اصل میں دلدر کا مفہوم افلاس و نکبت سے لے کر نحوست تک کو محیط ہے۔ بحر الفصاحت کے مطابق ہندو دیوالی کی صبح کو رات کا کوڑا کرکٹ اکٹھا کر کے اس پر ایک پرانا چراغ جلا دیتے ہیں اور اس رسم کو دافعِ بلیات خیال کرتے ہیں۔ یہ رسم دلدر نکالنا کہلاتی ہے۔ باقی طرز ہائے اظہار از قسم دلدر دور ہونا، دلدر بھاگنا، دلدر پار ہونا، دلدر جانا وغیرہ سادہ طور پر نحوست یا ابتلا کے دور ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔