محمد عدنان اکبری نقیبی
لائبریرین
کراچی میں شدید گرمی کے باعث ’ہیٹ اسٹروک‘ کےواقعات بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ہیٹ اسٹروک سے زیادہ تر مزدوروں، کھلاڑیوں، بچوں اور بزرگوں کے متاثر ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔
ہیٹ اسٹروک کی صورت میں آپ بے ہوش ہو سکتےہیں، آپ کا سر چکرا سکتا ہے،شدید پیاس لگتی ہے،الٹی متلی آنے لگتی ہے،جلدگرم، خشک یا سرخ ہوجاتی ہےاور پسینہ آنا بالکل بند ہو جاتا ہے۔
اگر ان میں سے کوئی ایک علامت یا کیفیت دکھائی دے تو متاثرہ شخص کو سایہ دارجگہ یا کمرے کے اندر لے جائیں اور اسے لٹا کر ٹانگیں اوپر کی جانب کردیں۔ٹھنڈے پانی کے گھونٹ ضرور دلوائیں۔جسم پر ٹھنڈاپانی ڈالیں اور پنکھاتیزچلائیں۔ہیٹ اسٹروک ہو جانے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔
ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ٹھنڈے پانی سے غسل کریں اور گرم مشروبات سے جس قدر ممکن ہو پرہیز کریں۔بہت زیادہ گرم اور نم موسم کے دوران باہر کم سے کم نکلیں اور چائے، کافی اور کولڈڈرنک کا استعمال نہ کریں۔
باہر نکلنے پر بڑے اور لمبی آستینوں والے کپڑے کا استعمال کریں۔زیادہ سے زیادہ پانی پیئں اور باہر کے کام دن کے آغاز یا اختتام پر نمٹانے کوشش کریں جب موسم قدرے معتدل ہو جائے۔
ہیٹ اسٹروک کیا ہے؟
گرمی کے موسم میں درجہ ء حرارت 40سے تجاوز کرتا ہے تو شدید گرمی اور سورج کی تپش کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ہوتا ہے۔اگر فوری طور حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا جائے توہیٹ اسٹروک اکثر وبیشتر جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
ہیٹ اسٹروک کی وجوہات میں جسم میں پانی کی کمی، گرم اور حبس آلود موسم، گرمی میں شدیدتپش، سورج کی شعاعوں میں رہنا اور کھلی جگہ ہر کام کرنا شامل ہیں۔ایسے میں آپ ذہنی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔سرمیں شدید درد ہو سکتا ہے۔جھٹکے آنے لگتے ہیں اور بے ہوشی کے ساتھ ساتھ شدید بخار آسکتا ہے۔