فخرنوید
محفلین
گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر اور سائنس گروپ میں بھی اول آنے والے واپڈا ایمپلائز ٹاؤن کے فیڈرل سائنس کالج کے انعام الرحمان ولد میاں عبدالرحمان ایڈووکیٹ نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ میری پسندیدہ شخصیت حضرت محمدؐ ہیں جبکہ مستقبل میں ڈاکٹر بننے کا ارادہ ہے۔ ٹیوشن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ضروری نہیں ہے جبکہ موجودہ تعلیمی و سیاسی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سے پڑھائی متاثر ہوتی ہے مگر زیادہ نہیں۔ مجموعی طور پر دوسری اور سائنس گروپ طالبات میں اول پوزیشن لینے والی قائداعظم پبلک کالج کی طالبہ حمیرا جاوید ولد ڈاکٹر آصف جاوید نے کہا کہ میری پسندیدہ شخصیت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ہیں اور مستقبل میں باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ڈاکٹر بن کر دکھی عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ٹیوشن پڑھنی چاہئے اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ روزانہ چار گھنٹے پڑھ کر اور والدین و اساتذہ کی دعاؤں محنت کے بل بوتے پر کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام سے مطمئن ہوں مگر سیاسی حالات سے مکمل طور پر مطمئن نہیں جبکہ لوڈشیڈنگ پڑھائی پر بری طرح اثر انداز ہوئی۔ مجموعی طور پر بورڈ میں تیسری اور سائنس گروپ طالبات میں دوسری پوزیشن لینے والی جدید دستگیر آئیڈیل گرلز ہائی سکول کی دونوں ہم نام طالبات آمنہ ایوب اور آمنہ ذوالفقار کا مستقبل میں ڈاکٹر بنے کا ارادہ ہے جبکہ دونوں کا کہنا ہے کہ ٹیوشن نہیں پڑھنی چاہئے۔ دونوں تعلیمی نظام سے مطمئن ہیں مگر سیاسی نظام سے نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے پڑھائی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کی آئیڈیل شخصیات قائداعظم اور علامہ اقبال ہیں۔ سائنس گروپ طلبہ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے گورنمنٹ پبلک ہائیر سیکنڈری سکول کنجاہ کے طالبعلم سید ابتہاج الحسن بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ سکول کے علاوہ گھر میں بیس گھنٹے روزانہ پڑھتا تھا۔ مستقبل میں الیکٹریکل انجینئر بننے کا ارادہ ہے جبکہ آئیڈیل شخصیت ڈاکٹر عبدالقدیر خاں ہیں۔ ٹیوشن پڑھنا ٹھیک ہے مگر ہمارے ملک کے سیاسی حالات درست نہیں ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے پڑھائی پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں تاہم امتحانی نظام سے بہت کم مطمئن ہوں۔ سائنس گروپ طلبہ میں تیسری پوزیشن لینے والے قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول کے طالبعلم محمد علی بٹر نے کہا ہے کہ میری پسندیدہ شخصیات حضرت محمدؐ، قائداعظم اور علامہ اقبال ہیں۔ مستقبل میں ڈاکٹر بننے کا ارادہ ہے۔ ٹیوشن پڑھنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ تعلیمی نظام سے مطمئن ہوں مگر سیاسی نظام سے نہیں جبکہ لوڈشیڈنگ نے پڑھائی کا مزا خراب کر دیا۔ میری کامیابی کی وجہ والدین او اساتذہ کی مرہون منت ہے۔ سائنس گروپ طالبات میں سوئم آنیوالی جدید دستگیر آئیڈیل ہائی سکول ماہم عروج ولد محمد عاشق نے کہا کہ میری پسندیدہ شخصیت قائداعظم ہیں۔ روزانہ آٹھ گھنٹے پڑھتی تھی۔ مستقبل میں ڈاکٹر بننے کا ارادہ ہے۔ ٹیوشن ضروری نہیں ہے۔ امتحانی سسٹم سے مطمئن ہوں، سیاسی نظام سے نہیں۔ لوڈ شیڈنگ سے پڑھائی متاثر ہوئی مگر زیادہ نہیں۔ آرٹس گروپ طلبہ کی تینوں پوزیشنیں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 کامونکی نے حاصل کیں۔ اول آنیوالے طالبعلم محمد عدنان نے کہا کہ میرے والد عبدالمجید ویلڈنگ کا کام کرتے ہیں اور انہوں نے محنت مزدوری کر کے مجھے پڑھایا ہے۔ میری آئیڈیل شخصیت میرے استاد رانا محمد صدیق ہیں۔ سکول اوقات کے علاوہ سارا دن سکول میں ہی رہ کر پڑھائی کرتا تھا۔ مستقبل میں جج بننے کی خواہش ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ہمیں بہت زیادہ متاثر کیا مگر ہم نے ہمت نہیں ہاری۔ ٹیوشن پڑھنی چاہئے، اس سے پڑھائی بہتر ہوتی ہے۔ امتحانی نظام درست ہے مگر سیاسی نظام بہت بڑا ہے۔ دوئم آنیوالے حافظ شرافت علی نے کہا کہ میرے آئیڈیل میرے استاد رانا صدیق ہیں اور وکیل بننا چاہتا ہوں۔ ٹیوشن پڑھ لینی چاہئے۔ لوڈ شیڈنگ پر بہت زیادہ اثر انداز ہوئی۔ تعلیمی نظام سے مطمئن ہوں مگر سیاسی نظام سے نہیں۔ سوم آنیوالے شاہ فیصل نعیم نے کہا کہ مستقبل میں بینک مینجر بنا چاہتا ہوں۔ والد فوت ہو چکے ہیں مگر محنت مزدوری کر کے پڑھتا ہوں کیونکہ پڑھائی میرا شوق ہے۔ میرے آئیڈیل میرے استاد رانا محمد صدیق ہیں۔ لوڈ شیڈنگ نے بہت کوشش کی کہ نہ پڑھوں مگر کوشش جاری رکھی۔ ٹیوشن پڑھنا چاہئے، کاش میں پڑھتا تو شائد اس سے بھی اچھی پوزیشن لیتا۔ تعلیمی نظام ہمارا ٹھیک ہے مگر سیاسی نہیں۔ آرٹس گروپ طالبات میں جدید دستگیر آئیڈیل گرلز ہائی سکول کی طالبہ عائشہ عمران نے کہا کہ میں روزانہ آٹھ گھنٹے پڑھتی تھی۔ میری آئیڈیل شخصیت قائداعظم ہیں۔ مستقبل میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ یا اکنامسٹ بننا چاہتی ہوں۔ ٹیوشن کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی کیونکہ ہمارا سکول بہت اچھا ہے۔ لوڈ شیڈنگ نے تو ہماری مت مار دی۔ امتحانی و سیاسی کسی نظام سے مطمئن نہیں ہوں۔ دوئم آنیوالی حیدر میموریل سیکنڈری سکول ساروکی کی طالبہ بختاور اقبال نے کہا کہ مستقبل میں لیکچرار بننے کا ارادہ ہے۔ پسندیدہ شخصیت نبی کریمؐ ہیں۔ ہمارا امتحانی سسٹم ٹھیک ہے مگر سیاسی نہیں۔ ٹیوشن کبھی نہیں پڑھی۔ لوڈ شیڈنگ سے پڑھائی کا نظام درہم برہم ہوتا رہا۔ سوئم آنیوالی جدید دستگیر آئیڈیل گرلز ہائی سکول کی طالبہ اقراء سرور نے کہا کہ مستقبل میں وکیل بننا چاہتی ہوں۔ موجودہ سیاسی نظام بارے کچھ نہیں جانتی البتہ امتحانی سسٹم ٹھیک ہے۔ پسندیدہ شخصیت میں خود ہوں۔ لوڈ شیڈنگ سے کچھ کچھ پڑھائی متاثر ہوئی۔