چونسٹھ بٹ کے پروسیسر سے شروع کرتے ہیں
چونسٹھ بٹ پروسیسر سے مراد ایک ایسا پروسیسر ہوتا ہے جس میں اے ایل یو یعنی ارتھمیٹک اینڈ لاجک یونٹ، رجسٹرز اور ڈیٹا بس، تمام کے تمام چونسٹھ بٹس چوڑے ہوں۔ یعنی ایک وقت چونسٹھ بٹ کا ڈیٹا سٹور کر سکیں یا اگر بس ہو تو چونسٹھ بٹس ایک وقت میں گذار سکیں
اے ایل یو یعنی ارتھمیٹک اینڈ لاجک یونٹ اگر چونسٹھ بٹس کا ہو تو وہ ایک وقت میں چونسٹھ بٹس کو پروسیس کر سکے گا۔ اگر اے ایل یو بتیس بٹ کا ہوا تو بتیس بٹ کی پروسیسنگ ایک وقت میں ممکن ہوگی۔ بظاہر ہم کہہ سکتے ہیں کہ چونسٹھ بٹ کا پروسیسر جتنا ڈیٹا ایک وقت میں پروسیس کر سکتا ہے، اس کا نصف ڈیٹا بتیس بٹ کا پروسیسر اتنی ہی دیر میں پروسیس کرے گا۔ تاہم یہ زیادہ سے زیادہ ڈیٹا کی مقدار کے حوالے سے ہے۔ اگر ڈیٹا کی مقدار اتنی ہو کہ جو بتیس بٹ کا پروسیسر ایک وقت میں پروسیس کر سکے تو بظاہر بتیس اور چونسٹھ بٹ کے پروسیسر میں کوئی خاص فرق نہیں دکھائی دے گا
اس مثال کو یوں سمجھیں کہ جیسے ایک کار کی حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور دوسری کار کی حد رفتار بھی 120کلومیٹر فی گھنٹہ۔ لیکن پہلی کار میں 10 افراد بیٹھ سکتے ہیں اور دوسری میں صرف پانچ۔ جب کل پانچ یا اس سے کم افراد نے ایک وقت میں کار استعمال کرنی ہو تو دونوں کاروں میں کوئی فرق نہیں ہوگا چاہے جونسی کار استعمال ہو۔ البتہ جب افراد کی تعداد پانچ سے بڑھ جائے، چھ ہو جائے یا چاہے دس، تو پھر دونوں کاروں کے افراد کو منزل مقصود تک پہنچانے کے وقت میں واضح فرق ہوگا۔ یعنی پہلی کار ایک ہی چکر میں کام پورا کر لے گی جبکہ دوسری کار کو دو چکر لگانے ہوں گے
فی الوقت ہمارے گھریلو کمپیوٹرز پر زیادہ سے زیادہ ریم دو سو چھپن ایم بی سے لے کر تین گیگا بائٹس تک ہے۔ بتیس بٹ کے پروسیسر ایک وقت میں دو گیگا بائٹس سے لے کر چار گیگا بائٹس تک ریم کو ایڈریس کر سکتے ہیں۔ بظاہر بتیس بٹ پروسیسر ہمارے لئے کافی ہے۔ لیکن سرور کمپیوٹر پر یا مستقبل قریب میں ہمیں یہ لمٹ بہت تنگ کر سکتی ہے۔ جیسا کہ موجودہ دور کی تھری ڈی گیمز ہیں، ایک وقت میں ڈھیر ساری ایپلیکیشنز کو استعمال کرنا ہے تو اس کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ ریم کی ضرورت پڑتی ہے۔ جب ہم دو گیگا یا چار گیگا بائٹ سے زیادہ کی ریم استعمال کرنا چاہیں تو ہمارے لئے بتیس بٹ کا موجودہ پروسیسر بیکار ہو جاتا ہے۔ چونسٹھ بٹ پروسیسر میں ریم کو ایڈریس کرنے کی صلاحیت دو کی طاقت چونسٹھ ہے۔ یعنی دو کی طاقت اگر بتیس ہو تو وہ چار گیگا بائٹس بنتا ہے۔ لیکن جب دو کی طاقت چونسٹھ کو دیکھیں تو وہ کچھ یہ بنتا ہے
18446744073709551616
یعنی تقریباً 18446744073 گیگا بائٹس۔ ہو سکتا ہے کہ یہ فگر تھوڑا سا کم یا زیادہ ہو۔ لیکن آپ اس سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ چونسٹھ بٹس کا پروسیسر کتنے مستقبل بعید کی ضروریات کے لئے کافی ہے
یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ شروع شروع میں بتیس بٹ کمپیوٹر کے لئے ریم کلو بائٹس میں استعمال ہوتی تھی اور اس وقت گیگا بائٹس میں ریم کا تصور اتنا ہی مشکل اور عجیب تھا جتنا کہ ہمیں آج 18446744073 گیگا بائٹس کا تصور لگ رہا ہے
ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ چونسٹھ بٹ کے پروسیسر سے ہم وڈیو ایڈیٹنگ، بہت بڑی تصاویر کی ایڈیٹنگ، تھری ڈی گیمز وغیرہ کو بہت آسانی اور تیز رفتاری سے استعمال کر سکتے ہیں
اگر ایک عام یوزر آفس کو استعمال کرے یا انٹر نیٹ وغیرہ، تو اس کے لئے بتیس بٹ کا پروسیسر اور چونسٹھ بٹ کا پروسیسر یکساں رہیں گے
اس مضمون کو لکھنے میں how stuff works نامی ویب سائٹ سے مدد لی گئی ہے