Reporting to duty

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستو، السلام علیکم

امید کرتا ہوں کہ آپ سب بخیریت ہوں گے۔ میں اس اتوار کو پاکستان سے واپس لوٹا ہوں جہاں میں تقریبا چار ہفتے ٹھہرا ۔ میں انشاءاللہ اس فورم اور اپنے بلاگ کے ذریعے اپنے پاکستان کے قیام کے مشاہدات اور تاثرات سے آگاہ کرتا رہوں گا۔

پاکستان میں قیام کے دوران مجھےانٹرنیٹ کی سہولت بوجوہ میسر نہ آئی۔ خال خال جب بھی اس فورم پر نظر پڑتی رہی تو اس کی سست روی حوصلہ افزا نہ لگی۔ میں نے تو اپنی دانست میں انٹرنیٹ پر گفتگو کا ایک پلیٹ فارم مہیا کر دیا تھا جسے خاصا مقبول ہونا چاہیے تھا اور اس پر دلچسپ موضوعات کی بھرمار ہونی چاہیے تھی جبکہ صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔ یوں لگتا ہے کہ اس محفل کی رونق کو برقرار رکھنے کے لیے ایک catalyst کا ہونا ضروری ہے۔ میری غیر حاضری میں زکریا اور قدیر اپنی بساط کے مطابق فورم کی نوک پلک سنوارتے رہے جس کے لیے میں انکا دل سے مشکور ہوں۔

میرے خیال میں اس وقت ایک مرتبہ پھر سے اس فورم کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ ویسے تو یہ کام سرسری طور پر اس فورم کے صفحہ اول پر نظر ڈال کر نہایت آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔ اس وقت سب سے مقبول فورم تجاویز، آراء اور شکایات والی ہی ہے۔ اردو کمپیوٹنگ سے متعلقہ فورمز پر اکا دکا پوسٹس ہی نظر آتی ہیں۔ ادبی کارنر پہ بھی رونق توقع کے مطابق نہیں ہے۔ مجھے کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ ادبی فورمز کی موجودہ تشکیل شاید مکمل طور پر ادبی ذوق رکھنے والوں کے مزاج سے مناسبت نہیں رکھتی جس کے باعث وہ یہاں اپنی یا دوسروں کی تخلیقات پوسٹ کرنے سے گریزاں ہیں۔ میری دانست میں فورمز کہانی گھر، طنزومزاح اور آپ کی تحریریں کو آپس میں ضم کر دیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ چند اور فورمز جیسے کہ تبصرہ کتب وغیرہ شامل کی جانی چاہییں۔ میں اس سلسلے میں آپ کی تجاویز کا منتظر رہوں گا۔

جو خواتین و حضرات دوسری مقبول فورمز پر شمولیت کا تجربہ رکھتے ہوں ان سے گزارش ہے کہ وہ مقبولیت کے ان عناصر کی نشاندہی کریں جس سے اس فورم کو بھی مقبول بنایا جا سکے۔
 

جیسبادی

محفلین
حیرت کی بات ہے کہ "گپ شپ" چوپال پر بھی کوئی رونق نہیں! غالباً ایک فورم "متفرقات" (miscellaneous) کا بنا دیا جائے تاکہ لوگ کسی بھی موضوع پر لکھنے سے نہ ہچکچائیں۔
 

سیفی

محفلین
نبیل بھائی
واپسی بخیر!!!
آپ کی بات درست ہے کہ اتنی اچھی سائٹ پر لوگوں کی گہما گہمی ہونی چاہئے تھی۔ ۔۔۔۔
آپ کی دوسری بات کہ نئی چوپال بارے رائے دیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ اگر میری طرح کوئی غریب رائے دے دے تو وہ سرکاری فیتہ کی نظرہو جاتی ہے۔
بقولِ اقبال
پھر بھی گلہ ہے ہم وفادار نہیں
ہم وفادار نہیں تُو بھی تو دلدار نہیں
 

منہاجین

محفلین
چوپالوں کی تشکیل سے زیادہ اہم کام

میری دانست میں چوپالوں کی ترتیب و تشکیل سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ لوگوں کو اردو لکھنے کے قابل بنایا جائے۔ اس بارے میں کچھ معیاری تحریرں مہیا کی جائیں جن میں اُردو کی تنصیب کا آسان طریقہ طوالت سے بچتے ہوئے ہر خدمتگار نظام کے لئے الگ الگ تحریر کیا گیا ہو۔

لوگ ہنوز اُردو کو صرف پڑھنے قابل ہوئے ہیں، لکھنے قابل نہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے جس سے مفرّ ممکن نہیں۔ پاکستان میں آپ کے حالیہ قیام میں کیا وجہ تھی کہ آپ لکھ نہ سکے؟ یقیناً کمپیوٹر کو اُردو لکھنا نہیں آتی تھی۔ یہی حال یہاں ہر گھر کا ہے۔

جب تک مائیکروسافٹ کی طرف سے ونڈوز میں اُردو زبان کی تنصیب بنیادی طور پر عمل میں نہیں آ جاتی لوگ اردو لکھنے سے خائف رہیں گے۔

اور

جب تک یونیکوڈ میں نستعلیق خط اپنی اصلی شکل میں دستیاب نہیں ہو گا، لوگ بالعموم اِن پیج میں پناہ لیتے رہیں گے۔

ہم یونیکوڈ کی کامیابی پر جتنا بھی خوشیاں مناتے رہیں، لوگوں کو اِس کی اِفادیت پر لیکچر دیتے رہیں، تصویری تحریروں کے خلاف وعظ کرتے رہیں، اس کا کچھ نتیجہ نہیں نکلے گا۔ عامۃ الناس کو اس سے کوئی سروکار نہیں۔ لوگ ایک ہی جواب دیتے ہیں کہ بھلے یہ تصویری تحریریں سہی مگر پڑھنے میں کتنی صاف ہیں!!! بات تب بنے گی جب کتابوں اور اخبارات کی طباعت میں اِن پیج کی جگہ یونیکوڈ لے سکے۔ اس وقت تک ہماری کوششیں ہمیں بہلا تو سکتی ہیں مگر زمینی حقائق ہمارا منہ چڑاتے رہیں گے۔

لگتا ہے میں کچھ زیادہ ہی جذباتی ہو گیا تھا۔ مگر یہ کام جذباتی ہوئے بغیر کرنے کا بھی تو نہیں ہے ناں۔
 
Top