ہندوستان سے پہلا اردو نیوز پورٹل۔۔۔تعمیر نیوز

الف عین

لائبریرین
عزیزم مکرم نیاز نے یہاں اطلاع نہیں دی، لیکن ان کے احباب کے ساتھ تعمیر نیوز پورٹل کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ جو ہندوستان سے پہلا اردو یونی کوڈ اردو نیوز پورٹل ہے۔ ان کے ہی الفاظ میں:
’’تعمیر نیوز [Taemeer News]
پر آپ کا دلی استقبال ہے!

ہندوستان سے یہ اردو ویب سائیٹ ایک نیوز ویب پورٹل کے طور پر شروع کی جا رہی ہے ، جس کے اغراض و مقاصد جاننے کے لیے [Welcome-Post] ملاحظہ فرمائیں۔

بلامبالغہ سینکڑوں اردو اخبارات (روزنامہ ، سہ روزہ ، ہفت روزہ) پرنٹ شکل میں ہندوستان سے شائع ہوتے ہیں جن کی ایک اجمالی فہرست جلد اس سائیٹ پر پیش کی جائے گی۔ ان میں سے چند روزنامے (مثلاً : انقلاب ، راشٹریہ سہارا ، سیاست ، منصف وغیرہ) قومی سطح پر معروف و مقبول ہیں تو دیگر بےشمار اخبارات اپنے اپنے علاقوں میں معقول حد تک فروخت ہوتے اور پڑھے جاتے ہیں۔
انہی اخبارات میں سے اکثر و بیشتر کی اپنی ویب سائیٹس بھی موجود ہیں لیکن یہ تمام تصویری صورت میں خبریں / مضامین پیش کرتے ہیں جن کا آج کی گوگل سرچنگ ویب دنیا میں کوئی فائدہ نہیں ہے بلکہ اس چیز سے انٹرنیٹ پر اصل اردو کے فروغ میں جس طرح رکاوٹ آتی ہے اس کی کچھ تفصیل محترم اعجاز عبید صاحب کے اس مضمون سے معلوم کی جا سکتی ہے۔

ایسا بھی نہیں ہے کہ انڈیا سے کوئی اردو یونیکوڈ روزنامہ شایع ہی نہ ہوتا ہو۔ ہماری معلومات کی حد تک اردو تہذیب ، روزنامہ آگ ، چوتھی دنیا ، اردو ٹائمز ممبئی اور ایشیا ایکسپریس اورنگ آباد کی اخباری یونیکوڈ ویب سائیٹس کسی حد تک اس خلا کو پورا کر رہی ہیں۔ اس کے باوجود سرچ انجن آپٹی مائزیشن اور عصری سوشل میڈیا تکنالوجی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اہم اور قابل مطالعہ خبروں کو پیش کرنے والی فعال ویب سائیٹ کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
ہمارے ارادے و عزائم تو کافی وسیع ہیں مگر فی الحال چنندہ خبروں کی پیشکشی کے ساتھ ہم "تعمیر نیوز" کے بیٹا ورژن [beta version] کا اجرا کر رہے ہیں۔

پی۔ٹی۔آئی[PTI] ، یو۔این۔آئی[UNI] اور آئی۔اے۔این۔ایس[IANS] جیسی نیوز ایجنسیوں کا شمار ہندوستان کی سرکردہ نیوز ایجنسیوں میں ہوتا ہے اور تقریباً تمام اردو اخبارات بین الاقوامی/قومی/ریاستی/علاقائی سطح کی خبریں انہی ایجنسیوں سے حاصل کر کے اپنے معیار کے اردو ترجمے کے ساتھ اخبار شایع کرتے ہیں۔
تعمیر نیوز فی الوقت انہی اردو اخبارات کے تصویری ویب ایڈیشن کی (ترجمہ شدہ) خبروں سے ایک حد تک استفادہ کرتے ہوئے منتخب خبروں کو پیش کر رہا ہے۔ اردو ترجمے کی خامی کے احتمال سے بچنے کے لیے ہم نے اس کاز کو اہم اور ضروری سمجھا ہے کہ ہر خبر کی انگریزی ہیڈنگ بھی بطور حوالہ خبر کے آخر میں درج کرنے کا التزام کیا جائے تاکہ قاری اسی ہیڈنگ کے ذریعے گوگل سرچ کرتے ہوئے خبر کے اصل منبع تک پہنچے۔

علاوہ ازیں ہماری کوشش ہے کہ "تعمیر نیوز" کو صرف خبروں تک محدود نہ رکھتے ہوئے اردوداں قارئین کے علم و ذوق میں اضافہ کی خاطر "تعمیری سلسلوں" کو شروع کیا جائے جن کی کمی موجودہ دور کی ہندوستانی اردو ویب سائیٹس یا بلاگز میں نہایت ہی سنگین حد تک محسوس کی جاتی ہے۔
امید ہے کہ تعمیر ویب ڈیولپمنٹ کی اس کاوش کا علمی ، ادبی و عوامی سطح پر نمایاں خیر مقدم کیا جائے گا۔
قارئین کے رائے ، مشورے اور تجاویز / تبصروں کا انتظار رہے گا۔
مکرم نیاز (چیف ایڈیٹر : تعمیر نیوز)‘‘​
 

ساجد

محفلین
عزیزم مکرم نیاز نے یہاں اطلاع نہیں دی، لیکن ان کے احباب کے ساتھ تعمیر نیوز پورٹل کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ جو ہندوستان سے پہلا اردو یونی کوڈ اردو نیوز پورٹل ہے۔ ان کے ہی الفاظ میں:
’’تعمیر نیوز [Taemeer News]
پر آپ کا دلی استقبال ہے!



استاذِ محترم میرے کمپیوٹر پر یہ لنک مجھے ایک خالی صفحے پر لے جاتا ہے۔
 
Top