کھال اتروائی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ افسانہ از عمران اسلم

عمران اسلم

محفلین
سَجری کا سودا طے ہو گیا تھا۔ شگوفے کی دھمکیاں، غصہ، ناز نخرے، مِنتیں تَرلے، شور شرابا، بھوک تَرےسب دھرے کا دھرا رہ گیا تھا۔​
بس مِدے قصائی نے سَجری کو کھونٹے سے کھولتے وقت اسے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ سجری کو حلال نہیں کرے گا۔ نِرا دودھ دہی کے لئے رکھے گا۔​
سجری اُس کے پاس پچھلے نو سال سے تھی۔ اب تو اس کی دوسری نسل جوان ہو رہی تھی۔ اس کے دو بچھڑے مسان ہو کر کھیتوں کا سینہ چیرتے پھرتے۔ ایک بچھی بیماری سے مر گئی اور دو بچھیوں نے اپنے مالکوں کے تھانوں میں رونق لگا رکھی تھی۔​
شگوفے کے ابا نے تین نئے کمرے تعمیر کئے تو ماسی شجاع مبارکبادی کے لئے آئی اور تحفے میں سجری کی ماں کا رسہ ان کےصحن میں باندھ گئی تھی۔ ابے کو بڑا انتظار رہا کہ دودھ چِٹی گاں کب گھابن ہو، بچہ جنے اور وہ اس کا دودھ مکھن چکھیں۔​
لیکن نصیب! سجری کی پیدائش سے کوئی دو ہفتے ادھر وہ اللہ کو پیارے ہو گئے۔ شگوفے اس وقت یہی مہینے دو کم چھ برس کی رہی ہو گی ۔ پھر اک رات گائے کِن مِن میں آدھی رات تک باہر ہی بندھی رہ گئ۔ جب تک اسے اندر کمرے میں لے جاتے، پالا ہڈیوں میں سرایت کر چکا تھا۔ سَجری کی ماں ایک آدھ ہفتہ ٹھنڈ سے کانپ کر حلال ہو گئی۔​
شگوفے کو لگا وہ اس کے ابا کے دکھ میں مر گئی۔ بس پھر اس نے سجری کی سیوا اپنا فرض سمجھ لیا۔ سجری کو کھلانا پلانا، نہلانا ٹہلانا، چرانا، سب اس کی خوشی کا سبب بن گیا۔​
سجری نکلی بھی ایسی پیاری، معصوم سی اپنی ماں کی طرح گوری چِٹی ، سر پر معمولی سے سینگھوں کے نشان، درمیان میں ہلکے خاکی بالوں کا ابھرا گُچھا ، دور سے دیکھو تو مانو لگے سورج مکھی کا پھول سوکھا پڑا ۔​
لمبوترے کانوں کے اندروں، کھروں اور پنج کلیانی چھوڑ کر ساری کی ساری ملائی ۔ گردن کے نیچے ماس کی ملائم جھالر لٹکی ہوئی، موٹی چکوری آنکھوں میں معصومیت سمیٹے ہوئے۔اس کا کوہان گائوں کے بَیلوں کو شرماتا تھا۔ بھرے صحت مند ، دودھ سے تھَل تھَل کرتے تھن اور دُم تُوت کی، چھلکے بغیر چھمک جیسی، کھروں سے ذرا اوپر ٹھہرتی۔​
وہ شگوفے کے لئے ابا کی یاد بھی تھی، سنگی بھی، سہیلی بھی، رازدان بھی۔ اور تابع فرمان بھی ۔ مجال شگوفے کے کہے بغیر وہ چراگاہ چلی جائے۔ یا کسی اور ہاتھ کا کُترا کھا لے۔ شگوفے کا دو ڈَنگ کہیں جانا بھی مشکل تھا کہ اس کی سجری پیاس، ڈھکوس سے مری جاتی لیکن گھونٹ اسی کے ہاتھ کا بھرنا ہوتا۔ شگوفے اترا کر کہتی پھرتی تھی "کوئی ماں کا لعل میری سجری کے تھنوں کو ہاتھ لگا کر دکھا دے سارا تھان کھول کر اس کے ساتھ کر دوں گی۔"​
سجری کی صفائی پسندی تو گھر میں کسی کو ایک آنکھ نہ بھاتی، ادھر گوبر پڑا ادھر اس کی بھاں بھاں شروع۔ ادھر مُوت کر زمین گیلی کی ادھر بے چینی سے سینگ دیوار پر رگڑنے لگی۔ جب تک ڈھکائی چھپائی یا صفائی کا کوئی انتظام ہوتا سجری کا رولا ڈنگروں کے کوٹھے میں تھرتھلی مچائے رکھتا۔​
ڈَنگروں والے کوٹھے میں کتنی گائیاں آئیں، کتنی بھینسیں ،بکریاں بندھی، کھلیں ،کتنے ڈھور بِکے ،کتنے میمنے اٹھکلیاں کرتے پھرے ،کتنی بھیڑوں نے اونی گولوں جیسے بچے جنے۔ شگوفے کو دو چار دن ان پر بھی بڑا پیار آتا لیکن ان کے آنے جانے پر اس نے کبھی اعتراض نہ جتایا تھا۔ نہ کسی سے پیار بڑھایا نہ کسی سے سنگت بنائی۔​
سجری سے اس کی محبت میں عقیدت بھی تھی، ممتا بھی ، بہناپا اور دوستانہ بھی لیکن ان سارے جذبوں میں شریکہ کھاتہ کوئی نہ تھا۔​
سوائے جُمرو کے اور کسی کو سجری کے پاس پھٹکنے کی اجازت نہیں تھی۔ جمرو اس کی پھوپھی کا دلارا۔ اور بقول شگوفے کی اماں " سجری کے واسطے اس کا مُنشی۔" سجری کے علاوہ بس جمرو اور اس کی سنگت پکی تھی۔ شگوفے اسے چھیڑنے کو گنگناتی۔ " او میرا ڈھولا، اک سادی سجری، اک جُمرو بھولا" اور پھر اس کا پھولا منہ دیکھ دیکھ قہقہے لگاتی۔​
کچی کیریاں توڑ نا ہوں ، چاچے دِتے کے صحن میں لگے امرود چپکے سے اتارنے ہوں یا پھر ماسی وَلیتاں کے پچھواڑے لگے گلابوں سے گلاب اتار کر چوری چوری گلقند ڈالنا ہو۔ شگوفے اور جُمرو کا ایکا رہتا تھا۔ سکول بھی اکٹھے آتے جاتے ، ڈھور چرانے ، لکڑیاں چننے اور ٹوکرے میں پھندہ لگا کر چڑیاں ، کُگھیاں پکڑنے میں دونوں ساتھ ساتھ ہوتے۔​
شگوفے کی تمام شرارتوں کی سزا اپنے سر لینے سے جمرو کبھی نہیں گھبرایا تھا۔ وہ چشمے سے پانی بھر تے ہوئے جمرو پر پورا گھڑا الٹ دیتی۔ اور جمرو بس چیخ کر رہ جاتا تھا۔ لیکن موقع ملتے ہی وہ ایکبارگی سارے ادھار مُکا دیتا تھا ۔​
جب سجری کو چران واسطے پرلے آموں کے اوپری طرف لے کر جانا ہوتا ، جہاں کی کالی سیاہ چٹانوں اور کھا جانے والے سناٹے میں گونجتی جھینگر کی آوازوں سے شگوفے کو ہمیشہ خوف آتا اور وہ جمرو کو ضد کر کے ساتھ لے جاتی۔ جمرو ہمیشہ چھپ جاتا ۔ ڈر کے مارے اس کی جان پر بن آتی اور وہ سجری کے گلے لگ کر زور زور سے چیختی چلاتی۔"جُمریا ٹُھمریا تجھے لومڑی منہ میں دبا لے جائے جیسے چاچی نذیرو کا چوچا لے گئی"​
تیرے اوپر ٹُھل گرے۔ تو نیچے دب جائے۔ اور پھر بڑبڑاتی "اللہ جی جُمرے کو لمبی حیاتی دینا"۔​
نمکین آنسو اس کے اناری رخساروں سے ٹپ ٹپ اخروٹ مَلے لبوں تک پہنچتے اور جب اس کی ناک شُونکنے لگتی تو وہ اپنی نیلی چنری سے ناک صاف کرتے ہوئے اسےسامنے آنے کا واسطہ دیتی۔​
جب سردیوں میں بخار، زکام اس کی جان کو آ جاتا تو جمرو ہی سجری کے سارے کام کرتا تھا۔ اسے پانی پلانا، کھلانا، چراگاہ لے کر جانا، دودھ دوہنا، یا اس کے بَچھوں کی دیکھ بھال، اس کا تھان صاف کرنا۔​
پھر جمرو اپنے ابا کے پاس شہر چلا گیا چھٹی جماعت میں داخلہ لینے کو ۔​
اس کا مہینوں بعد گائوں کا چکر لگتا تو وہ سجری کو دیکھنے ضرور آتا۔ شگوفے کی ہمجولیاں کھسر پھسر کرتے ہوئے اس کا جمرو سے رشتہ جوڑ دیتیں، چشمے پر بیٹھیں گائوں کی گھاگ بوڑھیاں اس کے چہرے پر حیا کے رنگوں اور آنکھوں میں رسیلے خیالوں کو دیکھ کر کہتیں "شگوفے اور جمرو کی جوڑی ساون بھادوں جیسی ہو گی"۔ وہ شرمو شرمی جمرو کے سامنے آنے سے کترا جاتی۔ اس برس وہ گیارہویں کا امتحان دے رہا تھا۔​
پچھلے ماہ جب جمرو گائوں آیا تو اداسی اُس کے چہرے سے یوں ٹپک رہی تھی جوں سردیوں میں چیڑوں پر سے سوکھ کر سَمرو گرتا ہے۔ وہ اس کی اتری رنگت دیکھ کر دہل گئی تھی۔ لیکن اس کی ہزارہا ضد کے باوجود جمرو اپنی پژمردگی کا سبب بیان کرنے کو تیار نہ ہوا۔​
بس جاتے ہوئے سجری کی گردن پر پیار سے ہاتھ پھیرتے ہوئے اسے اتنا کہہ گیا، "دیکھ شگوفیا! سجری کا سودا نہ ہونے دینا۔ "​
اور جب اس نے اپنی منکے جیسی آنکھوں سے اسے ایسے دیکھا تھا گویا وہ سٹھیا گیا ہو۔ اور بہکی بہکی باتیں کر رہا ہو تو جمرو نے عجیب انداز سے اسے پھر کہا تھا "شگوفے! وعدہ کر سجری کو جانے نہیں دے گی۔" اسے کچھ سمجھ نہیں آئی تھی۔​
لیکن اسے جلد سمجھ آ گئی تھی کہ جمرو کیا کہنا چاہ رہا تھا۔​
پچھلی جمعرات کو جب اماں نے سجری کو بیچنے کی بات کہی تھی تو لگا جمرو پرلے آموں والی کالی چٹانوں میں اسے اور سجری کو اکیلا چھوڑ کر چھپ گیا ہے۔ وہ اکڑ گئی تھی "خبردار کسی نے سجری کو کسی کے ہاتھ دینے کی بات کہی۔ آخر ایسی کونسی قیامت آن پڑی جو سجری کو بیچنا!" اور دادی نے مسکراتے ہوئے کہا تھا ۔ "اڑیے تیرے بیاہ کا خرچہ بھی تو پورا کرنا ہے۔ اس گائے کے علاوہ اور کیا رہتا ہے ہمارے پاس!"​
بیاہ! "ہاہاہاہا" وہ یوں ہنسی تھی گویا دادی نے کوئی زبردست چٹکلہ اسے سنا دیا ہے۔ "دادی جب بیاہ ہونا ہوا تو پہلے لڑکے کا بندوبست ہو گا۔تب خرچے کا انتظام بھی ہو جائے گا"۔​
لیکن سویرے اس کا ماتھا ٹھنکا۔ جب دادے نے اماں کو تاکید کر کے کہا کہ دو تین دنوں میں پیسوں کا انتظام ہو جائے تو شہر سے ضروری سامان منگوا لیا جائے۔یہ تو غنیمت ہوئی کہ مِدا قصائی کہیں باہر گیا ہوا تھا۔ ورنہ اسے دل کی بھڑاس نکالنے کا موقع بھی نہ مل پاتا۔​
بیاہ، شادی، رشتہ، نکاح کہاں طے ہو گیا۔ کہاں بات پکی ہوئی! کس سے نسبت ٹھہری! ان سوالوں کے متعلق سوچنے کا وقت کس کے پاس تھا۔ اسے تو فکر تھی بس سجری کی۔ رہ رہ کر اس کا دل بیٹھا جاتا کہ سجری کو قصائی کھول کر لے جائے گا۔ اور پھر ،اس سے آگے اس کو ہول اٹھنے لگتے۔ شگوفے نے ضد کی، اڑی لگائی، منتیں کی، ترلے باندھے، واسطے ڈالے، بھوکا رہ کر دکھایا، اٹواٹی کھٹواٹی لئے پڑی رہی مگر مجال جو کسی کے کانوں پر جوں بھی رینگی ہو۔ ہنس مسکرا کر کہہ جاتے "بچی ہے، بے سمجھ ہے، بچپن سے لاڈ کے ساتھ پالی ہے اس لئے گائے کے جانے کا دکھ تو ہو گا۔​
جب اس کا غصہ کچھ اور بڑھا اور اس کا خاموش احتجاج شور شرابے تک پہنچنے لگا اور اس کی آواز پچھواڑے کی دیوار کے ساتھ موجود بیری سے اونچی ہونے لگی تو رد عمل بھی دادا، دادی کی پھٹکار ، چاچے کی خاموشی کی مار سے بڑھ کر مہربان اور مشفق اماں کے طعنوں سے ہوتا ہوا دھموکڑوں تک چلا گیا۔​
شگوفے کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اس کے کانوں میں جمرو کے نام کا طعنہ ڈالا جائے گا۔ اسے سناونیاں سنائی گئیں " اسے یہ فکر نہیں کہ مِدا قصائی سجری کو کھول لے جائے گا، اسے تو یہ غم مارے جا رہا کہ اس کی ڈولی کسی اور کے ویہڑے اترے گی۔"​
اور سجری کا سودا نہ کرنے کی دہائیاں دیتی شگوفے کو اپنی عزت کے لالے پڑ گئے۔ اسے یوں چپ لگی جیسے اب نہ بولنے کی قسم کھا لی ہو۔ اپنوں کا طنز اس کی روح کو پَچھ مار گیا جیسے کند کلہاڑا لکڑی کے ٹوٹے کرتا ہے۔ اس کا جی چاہتا چیخ چیخ کر روئے، چلائے، بین ڈالے جیسے رات کو سامنے والے پَیلی سے گرتی ندی روتی ہے ۔​
اس کا من کرتا شَنکار مارے جوں آری کش کے آخری رَندّے پر گرنے سے پہلے چیڑ کی چڑچڑاہٹ سے جنگل گونجتا ہے۔ اس کے ساتھ سارے چیڑ، ٹاہلیاں، کیکر، بین کریں۔ اس کے سینے کے اندر چونچیں مارتے غموں کے ہُد ہُد اُڑ جائیں اور سجری بھی آنسو نکالے۔​
لیکن اس کا اندر سیلن زدہ ہو گیا تھا، اور گیلی زمین کا دل کتنا فراغ ہو جاتا ہے۔ اپنے سینے پر لگنے والی ہر ضرب برداشت کر جاتی ہے۔ اس کے اتھروں بھی اندر گر رہے تھے،۔کوئی آواز کیسے نکلتی سب کچھ اندر ہی اندر جذب ہو رہا تھا۔ وہ سجری کے پاس پہروں بیٹھی رہتی۔ اسے کہتی بھاگ جا، اس کی رسی کھول کر اسے تھان سے باہر دھکیلتی۔​
سجری اپنا تھوتھ اس کے کاندھے پر رکھے جگالی کرتی رہتی۔پرلے آموں کی سیاہ چٹانوں کے پاس چرتی سجری کو دیکھ کر وہ سوچتی کہ کوئی دیو نکلے اور سجری کو اٹھا لے جائے۔ کم از کم وہ چُھری کی ازیت سے بچ جائے گی۔​
اس کے کشادہ ماتھے اور رس بھرے کشمیری سیب جیسے سرخ رخساروں کے درمیان لمبوترا ناک ، منکے جیسی آنکھوں کے چواتے نمکین پانی سے تر ہو جاتا۔​
مِدا قصائی آیا اور اس کی سجری کو کھول کر لے بھی گیا۔ وہ کچھ نہ کر سکی۔ اس کے تھان میں سجری کے گلے والے ٹَل کی آواز کی بجائے مِدے قصائی کا دَم دلاسا ہی رہ گیا۔ "شگوفے پتر تیری سجری سے پریت کا سب کو معلوم ہے۔ میں کوئی پتھر دل نہیں جو تیری لاڈلی کے گلے چھری چلائوں گا۔ جیسے تیرے تھان رونق، ویسے ہی میرے ویہڑے میں میلہ لگا رہے گا۔ "​
ساری دوپہر بغیر کھائے پئیے ، کھاٹ پر پڑی رہی، روتے روتے گلا بیٹھ گیا۔ اماں، دادی نے آ کر تسلی کے دو بول بولے اور پھر اپنے کاموں میں مشغول ہو گئیں۔ اب کون اس کے بچگانہ دکھڑے پر پرسہ دینے بیٹھا رہتا۔​
شگوفے کی آنکھیں چو ، چو تھک ہاریں اور گیلی لکڑی کا ان دیکھا دھواں جب انہیں جلانا شروع ہوا تو سکون پہنچانے نیند بھی پہنچ گئی۔ نیند سولی پر بھی آ جاتی ہے اور وہ تو اپنی کھاٹ پر پڑی تھی۔​
پچھلے پہر خواب میں سجری کو رسی گھسیٹتے دیکھا تو بے چین ہو گئی۔ لیکن بے بس لڑکی کرتی کیا! پھر سے آنسووں نے اوڑھنی کو چومنا شروع کر دیا۔ اس نے خود کو مِدے کے الفاظ یاد دلائے کہ سجری کو چھری نہیں لگائے گا۔ اچانک اسے جمرو یاد آیا اور جمرو کی بات "سجری کا سودا نہ ہونے دینا۔" اسے لگا آج اس کی جگہ جُمرو پرلے آموں کی سیاہ چٹانوں میں تنہا رو رہا ہے۔​
شگوفے کو خیال آیا پرسوں چشمے پر پھوپھی بھی روئی تھی اسے اپنے ساتھ لپٹا کر ، مگر کیوں! شگوفے کا دماغ ایک دم کُھلا اور پھر سے الجھ گیا جوں سَن کی رسی کا گولہ کھاٹ بُنتے ہوئے اچانک ہاتھ سے چھوٹ کر کُھلنے سے تَنی ہوئی رسی بیچوں بیچ اپنے ہی ساتھ لپٹ جاتی ہے۔​
"میرے خدایا ! میرا رشتہ بھی طے ہو گیا ہے اور نکاح، رخصتی کی تیاری چل رہی۔" اسے بڑی دیر بعد دھیان آیا اور وہ اٹھ کر بیٹھ گئی۔ اس کے سر میں یہی بات گونجتی رہی، جیسے کسی نے دَندّے پر کھڑے ہو کر کُوک لگائی ہو اور اب ہوائیں سارے پہاڑوں کو سُنا رہی ہوں۔​
اُس نے اماں کی کھاٹ کی طرف دیکھا۔ اماں بےسدھ سوئی پڑی تھی، کل فکر کی جو لکیریں اس کے ماتھے پر موجود تھیں اب نظر نہیں آ رہی تھیں۔ اماں کو ہلکے سے پکارنے پر وہ جاگ اٹھی۔ "کیا ہے شگوفے!" اماں نے دُلار سے پوچھا۔ "اماں تو سجری کو بیچ کر خوش ہے؟"​
"پتا نہیں کیا سوچ رہی، سو جا! " اماں نیند کی خماری میں بولی۔ "ناں اماں بتا نا" وہ اماں کے پہلو میں اُٹھ آئی۔​
"میری جان سجری کے جانے کا سب کو دکھ ہے لیکن تیری رخصتی کے لئے کَکھ اکھٹا بھی تو کرنا ہے نا۔ " اماں نے اسے لاڈ سے ساتھ لگا لیا۔​
"گھر میں کیا ہو رہا ہے اماں! مجھے کچھ خبر ہی نہیں اور میرا فیصلہ بھی کر دیا۔ سجری کی طرح" وہ رو پڑی۔ "نہ میری رانی۔ ہم کوئی تیرے دشمن تھوڑی ۔ جو کریں گے اچھا ہی ہو گا۔ اماں اٹھ کر بیٹھ گئی اور اس کے بالوں کو سہلانے لگی۔ " آج پھوپھی ملی تھی چشمے پر۔ مجھے گلے لگا کر روئی تھی۔ اسے بھی سجری کا دکھ تھا۔"​
شگوفے کی بات سن کر اماں گہری سوچ میں چلی گئی۔ "پتر تیری بات تیرے تائے کے گھر طے ہوئی ہے۔" اماں کچھ لمحوں کے توقف کے بعد بولی تو اس کی آواز پنجایت کے سامنے بولتے کسی مجرم کی طرح محسوس ہوئی۔​
شگوفے کے دماغ میں لگی گھانٹیں اک اک کر کے کھل گئی تھیں۔ جیسے گولے کا الجھا تاگا تانی پر تان دیا جائے۔ اس نے اماں کے ماتھے پر پیار کیا اور اپنی کھاٹ پر جا سوئی۔​
صبح دادی، چاچی اس کے ادھر اُدھر ہو رہی تھیں۔ لاڈ پیار، لعن طعن،طنز ، گالیاں کوسنے، منتیں ترلے، واسطے۔ لیکن وہ کوئی بات سننے کو تیار ہی نہیں تھی۔ اس نے شادی سے صاف انکار کر دیا تھا۔ "میری سجری کی باری کسی نے بات سنی تھی!" وہ بار بار یہی بات دہرائے جا رہی تھی۔​
"بس کہہ دیا تائے کے صولو سے بیاہ نہیں کرنا"۔ " تو کس سے کرنا؟ جمرے کو تو ہم نے صاف انکار کر دیا ہے۔" دادی نے انکشاف کیا۔ اور اس پر کالا شیش ناگ حملہ آور ہوا۔ وہ چیخی "کس سے پوچھ کر پھوپھی کو انکار کیا! کس سے!"​
"اب ٹکے ٹکے کے بچوں سے پوچھنا پڑے گا کہاں رشتہ دینا کہاں نہیں ۔" چاچی ہاتھ نچا نچا کر بولی۔ "اس کے چونچلے دیکھو پہلے ایک گائے کے بیچنے ہر اتنا رولا اور اب پھر بدتمیزی شروع کر دی"​
اس نے نمکین آنسو لبوں میں جذب کرتے ہوئے اماں کی طرف دیکھا جو کھاٹ پر اکڑوں بیٹھی ہوئی تھی۔ "پتر تجھے مسئلہ کیا ہے۔ تیرے بھلے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور صولو اپنا پتر ہی تو ہے۔" اماں نے بُجھے سے لہجے میں کہا۔​
"چاچے نے بھی کچھ نہیں بولا!" دادا کو اسی طرف آتے دیکھ کر اس کی آواز دھیمی ہو گئی تھی" سب کا مشترکہ فیصلہ ہے اور تجھے ماننا پڑے گا۔" دادی نے جیسے دوٹوک فیصلہ سنا دیا۔​
ہفتے دو اس نے گھر میں خوب ہلہ مچا رکھا۔ "تم لوگوں نے مجھے بھی سجری سمجھ رکھا۔ وہ چیختی۔ پہلے تو گھر کی خواتین نے بات دبا رکھی۔ کہ سجری کی طرح اب بھی خاموش ہو جائے گی۔​
لیکن اس کے شور نے مَردوں کا دھیان بھی اس طرف لگا دیا۔ دادا نے تو اس کی خوب خبر لی ۔ البتہ چاچے نے سرد لہجے میں عورتوں کو کہہ دیا کہ اسے سمجھائو۔ نادانی کی باتیں نہ کرے۔​
اس نے اپنی بات منوانے کے سو جتن کر دیکھے۔ اماں کے پائوں پکڑے۔ دادی کے ساتھ بحثیں کیں۔ چاچی سے منہ ماری کر لی۔ پھوپھی کے زریعے چاچا کو کہلوا بھیجا کہ پھر سے سوچو۔ مگر بڑوں کا فیصلہ نہ بدلنا تھا نہ بدلہ۔​
ادھر اس کا اٹل رویہ دیکھ دیکھ اماں کا دل کڑھتا۔ لیکن بے بس!​
دیہاڑے طے کرنے سے ہفتہ ایک پہلے چاچا، اماں کو سختی سے کہہ گیا " بھرجائی! شگوفے سے کہو مہمان آنے والے ہیں۔ اپنا رونا دھونا ختم کرے۔ مجھے کسی طرح کا تماشا نہیں دِکھانا شریکوں کو۔"​
اس رات وہ لیٹی چھت کی بَلیاں گن رہی تھی جب اماں اس کے پاس آ بیٹھی۔ "شگوفے پتر اپنی ماں کی عزت رکھ لے۔" اماں کی آواز بھرا گئی ۔​
وہ تڑپ اٹھی۔ "اماں میں نے کِیا کیا ہے؟ "​
"میرے بچے تو نے کچھ نہیں کیا لیکن اگر تیری ضد ایسے ہی رہی تو بہت کچھ ہو جائے گا۔ تو نہ بھی بولے تو میں تیرے درد کو سمجھتی ہوں۔ " میرا درد سمجھتی ہوتی تو سجری کو نہ بکنے دیتی۔" اس نے اپنا رونا چہرہ اماں کی گودی میں رکھ دیا۔ "سجری کو اس لئے بیچا کہ پیسوں کی ضرورت تھی تیرے بیاہ کے لئے۔" اماں جب میں کہہ چکی کہ بیاہ نہیں کرنا تو پھر یہ تکرار کیوں!" شگوفے تیز لہجے میں بولی۔​
"میرے بچے اب کچھ نہیں ہو سکتا، جمرو کا خیال دل سے نکال دے، ورنہ ساری زندگی طعنے سنتی رہے گی۔ تیری پھوپھی کی مِنتیں کرنے کے باوجود چاچا اور دادا نہیں مانے۔" "اماں! جمرو کی بات کہاں سے آگئی! میں صرف صولو سے بیاہ ناں کرنے کی بات کر رہی۔ تو چاچا کو سمجھاتی کیوں نہیں؟" اس نے ایسے درد بھرے لہجے میں کہا کہ اماں کا کلیجہ کٹ کر رہ گیا۔ وہ شگوفے کو خود سے لپٹا کر نرمی سے بولی۔" میرے بچے میں سب جانتی ہوں۔ سب سمجھتی ہوں۔ لیکن تجھے اپنے تائے کی بہو بننا ہے۔ خدا کے واسطے ضد چھوڑ" اور پھر اماں نے اس کے پیروں میں اپنا دوپٹہ ڈال دیا۔ شگوفے کے آنسو ماں کا دوپٹہ بھگونے لگے۔ اسے لگا جیتے جی گاڑ دی گئی ہو۔ جیسے سارے آسمان کا بوجھ اس کے پیروں پر ہو۔ اور چھت کی بَلیاں ، سارے شہتیر اس کی ٹانگوں پر آگرے ہوں۔ وہ اچھل کر کھاٹ سے نیچے اتر ی اور اماں کے گلے لگ گئی۔ اماں بھی رو رہی تھی ۔ پھر دونوں کی ہچکی بندھ گئی۔​
دیہاڑوں والے دن خوب رونق رہی۔ چاند کی تیرہویں کو بارات آنا ٹھہری۔​
بوڑھی مائیوں نے خوب ٹپے گائے۔ اور شام کو ڈھولک بھی رکھوا لی گئی۔ شادی والے گھر میں محلے کی لڑکیوں نے خوب ہنگامہ برپا کئے رکھا۔ اس پر کپڑے لتے، سامان کی تیاری، مہمانوں کے بکھیڑوں میں شگوفے سب کچھ بھلائے بیٹھی تھی۔ سوائے سجری کے۔ وہ دو بار جا کر مِدے کے تھان میں بندھی ، بجھی بجھی سجری سے مل کر آئی تھی۔​
مایوں بیٹھنے سے پہلے وہ مِدے کی لڑکی کو مہندی کا تھال دے کر سجری کی طرف بھجوا چکی تھی۔​
لڑکیوں نے اس کے ہاتھوں پر پھول بوٹے بنائے اور بیچ کہیں "صولت " بھی لکھ دیا۔ ڈھولک کی تھاپ پر ماہئے گائے جاتے اور زو معنی فقروں سے شگوفے کو چھیڑا جاتا۔ ہنسی کے فوارے چھوٹ رہے تھے۔ لڑکیاں بھی گلنار ہوئی جاتیں۔ ساتھ والے کھیت میں دیگیں کھڑک رہی تھیں۔ بارات کے لئے تمام انتظامات مکمل تھے۔ بڑے بوڑھے بیٹھے حقے سے دھویں کے مرغولے چھوڑ رہے تھے۔ اماں ادھر ادھر پھرتی رہی ۔ شگوفے کو لگا کہ وہ اس سے نظریں چرا رہی ہے۔​
آسمان بادلوں سے ڈھکا ہوا تھا اور سبھی دعا مانگ رہے تھے کہ کل کا دن سوکھے میں گزر جائے۔ شگوفے من ہی من میں دعا کرتی رہی۔ " اللہ جی اتنی بارش برسے کہ سارے نالے چڑھ جائیں، باراتیوں کو رستہ ہی نہ ملے آنے کا"۔​
صبح بارات خیر سے پہنچی، کھانے کے بعد نکاح ہوا اور جلد رخصتی کی گردان شروع ہو گئی۔ ابھی لڑکیوں نے کوئی رسم بھی نہ کی تھی کہ ٹھنڈی ہوائوں میں سیلن بڑھ گئی۔ بَڑوں نے بہتر جانا اور ڈولی منگوا لی گئی۔ شگوفے گھونگٹ میں خشک دِیدوں کے ساتھ سوچ سے عاری سب سے مِلتی ملاتی ڈولی میں جا بیٹھی۔ ڈولی جب سجری کے سُونے تھان کے سامنے سے گزری تو اس کی آنکھوں میں جڑی لگ گئی۔​
آدھے راستے میں بارش نے تیزی پکڑ لی۔ کچے، ناہموار، ڈھلوانی، پہاڑی رستے پر لُڑکھتے ، پِھسلتے لڑکوں نے ڈولی کو پانچ میل دور منزلِ مراد پر پہنچا ہی دیا۔ استقبال کے لئے موجود سسرالی عورتوں نے ڈولی سے نکالتے ہوئے رسمیں پوری کیں۔ سجی سنوری دلہن کو کاغذی پھولوں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجے حجلہ عروسی میں پہنچا دیا گیا۔​
گائوں، محلے کی عورتیں، لڑکیاں نئی دلہن کو دیکھنے اکھٹی ہو گئیں۔ کمرے میں اور باہر برآمدے میں شور مچا ہوا تھا۔ کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی۔ دھیرے دھیرے باقی باراتی بھی پہنچنا شروع ہو گئے ۔ رسموں کے لئے دلہا کو بلایا گیا۔​
نندوں نے اپنے شوق پورے کرنے شروع کئے۔ شگوفے اوپرے دل سے سب کرتی رہی۔ درد کی شدت سے اس کا سر پھٹا جا رہا تھا۔ بے آرامی، بے خوابی اور تھکن کے ساتھ ڈیڑھ دو گھنٹے کی رسمی بےگار نے اس کی طبعیت زیادہ خراب کر دی۔ اس کا جی گھبرایا اور قے ہو گئی۔ سب کو کمرے سے نکال کر ساس نے دوا کھلائی، دودھ پلایا اور آرام کے لئے اکیلا چھوڑ دیا۔​
گرم بستر میں لیٹتے ہی دوا کے اثر سے شگوفے غنودگی میں چلی گئی۔ باہر کے شور سے آنکھ کھلی تو کمرے میں گُھپ اندھیرا تھا۔ وہ دائیں طرف موجود باری کے کواڑ کھول کر باہر دیکھنے لگی۔ باری کی سلاخوں کو پکڑے وہ سامنے کے دَندے کو دیکھ رہی تھی۔ "میں قید میں ہوں! یا یہ درخت!" اس نے خود کلامی کی۔​
چندا کی روشنی سے اٹھکلیاں کرتیں بدلیاں برسنے کو سوچ رہی تھیں۔ ٹھنڈی ہوا اس کے چہرے کو یخ بستہ کر رہی تھی۔ نیچے دائیں طرف والے کھَتے میں بڑا تمبو لگا کر بارش سے بچنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ شگوفے آنکھیں پھاڑے مشاہدہ کرنے لگی۔​
ایک طرف گڑھے چولہے میں آگ جل رہی تھی۔ ساتھ دیگیں پڑی تھیں۔ دوسری طرف چند مرد ٹَب اور ٹوکرے کے گرد بیٹھے برتن دھو رہے تھے۔ یقینا صبح کے ولیمے کی تیاری چل رہی تھی۔​
کھیت کے دوسری طرف سے ایک آدمی کسی جانور کو کھینچتا ہوا کونے میں لے گیا۔ اس کا انداز قصائیوں والا تھا۔​
تین چار مرد اس کے آگے پیچھے ہو گئے۔ ایک لڑکا گیس لیمپ اٹھائے ان کے قریب گیا ۔ روشنی میں منظر واضح ہوا تو شگوفے کی جان نکل کر رہ گئی۔ مِدا قصائی سجری کی ٹانگوں میں اڑنگا لگا رہا تھا۔ اس نے چیخنا چاہا تو آواز نے ساتھ چھوڑ دیا۔ اس کی ٹانگیں کانپنے لگیں۔ اسے چھری کی تیز دھار اپنے گلے پر محسوس ہونے لگی۔ اس نے پوری قوت سے سلاخوں کو جھنجوڑ ڈالا۔ اس کے دماغ نے صدمہ برداشت کرنے سے انکار کیا اور وہ بےہوش ہو کر گر پڑی۔​
کس نے اٹھا کر بستر پہ رکھا۔ کون کون کمرے میں آیا۔ کس نے اس کو دھونی دی۔ اسے کچھ خبر نہیں ہوئی۔​
نسوار، سگریٹ اور سڑے پھلوں کی ملی جلی بو اس کے عصاب سے ٹکرائی تو اس کی حساسیت جاگ اٹھی۔ اسے کاٹے جانے کا احساس ہو رہا تھا۔ جیسے کسی نے تیز چھری چلائی ہو۔ اس کا بدن دُکھ رہا تھا جیسے زور سے بھینچا گیا ہو۔ اسے عریانی کا خیال آیا۔ اس کے جسم پر برائے نام کپڑے تھے۔ "مجھے بےلباس کس نے کیا۔" وہ خود سے پوچھ رہی تھی۔ کمرہ خراٹوں کی آواز سے گونج رہا تھا۔ اسے لگا پرلے آموں کی کالی چٹانوں میں ہزروں جھینگر مل کر اس کا مذاق اڑا رہے ہیں۔​
وہ بیٹھ گئی اور اندھیرے میں اپنا لباس ٹٹولنے لگی۔ اس کا ہاتھ کسی جسم سے ٹکرایا اس کے بدن میں خوف بجلی بن کر دوڑا۔ وہ پلنگ سے نیچے اتری اور باری کھول دی۔ سیلی ہوا کا جھونکا اس کے بدن سے ٹکرایا تو وہ قدرے حواسوں میں لوٹی۔ چاند کی ہلکی ہلکی روشنی میں وہ کچھ دیکھنے کے قابل ہوئی، اس کا گوٹے کناری والا سنہری جوڑا پلنگ کی پائینتی پڑا تھا۔​
نیچے کے کھَتے سے آتی آوازوں نے اسے سلاخوں سے باہر جھانکنے پر مجبور کر دیا ۔ مِدا قصائی گوشت کے ٹوٹے بنا رہا تھا۔ ساتھ ہی لیمپ کے پاس سجری کی کھال پڑی تھی۔ شگوفے چیخ چیخ کر رونے لگی۔ لیکن خراٹوں کی آواز اس کی چیخوں پر حاوی تھی۔​
 
شعور و احساس کو بیدار کرتی ہوئی تحریر۔۔۔!
ماشاءاللہ خوب لکھا عمران صاحب ۔اللہ کرے زور فکر و قلم اور زیادہ۔
شئیر کرنے کا بہت شکریہ۔
 

نایاب

لائبریرین
شعور واحساس پر گہری ضرب لگاتے سحرزدہ کردینے والی تحریر ۔
بلاشبہ " کلاسیک " ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہت ہی خوب شراکت ۔۔۔۔۔۔
 

عمران اسلم

محفلین
عمران اسلم صاحب یہ تحریر آپ کی اپنی ہے تو بہت بہت مباکباد کہ اتنا اچھا لکھا آپ نے ۔۔۔ ۔ روحانی بابا خوش ہوئے
جی خود ہی تحریر کرنے کی سعی کی ہے۔
یعنی بندے کے روحانی درجات بلند ہو سکتے ہیں۔:)
پسندیدگی کے لئے ممنون ہوں۔
 

عمران اسلم

محفلین
بہت ہی عمدہ تحریر ہے۔(y)
ایسی جھوٹی "عزت" پر لعنت(n) :mad:

جناب محسن بہت شکریہ۔
اللہ نے مردوں کو اگر قوام بنایا ہے تو اس کے لئے زمہ داریاں بھی انتہائی کڑی سونپی ہیں۔ اللہ ہمیں اپنی زمہ داریاں اور فرائض سے بطریقِ احسن ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اور انانیت کا شکار ہونے سے بچائے۔ امین۔ اور اس سلسلے میں خواتین کا کردار بھی مثبت رویوں کا متقاضی ہے۔
 

عمران اسلم

محفلین
شعور واحساس پر گہری ضرب لگاتے سحرزدہ کردینے والی تحریر ۔
بلاشبہ " کلاسیک " ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔
بہت ہی خوب شراکت ۔۔۔ ۔۔۔

میرے محترم انتہائی ممنون ہوں ۔ اگر آپ کو ایسا محسوس ہوا تو یقینا میرا لکھنا کچھ حثیت رکھتا ہے۔
جزاک اللہ
 

عمران اسلم

محفلین
میرے محترم جناب آسی سے درخواست ہے کہ خصوصی شفقت فرما کر تنقیدی نظر ڈالئے۔
بندہ اصلاح کے لئے ارشادات کا منتظر رہے گا۔
 
یہ تو میں پہلے بھی دیکھ چکا ہوں عمران اسلم صاحب۔
اتنی اچھی تحریر دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی۔
اس پر تفصیلی ہی نہیں جزئیاتی گفتگو کی ضرورت ہے، کہ اِس کے محاسن کھلیں۔ کسی وقت تفصیل سے بات کروں گا۔
ان شاء اللہ۔
 

الف عین

لائبریرین
کمپائل کر کے اپنے افسانوں کا مجموعہ برقی کتابوں کے لئے بھیج دیں۔ میرے کوائف نامے میں میری ای میل آئی ڈی بھی کہیں ہے۔
 
Top