محمد خلیل الرحمٰن
محفلین
گیتانجلی
-2-
( منظوم ترجمہ از محمد خلیل الرحمٰن )
-2-
( منظوم ترجمہ از محمد خلیل الرحمٰن )
اپنی بزمِ طرب میں مرے ساقیا!
حکم دیتا ہے گانے کا جب تو مجھے
مجھ کو لگتا ہے دل میرے پہلو سے یکدم نکل جائے گا
تیرے چہرے پہ جب اک نظر ڈالتا ہوں تو آنکھوں سے آنسو چھلک جاتے ہیں
زندگی میں مری جتنے غم ہیں سبھی
ایک رنگین نغمے میں ڈھل جاتے ہیں
اور پرستش مری
ایک مسرور طائر کی مانند جو
آبجو پر زقندیں لگانے میں مصروف ہو
پر لگاکر عقیدت کے اُڑ جاتی ہے
میرا نغمہ تجھے جو خوشی بخشتا ہے مجھے علم ہے
صرف مطرب ہی بن کر میں تیرے حضور آسکا ہوں مجھے علم ہے
تیرے چرنوں کو چھونے کی خواہش مجھے اتنا اونچا اڑانے کے قابل نہیں
جتنا اونچا اڑاکر یہ نغمے مجھے
تیرے قدموں کے قابل بنادیتے ہیں
اس ستائش کے نغمے کی رنگین تانوں سے مسحور ہوکر
تجھے دوست کہہ کر میں یکدم بلاتا ہوں حیراں ہوں میں
تو جو مالک مرا، تو جو آقا مِرا
آخری تدوین: