مبارکباد ’’مبارک علیکم الشہر ‘‘

فاخر

محفلین
محترم جملہ محفلین!
آداب و تسلیمات ! ’’مبارک علیکم الشہر ‘‘
جیسا کہ آپ تمام حضرات کو علم میں ہے کہ :’ رمضان المبارک کی مبارک گھڑی آنے میں محض چند لمحوں کی دیرہے ‘ ۔ بلادعرب میں آج رمضان المبارک کی پہلی تاریخ ہے ، برصغیر میں اب رمضان المبارک کی مبارک ساعتوں کا آغاز ہوگا۔ یقینا یہ گھڑی تمام مسلمانوں کے لیے مخصوص’’تحفۂ ربانی ‘‘ ہے ۔ آپ تمام اہلِ علم ہیں ، اردو کی دینی کتابیں بھی پڑھتے ہوں گے ، اور علماء سے بھی سنتے ہوں گے ۔ یہ خدا کا’’ مہینہ ‘‘ہے ۔ اس کے تین عشرے ہیں، اور ان تینوں عشروں کی اپنی اپنی فضیلت ہے ۔ دعا کیجئے ! اللہ تعالیٰ ہم تمام مسلمانوں کو اعمال صالحہ ، صلہ رحمی، در گذر، عفو اور باہمی اخوت کی توفیق بخشے آمین ۔ یہ خدا کاخاص فضل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر رحمت ، برکت اور مغفرت کا سایہ فگن کیا ہے ، اللہ تعالیٰ ہمیں ان ساعتوں کی فضیلتیں حاصل کرنے اور خوب عبادت و ریاضت کی توفیق بخشے، آمین ۔ محفل میں نوک جھونک بھی ہوئی ہے ، اس میں کوئی شک نہیں ؛لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ہم :’ علیٰ سرر متقابلین‘‘ کے تحت ایک دسترخوان پر روزہ افطار کریں ، باہم کندھوں سے کندھے ملاکر بارگاہِ خداوندی میں سربسجود ہوں ۔ایک دوسرے کے لیے نیک دعاؤں کے لیے ہاتھ اٹھائیں۔ اپنے ملک ، خطہ ، بستی ، گاؤں، محلہ ، والدین اور اہل و عیال کے لیے دعا کریں۔محفل میں ہوئی نوک جھونک کے لیے میں فرداً فرداً معافی کا خواستگار ہوں ۔ مجھ سے کوئی غلطی سرزد ہوگئی ہوتو میں معافی چاہوں گا۔کئی احباب نے مجھے بھی ’’تیز و تند‘‘ جملوں سے نوازا ، ایک صاحب ِ علم نے تو مجھے ’’آٹھویں کلاس پاس ہی کہہ دیا‘‘ ۔ اور ایک صاحب جو کہ میرے ہم تخلص تھے ، نے یہ بھی کہہ دیا کہ:’ پہلی مرتبہ اپنے نام پر شرم سی ہورہی ہے ۔‘ خیر ! کوئی شکوہ نہیں ، یہ سب وقتی باتیں ہیں، جن میں کوئی ’ثبات ‘ نہیں ۔ترکِ محفل کا کئی بار خیال آیا ، لیکن استاد محترم حضرت الف عین صاحب کی ذات با فیض کی وجہ سے اس خیال کو ہی کلیۃً ترک کردیا ۔ میں تمام لوگوں کو محض اللہ کے لیے معاف کرتاہوں ، مجھ سے بھی غلطی سرزد ہوگئی،میں تمام لوگوں سے اللہ تعالیٰ کے لیے معافی چاہوں گا۔ میں تمام احباب کو اپنی دعاؤں میں ان شاء اللہ الرحمن یاد رکھوں گا‘، میں بھی امید کرتا ہوں کہ :’ وہ بھی مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔
فقط
والسلام
دعاجو
افتخاررحمانی ، فاخرؔ ، نئی دہلی
 

فے کاف

محفلین
نوک جھونک مراسلوں پر ہوئی۔ آپ کی ذات سے کوئی شکایت نہیں۔ آپ کی اعلی ظرفی ہے کہ آپ نے رمضان کے اس مبارک موقع پر کھلے دل کا ثبوت دیا۔
نوک جھونک میں ہماری جانب سے جو سخت باتیں ہوئیں، آپ سے ان سے بھی درگزر کی درخواست ہے۔
 

یاسر شاہ

محفلین
سب ایک دوسرے کو معاف کر دیں گے ان شاء اللہ -اگر ابھی نہیں بھی کیا تو کل افطاری میں یخ میٹھا تربوز کھاتے ہوئے ،کوئی کافر ہی ہے جو کینہ رکھے -

بقول شخصے :

آئینِ ماست سینہ چوں آئینہ داشتن
کفر است در طریقتِ ما کینہ داشتن

خوش رہیے اور اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے -
 

الف عین

لائبریرین
افتخار میاں کے لیے بطور خاص دعائیں اور رمضان کریم کی مبارکباد۔ جملہ احباب محفل کے لیے بھی ایضاً
 

فاخر

محفلین
افتخار میاں کے لیے بطور خاص دعائیں اور رمضان کریم کی مبارکباد۔ جملہ احباب محفل کے لیے بھی ایضاً
آمین ثم آ مین ۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہم لوگوں پر دیر تک رکھے ا ور آپ کی ذات با فیض سے خوب خوب استفادہ کرنے کی توفیق بخشے آمین ۔
 
Top