کیا دیا شیخ حرم نے جُز جہالت ، بول نا - مسعود منور

صائمہ شاہ

محفلین
کیا دیا شیخ حرم نے جُز جہالت ، بول نا
مُلکوں ، مُلکوں کردی رُسوا ساری اُمت بول نا

کیا فحاشی اور بدکاری کی لعنت مٹ سکی؟
کون سی اکسیر ہے تیری عبادت ، بول نا

کیا عقائد کے فسوں سے ذہن بھی بدلے گئے؟
کم ہوئی کیا حکمرانوں کی خباثت ، بول نا؟

جو تریسٹھ سال میں انصاف دے پائے نہیں
اُن ججوں کا عدل کیا ، اور کیا عدالت ، بول نا؟

جن مساجد میں ہوں رشوت خور سارے مقتدی
اُن اماموں کو ہو کیا پاسِ امامت ، بول نا


کیا کبوتر امن کے اُڑ کر بچا پائے زمیں
روک پائیں فاختائیں ، قتل و غارت ، بول نا؟

کاٹ کر توحید کو، ٹُکڑے بہتر کر دیے
فرقہ بندی ہے فقیہوں کی شرارت ، بول نا؟

جو کرپشن اور رشوت کو سمجھتی ہو حلال
وہ کہاں ہوگی محمد کی جماعت ، بول نا؟

یہ جو روٹی کے لیے مسعود، ہیں منبر نشیں
ان کے وعظوں کی نہیں ، ہم کو ضرورت ، بول نا
 

تلمیذ

لائبریرین
بہت عمدہ انتخاب!!
مسعود منور صاحب غالبآ ناروے میں مقیم ہیں اور ان کا پنجابی کلام بھی بہت اعلیٰ ہے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت عمدہ انتخاب!!
مسعود منور صاحب غالبآ ناروے میں مقیم ہیں اور ان کا پنجابی کلام بھی بہت اعلیٰ ہے۔

جی تلمیذ صاحب، ناروے میں مقیم ہیں اور وہیں سے پاکستانیوں کو پند و نصائح بھجواتے رہتے ہیں کہ پاکستانیوں کو فلاں کرنا چاہیے اور فلاں نہیں جبکہ خود پاکستان میں اس ڈر سے نہیں آتے کہ پاکستان کے حالات خراب ہیں۔ :)
 

تلمیذ

لائبریرین
درست، اور وچار ڈاٹ کام پر ان کا کلام ہمیشہ حکومت اور مذہبی پیشواؤں کے خلاف ہی ہوتا ہے۔
 

صائمہ شاہ

محفلین
درست، اور وچار ڈاٹ کام پر ان کا کلام ہمیشہ حکومت اور مذہبی پیشواؤں کے خلاف ہی ہوتا ہے۔
بیرونِ ملک رہنے والوں کا یہی المیہ ہوتا ہے ہمیشہ وطن کی یاد میں کڑھتے اور غم میں گھلتے رہتے ہیں اور یہی کچھ شائد پاکستان میں رہنے والے بھی کرتے ہیں کم از کم باہر رہ کر بھی اپنے اندر اپنے وطن کو تو زندہ رکھا ہے
 
Top