تو آپ لوگوں تو باتیں ہی کرتے رہ گئے۔ ہم نے ایک گورے کی عطا کردہ مفت کتاب کی تلخیص شروع کر دی ہے۔
گورا صاحب فرماتے ہیں، سب سے پہلے آپ طے کریں کہ آپ نے کن افراد کو ٹارگٹ کرنا ہے، یعنی کہ ہدف بنانا ہے۔ جن افراد تک آپ ویڈیوز پہنچانا چاہتے ہیں، ان کے متعلق ایک تصور قائم کر لینا مفید رہتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ کھیل کود کے شوقین ہیں تو اس کے حوالے سے ویڈیوز پوسٹ کیجیے تاہم اس طرح آپ کے موضوع کا دائرہ بڑا ہو گا؛ اس کی تحدید کریں۔ مثال کے طور پر آپ کرکٹ یا ہاکی وغیرہ پر ویڈیوز بنا لیں تاکہ آپ موضوع کی حد بندی ہو جائے، موضوع ذرا سکڑ جائے۔ آگے چل کر گورا صاحب اس سوچ میں پیچاں و غلطاں پائے جاتے ہیں کہ کیا آپ پیشہ ور فرد ہیں یعنی ویڈیوز بنانا آپ کا پروفیشن ہے یا آپ شوقیہ طور پر اس میں کود پڑے ہیں؟ تو جناب ہم مزید مختصر کیے دیتے ہیں؛ یہاں زیادہ تر افراد شوقیہ طور پر یا ایک شغل کے طور پر اس جانب آ نا چاہتے ہیں، اس لیے مزید سردردی سے بچنے کے لیے پیشہ ور ویڈیوز والے حصے کو ہم سکپ کر رہے ہیں یعنی کہ اس سے کنی کترا رہے ہیں اور اب ہم شوقیہ طور پر اس طرف آنے والوں کو ذہن میں رکھ کر آگے بڑھیں گے۔
اب گورا صاحب آپ کے لیے ایک ٹاسک سامنے لاتے ہیں۔
1۔ اس مثالی فرد کا تصور کریں کہ جن تک آپ ہر صورت ویڈیو پہنچانا چاہتے ہیں۔ اس شخص کو کیا پسند ہے؟ اس کی عمر کیا ہے؟ اس کے مسائل کیا ہیں؟ اس کی تعلیم کیا ہے؟ وہ آن لائن کیا کچھ دیکھنے کا آرزو مند ہے؟ اور سب سے اہم یہ کہ، اس کے نزدیک اہم ترین شے کیا ہے، یعنی وہ کس بات کو بہت اہمیت دیتا ہے یا دیتی ہے؟ بس اس پر سوچتے جائیں کیونکہ اس غریب نے ایک دن آپ کے چینل کو سبسکرائب کروانا ہے۔ پس آپ ویڈیو کو ایک شے تصور کریں جسے خریدار یعنی کہ سبسکرائبر نے خریدنا ہے۔
آگے بڑھیں؟
اب کچھ پریکٹیکل ہو جائے۔ آپ کے چینل کا ایک ہیڈر امیج ہو گا جو سب سے اوپر ایک تصویر کی شکل میں ہوتا ہے۔ عام طور پر آپ کے چینل پر آنے والے اسی کی جھلک دیکھتے ہیں اس لیے یہ تصویر جاندار ہونی چاہیے۔ اگر آپ کے چینل پر آنے والا تصویر دیکھ کر بھاگ جائے تو بعد میں ہم سے گلہ نہ کیجیے گا۔ یہ تصویر ہی بتا دے گی کہ آپ کا چینل کس متعلق ہے اس لیے اس پر ذرا محنت کر لیں۔ کسی دوست سے کوئی آرٹ ورک کروا لیں۔ یا پھر ۔۔۔ !!! جی ہاں، گوگل سے کوئی فری امیج اٹھا لیں، اگر دستیاب ہو۔
اب آپ کے چینل پر ایک اور سہولت ہو گی کہ آپ وہاں اپنے چینل کا ایک ٹریلر دکھا سکتے ہیں۔ متحرک شے زیادہ متاثر کرتی ہے، ہے نا؟ اگر پہلا تاثر اچھا پڑ چکا تو اب یہ ٹریلر بھی دیکھا جائے گا۔ اس طرح کا ٹریلر تخلیق کریں کہ جو فرد آپ کے چینل پر پہلے نہ آیا ہو، اسے بھی معلوم پڑ جائے کہ آپ کیا حشر ڈھانے جا رہے ہیں۔
بندہ سوچے کہ اس چینل میں کچھ تو ایسا ہے کہ اسے سبسکرائب کروا لیا جائے۔ یہ ٹریلر 30 سیکنڈ سے ایک منٹ تک کا ہونا چاہیے۔ اس ٹریلر میں کیا ہو؟ ایک تو یہ کہ وزٹ کرنے والے کو معلوم ہو کہ آپ کون ہیں؟ چینل کس متعلق ہے اور یہ ان کے کس کام آ سکتا ہے۔ بہتر ہو گا کہ آپ پوسٹ پبلش کرنے کے شیڈول سے بھی انہیں مطلع کر دیں۔ امید ہے، وہ یہ چینل سبسکرائب کروا لیں گے۔ سکرپٹ کا خاص دھیان رکھیے گا۔ گرامر کی غلطیاں نہ ہوں، اس حوالے سے اردو محفل کے یوٹیوب استاد عبدالقدیر تعلیم ہی تعلیم فیم سے مدد طلب کی جا سکتی ہے۔ اللہ آپ پر رحم کرے۔
مزید آگے بڑھتے ہیں،
اگر آپ نے چینل کا ٹریلر بنا لیا، سکرپٹ تحریر کر لیا، تو اب اسے چینل پر پبلش کر دیں۔
پہلی قسط اختتام پذیر ہوئی؛ پندرہ بیس منٹ کی محنت کی داد دیجیے گا۔