ابتداء ریڈ ہیٹ لینکس 9 سے ہوئی تھی۔ غالباً اکتوبر یا نومبر 2006ء میں (گھر میں کمپیوٹر جنوری 2006ء میں آیا تھا)۔ شروع میں چونکہ اس میں میں کچھ خاص کام نہیں کر پاتا تھا، اس لیے زیادہ تر وقت ونڈوز میں ہی گزرتا۔ پھر جب میں نے اپنا موڈیم اس میں چلانے کا طریقہ ڈھونڈ لیا تو اس کے استعمال کی شرح ونڈوز کے مقابلے میں بڑھنے لگی۔
اس کے بعد جب معلوم ہوا کہ ریڈ ہیٹ لینکس 9 کا زمانہ تو کب کا گزر چکا، تو فیڈورا 5 لے آیا۔ ابنٹو سے میرا تعارف تب ہوا جب میں (غالباً 2007ء میں) اسلام آباد میں اپنے کچھ رشتہ داروں کے گھر گیا ہوا تھا۔ وہاں ایک گھر حال ہی میں خالی ہوا تھا اور وہاں ابنٹو کی سی ڈیز کے انبار لگے ہوئے تھے۔ آس پاس کے لڑکے انہیں خالی سی ڈیز سمجھ کر خوش ہوتے رہے اور مختلف منصوبے بناتے رہے جب تک کہ میں نے ایک کے اوپر اس کا تعارف نہیں پڑھ لیا۔
دو تین درجن دیگر ڈسٹربیوشنز بھی استعمال کی ہیں لیکن صرف لائیو چلانے کی حد تک۔ باقاعدہ تنصیب صرف (ریڈ ہیٹ لینکس 9 کے بعد) فیڈورا یا ابنٹو کی کی ہے۔ ان میں سے بھی ابنٹو کا دورانیہ بہت ہی مختصر ہے۔
فیڈورا مجھے باقیوں کی نسبت زیادہ پسند کیوں ہے، اس کی سب سے اہم وجہ تو یہ ہے کہ اس میں پہلے ہی سے نظام کو سنبھالنے کے درجنوں اوزار ہوتے ہیں جن کی بدولت بندہ "کمانڈو" بننے سے بچ جاتا ہے۔
اس کے علاوہ اس میں اردو متن کے حوالے سے بھی کبھی پریشانی نہیں ہوئی۔ باقیوں میں کبھی کبھار کچھ چھوٹے موٹے مسئلے سامنے آتے رہے ہیں۔ مثلاً کسی زمانے میں ابنٹو میں فائرفاکس پر اردو خطوط درست نظر نہیں آتے تھے وغیرہ۔
ایک اور بڑی خوبی جو کہ ڈی ایس ایل کنکشن لگنے کے بعد میرے لیے اچھی خاصی اہمیت اختیار کر گئی ہے، یہ ہے کہ اس میں ترقی بہت تیزی سے ہوتی ہے۔ ہر نئے نسخے میں اچھے خاصے اضافے موجود ہوتے ہیں اور تقریباً تمام اطلاقیوں کے جدید ترین نسخے شامل کیے جاتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ جب تک کسی نسخے کو سپورٹ مہیا کی جاتی رہے، تب تک بیشتر اطلاقیے تازہ ترین ہی رہتے ہیں۔ ابنٹو میں ایک بار کوئی اطلاقیے شامل ہو جائیں تو ان کے لیے کوئی بڑا اپڈیٹ نہیں آتا۔ صرف چھوٹے درجے کے اپڈیٹ آتے ہیں جو کہ خرابیوں کو درست کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ مثلاً آپ فائرفاکس 3.0.8 سے 3.0.9 پر تو جا سکتے ہیں لیکن 3.5 پر نہیں۔ جبکہ فیڈورا میں بڑے درجے کے اپڈیٹ بھی اکثر ٹپکتے رہتے ہیں۔