یہ بات نرالی دل خود دار کرے ہے (حفیظ میرٹھی)

غدیر زھرا

لائبریرین
یہ بات نرالی دل خود دار کرے ہے
تڑپے ہے مگر دردسے انکار کرے ہے

دنیا کا یہ انداز سمجھ میں نہیں آتا
دیکھے ہے حقارت سے کبھی پیار کرے ہے

تسلیم اسے کوئی بھی دل سے نہیں کرتا
وہ فیصلہ جو جبر کی تلوار کرے ہے

اس دشمنِ ایماں نے کیا شیخ پہ جادو
کافر جو کہے ہے وہی دیندار کرے ہے

اب اپنے بھی سائے کا بھروسہ نہیں یارو !
نزدیک جو آئے ہے وہی وار کرے ہے

تقریر سے ممکن ہے نہ تحریر سے ممکن
وہ کام جو انسان کا کردار کرے ہے

شرماتا ہوں فنکار سمجھتے ہوئے ،خود کو
جب جھوٹی خوشامد کوئی فنکار کرے ہے

یہ ناچتی گاتی ہوئی اس دور کی تہذیب
کیا جانئے کس کرب کا اظہار کرے ہے

مانگے ہے حفیظؔ اور ہی کچھ شعر کا بازار
کچھ اور طلب شعر کا معیار کرے ہے

(حفیظ میرٹھی)​
 

عبد الرحمن

لائبریرین
بہت ہی عمدہ!
شعر کا ایک ایک مصرع تلخ حقیقت کی غمازی کرتا ہے۔
نہایت ہی خوب صورت نظم شامل فورم کرنے کا بہت شکریہ۔
جزاک اللہ خیرا!
 
Top