یزید نقشۂ جور و جفا بناتا ہے --- غلام محمد قاصرؔ

صائمہ شاہ

محفلین
یزید نقشۂ جور و جفا بناتا ہے
حسینؓ اس میں خطِ کربلا بناتا ہے

یزید موسمِ عصیاں کا لاعلاج مرض
حسینؓ خاک سے خاکِ شفا بناتا ہے

یزید کاخِ کثافت کی ڈولتی بنیاد
حسینؓ حُسن کی حیرت سرا بناتا ہے

یزید تیز ہواؤں سے جوڑ توڑ میں گُم
حسینؓ سر پہ بہن کے رِدا بناتا ہے

یزید لکھتا ہے تاریکیوں کو خط دن بھر
حسینؓ شام سے پہلے دِیا بناتا ہے

یزید آج بھی بنتے ہیں لوگ کوشش سے
حسینؓ خود نہیں بنتا خدا بناتا ہے
 
واہ واہ ! میرا پسندیدہ ترین کلام ہے یہ ۔۔۔۔۔!
یزید آج بھی بنتے ہیں لوگ کوشش سے
حسینؓ خود نہیں بنتا خدا بناتا ہے ۔
بےشک بےشک ۔۔۔۔! شکریہ صائمہ
 

سید زبیر

محفلین
سبحان اللہ ۔ ۔ بہت اعلیٰ انتخاب
یزید موسمِ عصیاں کا لاعلاج مرض​
حسینؓ خاک سے خاکِ شفا بناتا ہے​
جزاک اللہ​
 
Top