یونیکوڈ اردو چوپالوں کا مدوجزر
آج رات جون ختم ہو رہا ہے اور یوں اردومحفل کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔ اردومحفل کے منتظمین و صارفین کو مبارک ہو۔
اردومحفل نے اتنے عرصہ میں کیا کیا کیا؟ اردو سے محبت کرنے والوں کو کس محنت سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، ان میں سے کتنے اب تک ثابت قدم ہیں اور کتنے ذاتی مصروفیات کی نظر ہو گئے، اب تک کتنے پراجیکٹ شروع کئے گئے اور کون سا پراجیکٹ کس مرحلے میں ہے، اس بارے میں تفصیلی رپورٹیں تو یقینا منتظمین کی طرف سے شائع ہوں گی۔ میں نے گزشتہ 365 دنوں کی کارکردگی بارے کچھ سرسری سے اعدادوشمار اکٹھے کئے ہیں، آپ بھی ملاحظہ کریں:
• کل پیغامات : 60,522
• کل صارفین : 591
• کم از کم ایک پیغام لکھنے والے (فعال) صارفین : 222
• کم از کم 10 پیغامات لکھنے والے صارفین : 103
• کم از کم 100 پیغامات لکھنے والے صارفین : 42
• پیغامات میں اضافے کی شرح یومیہ : 165.81
• صارفین میں اضافے کی شرح یومیہ : 1.62
• فعال صارفین میں اضافے کی شرح یومیہ : 0.61
ان اعدادوشمار کی روشنی میں کم از کم میں تو اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہماری قوم خود اُردو لکھنے پر آمادہ نہیں ہو رہی۔
سال بھر میں اردومحفل پر کم از کم 10 پیغامات لکھنے والے صارفین کی تعداد صرف 103 ہے۔ دوسری طرف رومن اردو میں بنے فورمز اچھے خاصے صارفین اور پیغامات کی حامل ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ابھی ان فورمز کے صارفین کو اردومحفل کا پتہ ہی نہیں چلا۔ رومن اردو کے منتظمین تو چلو اپنے خول سے نکلنے سے گھبراتے ہوں گے کہ ایک چلے چلائے فورم کو کیسے یونیکوڈ اردو میں منتقل کیا جائے، محلِ نظر یہ ہے کہ صارفین نے کثرت کے ساتھ اس طرف کا رخ کیوں نہیں کیا۔
(رومن اردو سے یونیکوڈ اردو کی طرف منتقلی کے لئے اردومحفل کی طرف سے حتی الوسع مدد کا سلسلہ شروع کیا جائے تو شاید کچھ بہتری عمل میں آئے۔)
دیگر چوپالیں
ایک سال کے دوران میں 8 یونیکوڈ اردو چوپالیں میری نظر سے گزریں۔ کسی دن یہ خوشخبری ملتی ہے کہ ایک نئی اردو چوپال بنی ہے تو چند دن بعد اس کے ختم ہونے کی خبر ملتی ہے۔
• حال ہی میں
اردو سنٹر کے دم توڑنے پر گہرا صدمہ پہنچا۔
•
بنوں فورم ڈیٹابیس کی مشکلات کی نذر ہو گئی۔
•
ویب مزا محفل کو ری ڈائریکٹ کر دیا گیا، گویا منتظمین کی طرف سے اس کی ضرورت سے انکار کر دیا گیا۔
• نوزائیدہ چوپالوں میں سے حکیم خالد صاحب کی
ورلڈ پیس نے سب سے انقلابی قدم اٹھایا تھا، تھیم بدل کر، مگر وہ بھی ختم ہو گئی۔ (اللہ کرے اس کا یہ تعطل عارضی ہو۔)
•
آلمگیرین ابھی تھیم بدلنے کے چکر میں اُردو فونٹ کے مسئلہ سے دوچار ہے۔
•
ہدایہ میں صارفین کی تعداد میں تو بڑی تیزی سے اِضافہ ہو رہا ہے مگر متحرک صارفین کی تعداد معمولی ہے۔ اور پیغامات میں اضافے کی شرح بھی بہت کم ہے۔
•
ہماری اردو کی حالت پیغامات اور صارفین کی تعداد میں ہونے والے روزبروز اِضافے کے حوالے خاصی حوصلہ افزا ہے، تاہم ابھی اُن کا آغاز ہے اس لئے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ (اللہ انہیں اِستقامت دے۔)
جس جذبے سے ان چوپالوں کو شروع کیا جاتا ہے بعد میں وہ جذبہ غائب ہو جاتا ہے۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ چوپالیں بنانے والے ذاتی سطح پر اخراجات کر کے کام کا آغاز کرتے ہیں۔ شوق شوق میں آغاز تو اچھا ہو جاتا ہے، مگر کسی محرک کے بغیر پلے سے وقت اور پیسے خرچ کرتے چلے جانا مستقلا ممکن نہیں ہوتا۔
ایسی چوپالوں کو چلانے کے دو ہی طریقے ممکن ہیں، یا تو اُن کے پیچھے ترویجِ اردو کا کوئی ایسا ادارہ ہو جو اُنہیں سپانسر کرے اور یا پھر یہ اپنا خرچ اُٹھانے کے لئے اشتہارات کے حصول کا سلسلہ شروع کریں۔ فی سبیل اللہ خدمت کا جذبہ مستقل نہیں رہتا۔ ایک دن آتا ہے جب بندہ ڈھیلا پڑ جاتا ہے۔
اردومحفل کی طرف سے ہمیشہ نئی اردو چوپالوں کے اجراء پر حوصلہ افزائی کی گئی ہے، حتی کہ اکثر چوپالوں کی تنصیب میں بھی مدد کی گئی ہے۔ ایک سال سے جاری محنت کے باوجود اردو کا یہ حال ہے۔ میں درخواست کروں گا کہ اس سلسلے میں جس کسی کے دل میں جو بھی مشورہ آئے بے دریغ لکھے تاکہ اردو چوپالوں کے منتظمین کو اس سے مدد ملے۔