گدھے کے کان

پرتگال کی لوک کہانی​
گدھے کے کان
فاطمہ مسعود، راولپنڈی​
ایک بادشاہ تھا۔ اس کی کوئی اولاد نہ تھی۔ اسے بچوں سے بہت پیار تھا۔ وہ اسی وجہ سے بہت اداس رہتا تھا۔ آخر اس نے اس سلسلے میں پریوں سے مدد مانگی۔ اس نے جب پریوں کو اپنا حال سنایا تو پریوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر اندر تمہارے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوگا۔
بادشاہ یہ سن کر بہت خوش ہوا۔ پھر ایک سال کے اندر اندر بادشاہ کے ہاں ایک بچہ پیدا ہوا۔ تینوں پریوں نے آ کر شہزادے کو تحفے دیے۔
پہلی پری نے کہا، "تم دنیا کے سب سے خوبصورت شہزادے ہوگے۔"
دوسری پری نے کہا، "تم دنیا کے سب سے عقلمند اور نیک دل شہزادے ہوگے۔"
تیسری پری نے سوچا کہ ان پریوں نے تمنام خوبیاں شہزادے کو دے دی ہیں۔ ایسا نہ ہو کہ یہ مغرور ہوجائے۔ اس نے کہا، "شہزادے! تمہارے کان گدھے کے کانوں جیسے ہوں گے۔ تاکہ تم مغرور نہ ہوجاؤ۔"
اس کے بعد تینوں پریاں غائب ہوگئیں۔ شہزادہ بہت خوبصورت، عقلمند اور نیک دل تھا، لیکن اس کے کان گدھوں جیسے تھے۔
بادشاہ نے اب تک یہ عیب لوگوں سے چھپایا تھا۔ اس نے اس ڈر سے بہت دن تک شہزادے کے بال تک نہ کٹوائے تھے۔ آخر اس نے نائی کو بلوا کر اسے محل ہی میں رکھ لیا۔
نائی پر اس راز کا بہت بوجھ تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ کسی کو یہ راز بتا کر ہلکا ہوجاؤں۔
آخر ایک دن تنگ آ کر اس نے ایک فقیر کو یہ راز بتا دیا۔ فقیر نے کہا، "ایک جنگل میں جاکر ایک گڑھا کھودو اور اس گڑھے کو سب کچھ بتادو۔ اس طرح تمہارے دل کا بوجھ ہلکا ہوجائے گا۔"
جس جگہ نائی نے گڑھا کھودا تھا وہاں کچھ دنوں بعد ایک سرکنڈا اگ آیا۔ ایک دن ایک گڈریا وہاں سے گزرا۔ اس نے جب سرکنڈا دیکھا تو اس کو توڑ کر اس سے بانسری بنالی۔ جب اس نے بانسری بجائی تو اس میں سے یہ آواز نکلی:
"یہی کہے ہر ایک زبان​
شہزادے کے گدھے کے کان"​
سارے ملک میں یہ بات پھیل گئی کہ شہزادے کے کان گدھے جیسے ہیں۔ بادشاہ غصے میں آگیا۔ اس نے سوچا کہ ضرور نائی نے یہ بات بتائی ہے۔ اس نے نائی کی پھانسی کا حکم دے دیا۔
شہزادے نے جب یہ سنا تو نائی کی جان بخشی کی درخواست کرتے ہوئے کہا، "ابا جان! آپ نائی کو سچ بولنے کی سزا دے رہے ہیں۔ اللہ نے چاہا تو میں اس عیب کے ہوتے ہوئے بھی رعایا کا محبوب بادشاہ ہوں گا۔"
بادشاہ کا دل پسیج گیا۔ اس نے نائی کو معاف کردیا۔ اچانک شہزادے کے کان بالکل صحیح ہوگئے، کیوں کہ پری کو یہ بات معلوم ہوگئی تھی کہ شہزادہ واقعی خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ نیک دل بھی ہے اور یوں سب ہنسی خوشی رہنے لگے۔
(ہمدرد نونہال، اگست ۱۹۸۸ سے لیا گیا)
 
oDqIb.jpg

 
میں بھی بچپن میں یہ کہانی سنتا تھا، یہاں پڑھ کر اچھا لگا، لیکن نامکمل معلوم ہو رہی ہے۔ اچھی طرح یاد نہیں بس شعر یاد ہیں۔

بانسری کی آواز جیسا کہ آپنے لکھا
یہی کہے ہر ایک زبان
شہزادے کے گدھے کے کان
طبلہ کی آواز​
کنّے کہا کنّے کہا کنّے کہا (کس نے کہا کس نے کہا کس نے کہا )​
ڈھول کی آواز​
ببّن نائی ببّن نائی ببّن نائی​
اس طرح نائی کا بھید کھلا!​
 
Top