان ہی نہیں گیا، آج سوچنے بیٹھا ہوں تو یہ ہولناک انکشاف ہوا ہے کہ مجھے تو اپنے کسی بچپن کے دوست کا نام ہی یاد نہیں۔کافی دنوں سے میں فیس بک پر اپنے بچپن کے دوستوں کو ڈھونڈنے کی پلاننگ کر رہا تھا، آج فرصت اورفراغت ملی تو میں بُت بنا بیٹھا ہوں، کس دوست کو ڈھونڈوں؟ گلو، ببا، شیدا، دیمی،ٹیری، جگنو، نادی، لمبو، چکری، تیکی، ٹارزن، ڈہلو، رنگو، شانی، جبی،موٹو، کالو، فوجا،رکھا….کسی کابھی اصل نام نہیں پتا، نہ کبھی اصل نام پتا کرنے کی ضرورت پڑی، وہ بھی مجھے ”پپو“کے نام سے ڈھونڈ رہے ہوں گے اور میں یہاں گل نوخیزاختر بنا بیٹھا ہوں۔نوٹ کیجئے گا، ہمارے اکثر پیارے اِسی اصل نقل کے چکر میں کہیں گم ہوگئے ہیں، کیا حسین دور تھا جب کوئی کسی کی اصلیت سے واقف نہیں تھا، کسی کو نہیں پتا تھا کہ کون شیعہ ہے، سنی ہے، وہابی ہے ، بریلوی ہے یا دیوبندی ہے۔کسی کی پہچان اُس کا مذہب یا فرقہ نہیں تھی،ہم اکٹھے کھیلتے تھے، ایک گلاس میں پانی پیتے تھے، ایک جیسی گالیاں نکالتے تھے اور ایک جیسے ہی گھروں میں رہتے تھے۔ہر گھرمعمولی تھا، ہر مکین بے ضرر تھا،ہر دوکاندار چاچا جی تھا، ہر عورت خالہ تھی۔ دوکانوں پر ”جھونگا“عام ملتا تھا۔کسی گھر سے کھانے کی کوئی چیز پلیٹ میں ڈھکی ہوئی آتی تو کوئی نہیں پوچھتا تھا کہ یہ نیاز ہے، کونڈے ہیں یا ختم کی چیز ہے۔ کسی کو کسی کے پہناوے پر اعتراض نہیں تھا، سب بچے عید میلاد النبیﷺ کی محفلوں میں بھی کھانے پینے کے لیے موجود ہوتے تھے اور محرم میں شربت کی سبیلوں پر بھی گلاس کے گلاس چڑھا جاتے تھے، کسی گھر میں دیگ پکتی تھی تو عقیدے سے زیادہ چاولوں کی مہک سب کو اپنی طرف کھینچتی تھی۔بے فکری ایسی کہ گلی میں چارپائیاں ڈال کر سونے کا رواج عام تھا۔ خوف ابھی اتنے بڑے نہیں ہوئے تھے، اُن کا حجم بہت کم تھا، سکائی لیب گرنے کا خوف، سرکٹے کے آنے کا خوف،سیلاب کا خوف، کچی چھت گر جانے کا خوف، امتحان میں فیل ہوجانے کا خوف، بیٹی کی شادی میں کھانا کم پڑ جانے کا خوف۔یہ خوف بڑوں سے بچوں میں منتقل ہوتے تھے ، اُس دور کے بڑے بھی تو بچے ہی تھے۔
سیاست صرف کونسلر کے الیکشن تک محدود تھی، کونسلر ہی سب سے بڑا سیاستدان تصور کیا جاتا تھا۔بلدیاتی الیکشن کے دنوں میں کونسلر کسی بڑے سے گھر کے کھلے صحن میں ”جلسے“منعقد کیا کرتے تھے جن میں حاضرین کو بوتلیں پیش کی جاتی تھیں۔ جلسے کے بعد حاضرین فخر سے بتایا کرتے تھے کہ انہوں نے چھ بوتلیں پی ہیں۔ہر گھر کے دروازے کھلے رہتے تھے، بچے کھیلتے ہوئے کسی بھی گھر میں گھس جاتے تھے اور بعض اوقات کھانا بھی کھا آتے ۔
بدمعاش وہ ہوتا تھا جس کا گریبان کھلا ہوتا، نیفے میں گراری والا چاقو ہوتا اوروہ اونچی آواز میں بولتا تھا، تاہم اِس بدمعاش کی بدمعاشی بھی صرف ہوٹلوں میں مفت چائے پینے تک محدود ہوتی تھی۔اُس دور میں ماسٹر اگر بچے کو مارتا تھا تو بچہ گھر آکر اپنے باپ کو نہیں بتاتا تھا، اور اگر بتاتا تھا تو باپ اُسے ایک اور تھپڑ رسید کردیتا تھا ۔ یہ وہ دور تھا جب ”اکیڈمی“کا کوئی تصور نہ تھا، ٹیوشن پڑھنے والے بچے نکمے شمار ہوتے تھے ۔بڑے بھائیوں کے کپڑے چھوٹے بھائیوں کے استعمال میں آتے تھے اور یہ کوئی معیوب بات نہیں سمجھی جاتی تھی۔لڑائی کے موقع پر کوئی پستول نہیں نکالتا تھا، صرف اتنا کہنا کافی ہوتا تھا کہ ”میں تمہارے ابا جی سے شکایت کروں گا،،۔ یہ سنتے ہی اکثر مخالف فریق کا خون خشک ہوجاتا تھا۔اُس وقت کے اباجی بھی کمال کے تھے، صبح سویرے فجر کے وقت کڑکدار آواز میں سب کو نماز کے لیے اٹھا دیا کرتے تھے۔بے طلب عبادتیں ہر گھرکا معمول تھیں، کوئی گلی ایسی نہ تھی جہاں سے فجر کی اذان کے بعد کوئی بزرگ بلند آوازدرود شریف پڑھتے ہوئے نہ گذرتے۔کسی گھر میں مہمان آجاتا تو اِردگرد کے ہمسائے حسرت بھری نظروں سے اُس گھر کودیکھنے لگتے اور فرمائشیں کی جاتیں کہ ”پروہنے“کو ہمارے گھر بھی لے کرآئیں۔جس گھر میں مہمان آتا تھا وہاں پیٹی میں رکھے، فینائل کی خوشبو میںلبے بستر نکالے جاتے ، خوش آمدید اور شعروں کی کڑھائی والے تکئے رکھے جاتے ، مہمان کے لیے دھلا ہوا تولیہ لٹکایا جاتااورغسل خانے میں نئے صابن کی ٹکیا رکھی جاتی تھی۔جس دن مہمان نے رخصت ہونا ہوتا تھا، سارے گھر والوں کی آنکھوں میں اداسی کے آنسو ہوتے تھے، مہمان جاتے ہوئے کسی چھوٹے بچے کو دس روپے کا نوٹ پکڑانے کی کوشش کرتا تو پورا گھر اس پر احتجاج کرتے ہوئے نوٹ واپس کرنے میں لگ جاتا ، تاہم مہمان بہرصورت یہ نوٹ دے کر ہی جاتا۔بچوں کے لیے تفریح کا واحد ذریعہ Slides المعروف ”گھیسیاں“ہوتی تھےں۔لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بڑے بڑے قہقہے لگایا کرتے تھے، کسی موت پر پورا محلہ سوگوار ہوجایا کرتا تھا،گلی میں کولڈ کریم کی شیشیاں بھرنے والا آتا تو محلے کی ساری لڑکیاں ہاتھوں میں آٹھ آٹھ آنے اور تبت سنو کی خالی شیشیاں پکڑے آموجود ہوتیں۔یہی صاحب دنداسہ، سُرمہ، پت مار پاﺅڈر، ٹیلکم پاﺅڈر اور اسی اقسام کے دیگر پاﺅڈر بھی فروخت کیا کرتے تھے۔لڑکیاں سٹاپو، ککلی ،کوکلا چھپاکی، پرچیاں، اور گڑیوں سے کھیلتی تھیں، لڑکے اڈا کھڈا،پٹھو گول گرم، لکن میٹی، باندر کلِا،بنٹے،چورسپاہی، اونچ نیچ، یسوپنجو، چڑی اڈی کاں اُڈا، کیرم بورڈ اور لڈ و کے شیدائی تھے۔تاش کھیلنے والے کو بہت برا سمجھا جاتاتھا۔
شادی بیاہوں میں سارا محلہ شریک ہوتا تھا، شادی غمی میں آنے جانے کے لیے ایک جوڑا کپڑوں کا علیحدہ سے رکھا جاتا تھا جو اِسی موقع پر استعمال میں لایا جاتا تھا، جس گھر میں شادی ہوتی تھی اُن کے مہمان اکثر محلے کے دیگر گھروں میں ٹھہرائے جاتے تھے، محلے کی جس لڑکی کی شادی ہوتی تھی بعد میں پورا محلہ باری باری میاں بیوی کی دعوت کرتا تھا۔کبھی کسی نے اپنا عقیدہ کسی پر تھوپنے کی کوشش نہیں کی، کبھی کافر کافر کے نعرے نہیں لگے، سب کا رونا ہنسنا سانجھا تھا، سب کے دُکھ ایک جیسے تھے ، سب غریب تھے، سب خوشحال تھے، کسی کسی گھر میں بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی ہوتا تھا اور سارے محلے کے بچے وہیں جاکر ڈرامے دیکھتے تھے۔دوکاندار کو کھوٹا سکا چلا دینا ہی سب سے بڑا فراڈ ہوتا تھا، گھروں میں چوریاں ہوتی تھیں،ڈاکے نہیں پڑتے تھے۔یہ وہ وقت تھا جب امی ہوتی تھی یا ماں۔ممی ، مما یا مام ایسے الفاظ ابھی ایجاد نہیں ہوئے تھے، والد صاحب کو بھی ابو، بابا اور ابا جی کہا جاتا تھا، کوئی پاپا، ڈیڈی، ڈیڈ نہیں ہوتا تھا۔کوئی بیمار ہوتا تھا تو پورا محلہ عیادت کو امڈ پڑتا تھا،بزرگوں کی دعائیں لی جاتی تھیں،سرشام ہی لوگ سونے کی تیاریاں کرنے لگتے تھے اور اگلے دن ہشاش بشاش اٹھتے تھے، کسی نے شوگر، ہپاٹائٹس، ایڈز، ڈینگی، بلڈ پریشر،ڈپریشن کانام تک نہیں سنا تھا، سب کو نیند آتی تھی اور خوب آتی تھی۔ناشتے اوررات کے کھانے پر سب اکٹھے بیٹھتے تھے۔مذہب کبھی موضوع ِ گفتگو نہیں ہوتا تھاکیونکہ اُس وقت سبھی مسلمان تھے۔یہ وہ وقت تھا جب زمینی فاصلے زیادہ اور دِلوں کے فاصلے بہت کم تھے۔اُن دنوں موبائل نمبر نہیں ”پی پی“ نمبر ہوتا تھا جو ہمسائے کا ٹیلی فون نمبر ہوتا تھا۔مصروف سے مصروف بندہ بھی شام کو فارغ ہوکر گھر لوٹتا تھا، تب Busy ہونے کا رواج نہیں پڑا تھا۔تب بہت امیر لوگ بھی نہیں ہوتے تھے، غریب ہوتے تھے یا غریبوں سے کچھ بہتر۔حیرت کی بات ہے کہ تب جمہوریت بھی نہیں ہوتی تھی۔میں اُس دور کے دوستوں کو ڈھونڈنے بیٹھ گیا ہوں جس دور کا سکہ بھی ناپید ہے۔کوئی حال نہیں….!!!
 
دل کے پرانے تار چھیڑدیے۔
اب یہ افسانے کہاں چھیڑدیے۔
بہت خوب!
بس جی ہرچیز برینڈبنتی جارہی ہے
جتنا سیکھتے جارہے ہیں
اتنا ہی بھولتے جارہےہیں
 
Top