پہلا باب
دلی کی عملداریوں کے مختصر حالات میں
حدیث از مطرب و می گو و راز از دہر کمتر جو
کہ کس نکشو و نکشاید بحکمت این معما را
(۱) اگرچہ ہندو زمانے کی ابتدا کو بے انتہا اور آفرینش عالم کو بے سروپا بیان کرتے ہیں اور اسی سبب سے ان کے نزدیک ہر ایک دیس کی سلسلہ حکومت کی بھی ابتدا ناپیدا ہے مگر یہ بات ہرگز قابل قبول کے نہیں کیونکہ معتبر دلیلوں سے ثابت ہے کہ جس طرح بعد طوفان کے اور ملک آباد ہوئے اسی طرح ہندوستان بھی بسا ۔
(۲) کتاب مقدس سے ثابت ہے کہ دو ہزار تین سو اڑتالیس سال قبل ولادت حضرت مسیح کے تمام عالم میں طوفان آیا اور حضرت نوح مع تمامی اپنے خندان کے کشتی میں بیٹھے اور کوئی جاندار سوائے ان کے جو کشتی میں تھے ، عالم میں زندہ نہیں رہا ۔