ہجراں میں بس یہ مرحلہء دل شکن نہ ہو

عباد اللہ

محفلین
ہر آن خوف ہے کہ کہیں سوئے ظن نہ ہو
ہجراں میں بس یہ مرحلۂ دل شکن نہ ہو

دل میں لہو ہو اور وہ صرفِ سخن نہ ہو
گر چپ رہیں تو ہم کو میسر کفن نہ ہو

وہ دل ہی کیا جو خوگر رنج و محن نہ ہو
وہ حرف کیا کہ جس میں کوئی بانکپن نہ ہو

رونق میں خواہ نازشِ باغِ عدن نہ ہو
ویران اسقدر بھی مگر انجمن نہ ہو

صد حلقۂ تموج و طوفاں دم کلام
ہاں چاہیے پہ اتنا بھی دیوانہ پن نہ ہو

کیا خوبیِ بہار و صبا و چمن اگر
پھولوں کے ساتھ ساتھ وہ گل پیرہن نہ ہو
۔۔
میدانِ جنگ میں کوئی تشنہ دہن نہ ہو
اب حشر تک زمیں پہ کوئی ویسا رن نہ ہو

اتنی بھی برق ریز نہ ہووے کوئی نظر
اتنا بھی حشر خیز کوئی سیم تن نہ ہو

سننے کی تاب ہی نہ ہو ہچکی بندھی رہے
اتنا بھی جاں گداز کسی کا سخن نہ ہو

اس عہدِ کور میں ہے یہی شرطِ زندگی
دل میں کسی کے نور کی کوئی کرن نہ ہو

چھائی ہے کتنی بار ہمارے جنون پر
وہ بے دلی کہ شعر بھی سننے کا من نہ ہو
عباد اللہ
 

فرقان احمد

محفلین
وہ دل ہی کیا جو خوگر رنج و محن نہ ہو
وہ حرف کیا کہ جس میں کوئی بانکپن نہ ہو

رونق میں خواہ نازشِ باغِ عدن نہ ہو
ویران اسقدر بھی مگر انجمن نہ ہو
بہت اعلیٰ! سچ پوچھیے تو ہر شعر ہی جان دار ہے۔
 

عباد اللہ

محفلین
کیا ہی عمدہ غزل ہے عباد اللہ صاحب، واہ واہ، لاجواب۔
نوازش

بہت اعلیٰ! سچ پوچھیے تو ہر شعر ہی جان دار ہے۔
حسن نظر ہے آپ کا
واہ۔ اچھا دو غزلہ ہے۔ اصلاح سے ماورا
نوازش
کیا کہنے عباداللہ صاحب۔ بہت اعلیٰ
شکریہ
شاندار بھئی شاندار۔
نوازش
بہت شاندار!
اعلی اشعار!
تشکر
لاجواب۔
اور میں اسے بغیر اجازت پابندِ بحور شاعری میں منتقل کر رہا ہوں۔
محبت آپکی تابش بھائی
واہ واہ! بہت خوب عباد بھائی۔ تغزل سے بھرپور۔
شکریہ ریحان
 

لاریب مرزا

محفلین
واہ!!! منجھے ہوئے شاعر ہو گئے ہیں آپ تو۔ :) بہت خوب!!
ویسے تو آپ محفل سے غائب رہتے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ کبھی کبھی کمال دکھانے کے لیے محفل میں آ جاتے ہیں۔ بہت سی داد وصول کریں۔ :)
 

عباد اللہ

محفلین
واہ!!! منجھے ہوئے شاعر ہو گئے ہیں آپ تو۔
حسن ظن ہے آپ کا۔
:)
ویسے تو آپ محفل سے غائب رہتے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ کبھی کبھی کمال دکھانے کے لیے محفل میں آ جاتے ہیں۔
بے بضاعتی کا احساس دامن گیر رہتا ہے ورنہ ہم تو روز ہی کچھ نہ کچھ پیش کرتے رہیں:)
بہت سی داد وصول کریں
شکریہ:)
 
Top