اب آتے ہیں رند بھائی کے پرچے کی طرف۔
سوال نمبر ایک ریڈ ہیٹ لینکس ورژن نو کیا یہ فری کا سافٹ ویر ہے یا ونڈو کی طرح پیسوں کا ہے ؟
سوال نمبر 2 اس مین جب ہم نے ایک ایم پی تھری کی آڈیو فائل اور ایک ایم پی ای جی کی ویڈیو فائل چلانے کی کوشش کی تو نہیں چلی اور ارر آئی ؟
سوال نمبر 3 ہمارے پاس جو موڈیم نصب ہے اس کا نام ہے pcTel اور اس کا ڈرائیور ہے pct1688w ہمارے پاس ونڈوز کے لیے اس کے ڈرائیور تو ہیں لیکن اس لینکس کے لیے نہیں اب لینکس کے لیے اس کے ڈرائیور کہاں سے لائیں ؟
سوال نمبر 4 ڈرائیوز مل جانے کے بعد ہم اپنے موڈیم کو انسٹال کس طرح کریں گے اور ڈائل اپ کونکشن کس طرح بنائیں گے ؟
سوال نمبر 5 لینکس کا فائدہ کیا ہے ؟ یعنی ونڈو کے علاوہ اس کا کیا فائدہ ہے ؟ ماہریں کیوں اس کا استعمال کرتے ہیں؟
پہلے سوال کا جواب تو یہ ہے کہ ریڈ ہیٹ لینکس 9 میں دو عدد آپشن (اس لفظ کی اردو تو کوئی مجھے بتائے!
) ہوا کرتے تھے۔ ("ہوا کرتے تھے" کے الفاط اس لیے استعمال کیے ہیں کہ یہ بہت ہی قدیم چیز ہے۔) ایک تو مفت گھریلو استعمال کے لیے جبکہ دوسرا کاروباری افراد کے لیے جس میں انہیں کچھ اضافی خدمات اور سہولیات پیسوں پر فراہم کی جاتی تھیں۔ ریڈ ہیٹ لینکس کو بعد میں دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ ایک تو فیڈورا، جو کہ گھریلو استعمال کے لیے ہے، جبکہ دوسرا ریڈ ہیٹ انٹرپرائز لینکس، جو کہ کاروباری لوگوں کے لیے ہے۔ اس کے بعد سے اب تک فیڈورا کے آٹھ ورژن آ چکے ہیں۔
دوسرے سوال کا جواب یہ ہے کہ بعض ممالک، مثلاً امریکہ اور جاپان میں پیٹنٹ کا نظام رائج ہوتا ہے جس کے تحت کوئی شخص اپنی ایجاد یا اختراع کو پیٹنٹ کرا لیتا ہے اور اس کے بعد جو کوئی بھی اس کی ایجاد یا اختراع کو استعمال کرتا ہے، اسے اس موجد کو پیسے دینا پڑتے ہیں۔ چاہے وہ اسے گھریلو صارف کے طور پر استعمال کرے یا اپنے کاروبار اور تجارت کے لیے۔ ہاں فیس دونوں کی مختلف ہوتی ہے۔ یہ جو ایم پی تھری وغیرہ کے فارمیٹ ہیں، یہ پیٹنٹ شدہ ہیں اور اگر آپ امریکہ یا جاپان میں رہ رہے ہوتے تو آپ کو اس کے استعمال کا اجازت نامہ پیسے دے کر حاصل کرنا پڑتا۔ اب ہوتا یوں ہے کہ مائیکروسافٹ جیسی بڑی کمپنیاں اپنے صارفین کے لیے خود ہی ان چیزون کی ادائیگی کر دیتی ہیں کیونکہ بعد میں وہ اس سے کئی گنا زیادہ رقم اپنے صارفین سے حاصل کر لیتی ہیں۔ جبکہ لینکس ایک مفت نظام ہے اور اس میں یہ کام اتنا آسان نہیں۔ پھر بھی زیادہ تر لینکس ڈسٹربیوشنز کے سافٹ وئیر گوداموں (repositories) میں ان چیزوں کے سافٹ وئیر موجود ہوتے ہیں تاکہ اگر آپ نے ایم پی تھری کا اجازت نامہ قانونی طریقے سے حاصل کر لیا ہو یا آپ کے ملک میں پیٹنٹ کے قوانین رائج نہ ہوں تو آپ ان پروگراموں کو بہ آسانی حاصل کر سکیں۔ کچھ فارمیٹ ایسے ہوتے ہیں جن پر کوئی پیٹنٹ نہیں ہوت۔ ایسے فارمیٹ کو چلانے کی سہولت ہو ڈسٹربیوشن میں ہوتی ہے۔ مثلاً MIDI اور OGG۔
تیسرے سوال کا جواب یہ ہے کہ آج کل زیادہ تر جو موڈیم تیار ہوتے ہیں ان کو ایسے طریقے سے تیار کیا جاتا ہے کہ انہیں چلانے کے لیے مخصوص سافٹ وئیر کی ضرورت پڑتی ہے۔ اب چونکہ ونڈوز نظام زیادہ استعمال ہوتا ہے تو اس کے ڈرائور ہی زیادہ تر فراہم کیے جاتے ہیں۔ لیکن پھر بھی بہت سے موڈیم کو لوگ لینکس پر چلانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ ان کے ڈرائیور آپ کو اس ویب سائٹ پر مل سکتے ہیں:
http://www.linmodems.org
یہیں سے آپ کو اسے نصب کرنے کی ہدایات بھی مل جائیں گی۔ ویسے میرا مشورہ ہے کہ آپ پہلے اس ویب سائٹ سے scanModem نامی پروگرام حاصل کر کے ہدایات کے مطابق چلا لیں۔ اس سے کچھ ٹیکسٹ فائلیں آپ کے Home فولڈر میں، یا پھر شاید اس فولڈر میں، جہاں یہ پروگرام رکھا ہوا ہے، بن جائیں گی۔ ان سے بھی آپ کو کافی مدد مل سکتی ہے۔ میرے پاس خود انٹیل کا 536EP موڈیم ہے۔ اس لیے میں آپ کو PCTEL کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہوں۔
باقی باتیں بعد میں۔۔۔۔
والسلام۔