اردو کی ترویج بارے اصلاح کا شکریہ
جیسبادی:
شکر خدا کا کہ کوئی صائب الرائے میرے خیال سے بایں طور اختلاف کر گیا کہ مجھے اقرار کرنا پڑا۔ ویسے بھی میں تو خود کو اس چوپال کا چیمپئن سمجھنے لگ گیا تھا کہ میرے آگے ٹھہرتا ہی کوئی نہیں۔ اب کچھ ہوش ٹھکانے آئے۔ آپ کی منطق سے متاثر ہوا، آپ کا بہت بہت شکریہ۔
تاہم میری دانست میں بولنے اور سمجھنے میں اردو اور ہندی کے مابین شاید پانچ فیصد کا بھی فرق نہ ہو۔ اور فلموں نے اتنی ہی اردو سکھائی ہے اور بس۔ نبیل سے ایک بحث میں تو میں نے اس طرف بھی توجہ دلائی تھی کہ اردو بولنا اور سمجھنا تو انہیں آتی ہے اب لکھنا اور پڑھنا ہم جیسے ویب کے کلاکار ہی سکھا سکتے ہیں۔ سو اس بارے میں اپنی سی کاوش اس محفل میں بھی جاری ہے۔
لیکن ایک بات سے میں اتفاق کرتا ہوں کہ میں ہندوستانیوں کے اردو بارے احساسِ کمتری سے متاثر ہو کر انہیں کچھ زیادہ ہی کوریج دے گیا تھا۔ میں اپنی خام خیالی سے تائب ہوتا ہوں۔ آپ کی بات بجا ہے کہ بچے زبان والدین سے سیکھتے ہیں، تاہم فلموں کا رول بھی اپنی جگہ مسلم ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری دنیا کی صفِ اول کی فلم انڈسٹری ہونے کے ناطے پورے گلوب میں اپنی ایک شناخت رکھتی ہے۔ اس کی تمامتر خرافات اپنی جگہ، مگر اس کا لامحالہ فائدہ اردو کو بھی پہنچا ہے۔ خاص طور پر ان ممالک میں جہاں پبلک سکولوں میں اردو پڑھائی نہیں جاتی۔
میری رائے میں اعتدال لانے کا ایک دفعہ پھر بہت بہت شکریہ
ویسے اب مجھے ایک اور خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ ہندوستانی ممبران اب مجھے آڑے ہاتھوں لے سکتے ہیں۔