السلام علیکم،
کچھ روز قبل فاتح نے گوگل ٹرانسلٹریشن اے پی آئی کے ذریعے رومن اردو کی یونیکوڈ اردو میں کنورژن کے امکان کی جانب اشارہ کیا تھا۔ میں نے اس سلسلے میں کچھ تجربات کیے ہیں اور زیر نظر پوسٹ میں انہی تجربات کے نتائج کے بارے میں معلومات فراہم کر رہا ہوں۔
اگرچہ انٹرنیٹ پر تحریری اردو کا استعمال روز افزوں ترقی کر رہا ہے لیکن ابھی بھی انٹرنیٹ پر اردو کا بیشتر مواد تصویری اور رومن اردو کی صورت میں موجود ہے جو کہ گزشتہ ڈیڑھ عشرے سے زائد عرصے سے جمع ہو رہا ہے۔ آج بھی آپریٹنگ سسٹمز اور اپلیکیشن سوفٹویر میں یونیکوڈ کی مکمل سپورٹ کے باوجود انٹرنیٹ پر صارفین کی ایک بڑی تعداد رومن اردو کا استعمال کرتی ہے۔ گوگل کی جانب سے ٹرانسلٹریشن کنٹرول اور ٹرانسلٹریشن اے پی آئی مہیا کیے جانے کے بعد صارفین کے لیے ٹائپ کرتے وقت رومن اردو کو تحریری اردو میں تبدیل کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ لیکن ٹرانسلٹریشن کنٹرول کے استعمال میں ایک دشواری یہ پیش آتی ہے کہ اس میں پہلے سے موجود رومن اردو مواد کو کاپی پیسٹ کرکے تحریری اردو میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ صرف براہ راست ٹائپ کردہ مواد کو ہی تحریری اردو میں کنورٹ کرنا ممکن ہے۔ گوگل ٹرانسلٹریشن اے پی آئی میں کچھ لو لیول فنکشن بھی شامل ہیں جن کے ذریعے پہلے سے موجود رومن اردو مواد کو تحریری اردو میں تبدیل کرنے کی صورت پیدا ہو جاتی ہے، اگرچہ فی الوقت اس لو لیول اے پی آئی کا اس مقصد کے لیے استعمال بھی محدود پیمانے پر ممکن ہے۔ زیر نظر تحریر میں میں رومن اردو کو تحریری اردو میں کنورٹ کرنے کے لیے گوگل کی لو لیو ٹرانسلٹریشن کے استعمال کے بارے میں کچھ تجربات کے نتائج کے بارے میں معلومات فراہم کر رہا ہوں۔
گوگل کی لو لیول ٹرانسلٹریشن اے پی آئی کے استعمال سے مجھے یہ معلوم ہوا ہے کہ اس کے ذریعے فی الحال کئی الفاظ کی لسٹ کی اکٹھی ٹرانسلٹریشن کرنا ممکن نہیں ہے بلکہ ہر لفظ کو علیحدہ علیحدہ ٹرانسلٹریٹ کرنا پڑتا ہے۔ اس کے باعث کسی تحریر کو رومن اردو سے تحریری اردو میں کنورٹ کرنے کے لیے درکار وقت اس متن کی لمبائی کے راست متناسب ہوگا۔ ایک اور مسئلہ میرے مشاہدے میں آیا ہے کہ گوگل کی لو لیو ٹرانسلٹریشن اے پی آئی اے سنکرونس (asynchronous) ہے اور اس کا عمل مختلف براؤزر میں مختلف ہوتا ہے۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر میں یہ پرابلم پیش آتی ہے کہ تبدیل شدہ تحریری اردو متن میں الفاظ کی ترتیب اکثر رومن اردو والے متن کی ترتیب سے مختلف ہوتی ہے۔ اس کے باعث اس کنورژن کی افادیت ختم ہوجاتی ہے۔ میں نے اسے فائر فاکس پر بھی ٹیسٹ کیا ہے اور اس پر یہ درست کام کرتی نظر آ رہی ہے۔ فی الحال میں نے مزید براؤزرز پر اسے ٹیسٹ نہیں کیا ہے۔ میرا قیاس ہے کہ گوگل کروم پر بھی یہ ٹھیک کام کرے گا۔
میں نے گوگل کی لو لیول ٹرانسلٹریشن اے پی آئی کے ذریعے رومن اردو سے تحریری اردو میں تبدیلی کے لیے ایک ابتدائی پروٹوٹائپ تیار کیا ہے۔ جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے، اوپر والے ٹیکسٹ ایریا میں رومن اردو والا متن کاپی پیسٹ کرنے کے بعد Transliterate بٹن پر کلک کرنے سے نیچے والے ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل شدہ تحریری اردو متن ظاہر ہو جائے گا۔ نیچے والے ٹیکسٹ ایریا میں اردو ویب پیڈ ایڈیٹر فراہم کیا گیا ہے جس کے ذریعے کنورٹ کردہ متن میں ضرورت تصحیح کرنے میں سہولت ہو جاتی ہے۔ یہ ڈیمو
اس ربط پر موجود ہے۔
ذیل کی تصویر میں بھی اوپر والی مثال کی طرح رومن اردو کو تحریری اردو میں کنورژن دکھائی گئی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس مثال میں زیریں ٹیکسٹ ایریا میں اردو ویب پیڈ کی بجائے گوگل کا ٹرانسلٹریشن کنٹرول فراہم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بھی تبدیل شدہ متن میں ضروری تصحیح کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ ڈیمو
اس ربط پر موجود ہے۔
ذیل کی تصویر میں اسی ٹرانسلٹریشن پروٹوٹائپ کا انٹرنیٹ ایکسپلورر میں استعمال دکھایا گیا ہے۔ جیسا کہ تصویر سے ظاہر ہے، انٹرنیٹ ایکسپلورر میں الفاظ کی ترتیب گڑبڑ ہو رہی ہے۔
رومن اردو سے تحریری اردو میں تبدیلی کے تجربات کے لیے متن ان بے شمار رومن اردو فورمز اور ویب سائٹس سے حاصل کیا جا سکتا ہے جو کافی عرصے سے انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ چونکہ رومن اردو لکھنے کا کبھی کوئی باقاعدہ معیار موجود نہیں رہا ہے، اس لیے مختلف رومن اردو تحاریر کو اس طریقے سے تحریری اردو میں کنورٹ کرنے سے مختلف نتائج حاصل ہوں گے۔
اس مضمون میں پیش کردہ پروٹوٹائپ کا کوڈ ڈاؤنلوڈ کریں
میں امید کرتا ہوں کہ آپ رومن اردو سے تحریری اردو میں کنورژن کے ان ابتدائی پروٹوٹائپس کے استعمال کو مفید پائیں گے۔ مستقبل میں اگر گوگل کی جانب سے اس کی ٹرانسلٹریشن اے پی آئی کو بہتر اور استعمال میں آسان بنایا جاتا ہے تو رومن اردو سے تحریری اردو میں تبدیلی کا عمل بھی بہتر نتائج فراہم کر سکے گا۔