یقیں کریں تو کیجیے، شہادتیں نہ مانگیے ۔ سہیل ثاقب

فرخ منظور

لائبریرین
یہ غزل سہیل ثاقب صاحب کے فیس بک کے صفحے سے ان کی اجازت سے حاصل کی گئی۔

غزل

یقیں کریں تو کیجیے، شہادتیں نہ مانگیے
حقیقتیں بدل چکیں، روایتیں نہ مانگیے

کہیں نہیں ہیں معجزے، کرامتیں نہ مانگیے
اب آسمان سے کوئی بشارتیں نہ مانگیے

فضول کھوج کیوں کریں معاملوں میں دین کے
جو کہہ دیا اٹل ہے وہ، وضاحتیں نہ مانگیے

اگر درست فعل ہے تو مصلحت کا دخل کیا
شعور جب ملا ہے تو ہدایتیں نہ مانگیے

خدا کا جو نظام ہے وہ اُس پہ خود ہے کاربند
سو شعبدہ گروں سے پھر کرامتیں نہ مانگیے

جو ہو سکے سمیٹیے گلی گلی محبتیں
جگہ جگہ پڑی ہوئی عداوتیں نہ مانگیے

عبث ہے ڈھونڈنا یہاں گئے دنوں کی الفتیں
پلٹ کے جو نہ آ سکیں وہ ساعتیں نہ مانگیے

وہ حدّتیں تو اب نہیں لہو میں آپ کے حضور
اب اور اپنے واسطے مسافتیں نہ مانگیے

(سہیل ثاقب)
 

مدرس

محفلین
فضول کھوج کیوں کریں معاملوں میں دین کے
جو کہہ دیا اٹل ہے وہ، وضاحتیں نہ مانگیے

کیا کہنے
لاجواب
جزاک اللہ خیرا
 

کاشفی

محفلین
بہت شکریہ جناب سخنور صاحب۔۔بہت خوبصورت غزل شریکِ محفل کی ہے آپ نے ایک ایک شعر لاجواب ہے۔۔داد و ستائش قبول فرمائیں۔۔
 
Top