بھارت میں انٹر نیٹ استعما ل کرنے والے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق بھارت میں اس وقت انٹر نیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد تقریباً پانچ کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ شہری علاقوں میں انٹر نیٹ استعما ل کرنے والے صارفین کی تعداد 4 کروڑ جبکہ دیہی علاقوں میں تقریباً 90 لاکھ صارفین انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔ ایک آن لائن تحقیقی اور مشاورتی فرم نے بھارت کے چالیس شہروں اور 160 قصبات میں تحقیق کے بعد کہا ہے کہ شہری علاقوں میں تقریباً 10 فیصد لوگ آن لائن ہوتے ہیں اور یہ شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد زیاد ہے۔ 70 فیصد صارفین ہندوستانی زبانوں میں انٹر نیٹ پر لاگ ان ہوتے ہیں جبکہ انگریزی زبان استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 28 فیصد ہے۔ اسی طرح خواتین صارفین کی تعداد 20 فیصد سے بھی کم ہے 51 فیصد نیٹ صارفین ایسے ہیں جو بڑی بڑی کمپنیوں میں کام کر رہے ہیں۔ جائزے کے مطابق انٹر نیٹ کا زیادہ استعمال جنوبی ہندوستان میںہورہا ہے جبکہ ملک کی مشرقی ریاستوں میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بہت کم ہے۔