کچھ شماریات‘ کچھ معلومات ۔۔۔۔۔ڈاکٹر ظہور احمد اعوان

Dilkash

محفلین
کچھ شماریات‘ کچھ معلومات
آج اپنی ڈائری کھولی اس میں کچھ باتیں بڑی دلچسپ دکھائی دیں‘ آج ان میں سے کچھ کی جھلک دکھاتا ہوں‘ پہلے چین سے بات شروع کرتے ہیں۔ چین میں پہلا انقلاب 1911ء میں سن یات سن کی قیادت میں برپا ہوا‘ اس کی پارٹی کا نام کومنتانگ نیشنلسٹ پارٹی تھا

وہ نیوٹرل آدمی تھا مگر اس کے بعد امریکہ کا پٹھو چیانگ کائی شیک آ گیا جس نے امریکہ کی مدد سے کمیونسٹوں کا قتل عام شروع کر دیا‘ کمیونسٹوں نے پہاڑوں اور جنگلوں کا رخ کیا‘ اس لانگ مارچ کی قیادت ماؤزے تنگ کر رہے تھے‘ اس کے ساتھ 82 ہزار لوگ تھے‘ وہ کئی برس تک جنگلوں میں بھٹکتے رہے‘ یہ لانگ مارچ 8 ہزار میل طویل تھا‘ اس مارچ میں 72 ہزار لوگ مارے گئے اور صرف 8 ہزار زندہ لوٹے۔ اس مارچ میں کئی ہزار عورتیں اور بچے بھی شامل تھے‘ بچے اتنا زیادہ چل نہیں سکتے تھے اس لئے کئی ماؤں نے اپنے بچوں کو راستے میں آنے والے دیہاتوں میں بانٹ دیا‘ بے شمار بچے راستے میں جنے گئے

ماؤں نے اپنے بچوں کو پھر نہ دیکھا۔ اس لانگ مارچ میں ماؤزے تنگ نے 27 کروڑ چینیوں تک کمیونزم کا پیغام پہنچایا‘ آخر 1946ء میں لانگ مارچ مکمل ہوا اور یکم اکتوبر 1949ء میں چین کا موجودہ انقلاب وجود میں آیا جو اب تک رواں دواں ہے اور چین اس وقت دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت بن چکا ہے۔

اس کو کہتے ہیں لانگ مارچ‘ یہ نہیں کہ پشاور شہر سے پشاور صدر تک پجارو میں سفر کیا جائے اور اسے لانگ مارچ کا نام دے دیا جائے۔ ایک اور شماریات میرے پاس 2004ء کی موجود ہیں جس کے مطابق پاکستان میں کل ایلوپیتھک ڈاکٹروں کی تعداد ایک لاکھ ہے جس میں پانچ ہزار سالانہ کا اضافہ ہو رہا ہے

ہومیوپیتھک ڈاکٹروں کی تعداد 31729 جبکہ عطائیوں کی تعداد دس لاکھ ہے‘ نرسوں کی کل تعداد 44520 جبکہ دانتوں کے ڈاکٹروں کی تعداد 5068ہے‘ حکیموں کی تعداد 38825‘ ایل ایچ ویز کی تعداد 35000 ہے۔ کل ہسپتال ایک ہزار ہیں جبکہ میڈیکل کالجوں کی تعداد 25 ہے‘ ڈسپنسریاں 4590‘ رورل ہیلتھ سنٹر 550‘ بنیادی صحت کے مراکز 5308 ہیں‘ 1466 مریضوں کے لئے ایک ڈاکٹر‘ 29405 مریضوں کے لئے ایک دنداں ساز جبکہ 3347 مریضوں کے لئے ایک نرس ہے‘ یعنی ڈاکٹر زیادہ اور نرسیں کم ہیں۔

ایک اور شماریات کے مطابق بقول ڈاکٹر حمید اللہ پیرس میں اردو زبان کا آغاز 1828ء میں ہوا اور اردو کے پہلے سکالر گارساں دتاسی تھے‘ آج سے سو سال قبل اردو کی ایک عظیم الشان ڈکشنری اور انسائیکلو پیڈیا حیدر آباد دکن میں راجہ رجیشوری کے حکم سے چھپی‘ یہ قاموس جہازی میں ہے‘ اس کی 55 جلدیں ہیں جبکہ صفحات کی تعداد 33 ہزار ہے اور الفاظ کی تعداد سوا تین لاکھ ہے۔

امریکی ڈالروں پر جن صدور کی تصاویر ہیں وہ اس طرح ہیں ایک ڈالر کے نوٹ پر جارج واشنگٹن کی‘ دو ڈالر پر صدر جیفرسن‘ پانچ پر ابراہم لنکن کی‘بیس کے نوٹ پر صدر جیکسن کی‘ پچاس کے نوٹ پر صدر گرانٹ کی جبکہ سو ڈالر کے نوٹ پر فرینکلن روزویلٹ کی ‘ امریکہ میں سو ڈالر سے بڑا نوٹ نہیں ہے۔ جنرل انفارمیشن کے طور پر یہ معلومات قابل ذکر ہیں‘ پہلا ٹیلی گرام 1861ء میں امریکی ریاست کیلیفورنیا سے گیا‘ 1861ء میں ہی کاغذی کرنسی جاری ہوئی‘ 1863ء میں غلاموں کی آزادی کا قانون پاس ہوا جس کے باعث امریکہ میں دنیا کی سب سے بڑی خانہ جنگی ہوئی‘ اس زمانے میں میل سروس فری ہوتی تھی۔ میری ڈائری میں اشعار بھی لاتعداد لکھے ہیں ایک شعر نذر کرتا ہوں فارسی کا ہے

مشو درپے آزار ہر چہ خواہی کن

کہ در شریعت ما غیر از ازیں گناہ نیست

مطلب اس کا ہے کہ ایک کسی کا دل نہ دکھاؤ باقی جو مرضی ہے کرتے پھرو‘ کہ دل آزاری دنیا کا سب سے بڑا گناہ ہے۔

Dated : 2010-08-14 00:00:00
 
Top