مجھے ایک سال ہونے والا یہاں محفل کو جوائن کیئے ہوئے اور میں نے یہ محسوس کیا کہ بطور موڈیریٹر یہاں صرف ساجد بھائی کو ہی اپنی ذمہ داری نبھاتے دیکھا گیا ہے
ایسا اس لیے کیوں کہ ساجد بھائی اور مقدس بٹیا کے علاوہ کوئی بھی مذہب و سیاست کے زمرے میں ادارت کے اختیارات نہیں رکھتا ہے۔ ساجد بھائی جب مدیر اعلیٰ نہیں تھے تب بھی وہ انھیں زمروں کے مدیر تھے اور بعد میں ان کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا تب بھی ان کے کام کا مرکز یہی زمرے تھے۔ واضح رہے کہ اگر ادارت کسی زمرے میں واضح طور پر نظر آ سکتی ہے تو وہ یہی زمرے ہیں۔ مقدس بٹیا کو عمومی ادارت کے لیے مدیر اعلیٰ نہیں بنایا گیا تھا بلکہ ان کو لائبریری کے کاموں کے سلسلے میں پوری محفل میں بکھرے مواد کو ادھر ادھر منتقل کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی تھی جس کے لیے ان کو پوری محفل میں ادارت کا اختیار دیا گیا تھا پھر بھی وہ جب تک فعال تھیں تب تک کئی ادارتی معاملات نمٹا دیا کرتی تھیں۔ رہا سوال ساجد بھائی کے اکیلے کام کرنے کا تو اس کا ایک سبب یہ بھی تھا کہ ان کو اکیلے کام کرنا پسند تھا۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا تھا کہ ان کو ہر بات کا علم ہوتا تھا۔ ورنہ ان کی آمد سے قبل اگر بعض معاملات کوئی اور نمٹا دیتا تو ساجد بھائی کو سیاق و سباق کا علم نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ دیگر زمروں میں املا وغیرہ کی غلطیاں، عنوانات کی تبدیلی، لڑیوں کا سابقہ درست کرنا، مناسب زمروں میں لڑیوں کو منتقل کرنا جیسے کام گاہے گاہے مجھ سمیت دیگر ناظمین و مدیران بھی کرتے رہتے تھے، جتنا جس کے اختیار میں ہوتا تھا۔ نیز یہ کہ کوئی انتہائی حساس معاملہ ہو اور ساجد بھائی اس وقت محفل میں موجود نہ ہوں تو بھی کوئی بھی صاحب اختیار اس پر بر وقت کاروائی کرنے سے نہیں ہچکچاتا تھا۔ اس کے باوجود نہ تو کسی محفلین کو ساجد بھائی کی انتھک محنت سے انکار ہے، نہ کسی اسٹاف کو اور نہ ہی ہمیں۔
باقی سارے مدیران یا تو لائبریری سے متعلق ہیں یا پھر محفل ادب سے۔ وہاں ادارت کا بہت سارا کام نہیں ہوتا ہے لہٰذا ان کے کاموں کا موازنہ مذہب و سیاست کے زمروں کے مدیران سے کرنا درست نہیں۔
اور معذرت کے ساتھ یہ کہوں گا کہ باقی منتظمین کا کردار صرف خاموش تماشائیوں کا سا رہا ہے
ہم معذرت کے ساتھ عرض کرنا چاہیں گے کہ آپ نظامت اور ادارت کے کاموں کو خلط ملط کر کے دیکھ رہے ہیں۔ عموماً نظامت کا کام پس پردہ ہوتا ہے اور احباب کو بہت زیادہ اس کا ادراک نہیں ہوتا۔ بخدا بقول آپ کے خاموش تماشائی ناظمین کے بغیر محفل کا وجود محال ہے۔ ناظمین کا کام عموماً مدیران کی طرح یومیہ بنیادوں پر نہیں ہوتا۔ آج آپ کی اس خاموش تماشائی کی بات پر ہم نے کئی سارے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جس میں اسٹاف کی فعالیت، محفل کی فعالیت، محفلین اور محفل کے پیغامات کو چھوٹے اور بڑے کئی پیمانوں پر دیکھا۔ اس کی کچھ باتیں آپ کو بتا رہے ہیں۔ اب سے دو برس قبل جب محفل کی چھٹی سالگرہ منائی جا رہی تھی اس وقت اور اس سے پہلے کا سال محفل میں سناٹے سے عبارت ہے۔ جبکہ کہ آج سے تین چار برس قبل محفل بہت فعال ہوا کرتی تھی۔ غرض یہ کہ جب محفل میں سناٹے کا راج تھا تب جتنے پیغامات ایک ہفتے میں ارسال کیے جاتے تھے اس سے کہیں زیادہ پیغامات آج کل ایک دن میں ہو جاتے ہیں۔ جہاں محفل میں بیس پچیس اراکین پورے چوبیس گھنٹوں میں لاگن ہوتے تھے وہاں آج کم و بیش ڈیڑھ سو احباب یومیہ لاگن ہوتے ہیں ان میں ان کا شمار نہیں جو بطور مہمان محفل گردی کرتے ہیں۔ اس ساری بڑھی ہوئی فعالیت کے پیچھے اگر کسی کی محنت ہے تو اس میں شمشاد بھائی اور اس خادم کا نام سر فہرست ہے (اور اتفاق سے یہ دونوں نام محفل کے منتظمین کی فہرست میں تب بھی تھے اور آج بھی ہیں)۔ اس بات کی گواہی ہر وہ فعال رکن دے گا جو کم از کم دو سے تین سال پرانا محفلین ہے۔
خاموش تماشائی ناظمین کے کچھ کام ایسے ہوتے ہیں جس کو وہ کچھ عرصہ کے لیے ٹال سکتے ہیں جبکہ کچھ کام ایسے ہوتے ہیں جن میں چند منٹ کی تاخیر خطرناک ہو سکتی ہے۔ ابھی ایک تازہ واقعہ ہے، کچھ دو ہفتے قبل کی بات ہے۔ ہم ایک بے حد مصروف دن گزار کر گھر لوٹے تھے اور رات میں بھی تین گھنٹے ویڈیو کال پر میٹنگ کی تھی اس کے بعد رات تین چار بجے سوئے تھے۔ اگلا دن بھی بے حد مصروف گزرنے والا تھا۔ صبح سات بجے کا عمل ہوگا کہ سرہانے موجود لیپ ٹاپ پر ایک اسکائپ کال موصول ہوئی۔ خمار آلود حالت میں ہم نے وہ کال وصول کی تو یہ خبر ملی کہ محفل کچھ دیر سے کام نہیں کر رہی۔ آن کی آن میں ہماری نیند کافور ہو گئی اور خود جائزہ لیا تو محفل کو ڈاؤن پایا۔ جلدی سے اس کے اسباب جاننے کی کوشش کی، سرور میں لاگن کیا تو کافی دیر تک سبب کا علم نہ ہو سکا۔ محفل کا سرور کئی دفعہ ری اسٹارٹ کیا، کوئی حاصل نہیں۔ ڈیٹا بیس تھا کہ بیدار ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ خیر اس کا سبب معلوم ہوا اور اس کو حل کیا۔ اس سارے کام میں کوئی نصف گھنٹہ صرف ہوا پھر باقی کی نیند کو اگلی رات پر ملتوی کر کے نئے دن کی شروعات میں مصروف ہو گئے۔ جب محفل چل پڑی تو دوبار کال آئی اور ہم سے یہ پوچھا گیا کہ کہیں نیند سے بیدار کر کے کوئی غلطی تو نہیں کی اس پر ہمارا جواب تھا کہ اگر بر وقت اطلاع نہ دی جاتی تو غلطی ہوتی۔
ڈومین نیم، سافٹوئیر اپڈیٹ، وسائل و خواص کی فراہمی، اخراجات کے جمع خرچ کا حساب، اخراجات کے لیے تعاون جمع کرنا، محفل کا لائحہ عمل طے کرنا، چھوٹے بڑے منصوبے بنانا، اردو ویب سے باہر اردو کمیونٹی کو بھی ممکنہ حد تک تعاون فراہم کرنا اور اسٹاف کا تعین کرنا یہ سارے کام کون کرتا ہے؟ محفل کے خاموش تماشائی ناظمین ہی ہیں جو حسب استطاعت ان کاموں کو مل کر یا آپس میں تقسیم کر کے انجام دیتے ہیں۔ اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ اراکین کا ڈیٹا نہ تو ضائع ہو اور نہ ہی غلط ہاتھوں میں پڑے۔ الحمد للہ سالہا سال گزر جاتے ہیں اور اردو ویب کے سرور پر کسی قسم کے اٹیک کا واقعہ سامنے نہیں آتا ہے۔ محفل کے اسٹاف کا ایکٹیویٹی لاگ بتاتا ہے کہ بظاہر خاموش ترین منتظم بھی یومیہ اوسطاً درجنوں کے حساب سے محفل میں اپنی ذمہ داریوں کی مہر ثبت کرتے ہیں۔
محفل میں جو سافٹوئیر زیر استعمال ہے اس کا نیا نسخہ آ گیا ہے جس میں کافی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ نیز یہ کہ پیغامات لکھنے کا خانہ بھی اس قدر تبدیل ہوا ہے کہ اس میں اردو لکھنے کی سہولت شامل کرنا نئے سرے سے ایک کام ہوگا۔ نبیل بھائی جو بظاہر محفل میں بہت کم کم آتے ہیں وہ اپنی تمام مصروفیات کے باوجود نئے نسخے میں اردو لکھنے کی سہولت شامل کرنے میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ جب تک اردو محفل میں یہ تبدیلی جاری نہیں کی جائے گی تب تک اردو کا کوئی بھی فورم جو زین فورو استعمال کرتا ہے اور اردو لکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے وہ اپگریڈ کرنے سے ہچکچائے گا۔
اسٹاف کا تعین روزانہ کرنے والا کام نہیں۔ عموماً سال میں دو ایک دفعہ ایسا کیا جاتا ہے جب غیر فعال اسٹاف کو سبکدوش کیا جاتا ہے اور فعال احباب کو ذمہ داریاں دی جاتی ہیں۔ اگر اسٹاف کے کچھ اراکین غیر فعال محسوس ہو رہے ہیں تو یہ صورت حال ہمیشہ برقرار نہیں رہے گی۔ جن احباب کی ترجیحات بدل چکی ہیں اور وہ اب محفل کو وقت دینے سے قاصر ہیں ان کی جگہ نئے نام آئیں گے۔
انتطامیہ لاکھ مصروف سہی لیکن غافل نہیں ہے اور جب کوئی بات ناگزیر ہو تو ہر مصروفیت بالائے طاق رکھ دی جاتی ہے۔ اگر محفلین کو اس بات کا احساس نہیں تو یہ افسوس کا مقام ہے۔ واضح رہے کہ اس سے کسی طور ساجد بھائی کی کارکردگی اور ان کی فعالیت کی نفی نہیں ہو رہی۔
یہاں کام کرنے والے کی نہیں صرف بے وجہ اور بے تکا بولنے والے موڈیریٹر کی ضرورت ہے جو بلا وجہ مراسلے کرکے صرف مراسلوں کو تعداد بڑھا ئے ۔
اسٹاف کا رکن ہونے کے بعد کسی پر یہ لازم نہیں آتا کہ وہ اپنی محفلین کی شناخت ترک کر دیں۔ ہمارا خیال ہے کہ اس قسم کی بات مناسب نہیں۔ بقول آپ کے جو بلا وجہ مراسلوں کی تعداد بڑھانے میں مصروف ہوتے ہیں ان کا یہ عمل ان کی نظامت یا ادارت سے نہیں جڑا ہوتا ہے۔
بہرحال اس کے علاوہ بھی کافی کچھ دیکھا اور محسوس کیا ہے میں نے کہ پرانے اور سنجیدہ محفلین اب محفل سے غیر حاضر رہنے لگے ہیں وہ بات نہیں رہی جو اس وقت تھی جب میں نے یہ محفل جوائن کی تھی سنجیدگی مفقود ہوچکی ہے اور شتر بے مہار والا حال ہوگیا ہے
ایسا احساس کوئی نئی بات نہیں۔ آن لائن چوپالوں کی تاریخ یہی کہتی ہے کہ یہاں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ لوگ پرانے احباب سے مانوس ہو جاتے ہیں اور ان کے جانے پر ایسا لگنے لگتا ہے کہ اب تو کوئی بچا ہی نہیں۔ جبکہ نئے چہرے آتے رہتے ہیں اور اگر ان سے گھل مل جائیں تو یہ احساس کسی حد تک ذائل ہو جاتا ہے۔ زیادہ تر لوگ اپنی مصروفیات اور ترجیحات کے چلتے کچھ عرصہ کے لیے غائب ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا ایسے ہر واقعے کو محفل کے رویے سے جوڑنا مناسب نہیں۔
مذہب و سیاست کے زمرے اظہار رائے اور آپسی چپقلش کا گڑھ ہمیشہ سے رہے ہیں لہٰذا وہاں کی فعالیت یا غیر فعالیت سے اردو ویب کے مقاصد کو کچھ خاص فرق نہیں پڑتا۔ اس سے زیادہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ کافی عرصہ سے محفل میں کوئی قابل ذکر تکنیکی پیش رفت نہیں ہوئی جس سے اردو کمیونٹی بڑے پیمانے پر استفادہ کر سکے۔ اور اس بات کا ہمیں شدت سے احساس ہے۔ ایسا بھی نہیں کہ بالکل بھی ایسا کوئی کام نہیں ہوا لیکن جتنے احباب اب محفل میں موجود ہیں اس تناسب سے اسے قابل ذکر نہیں کہا جا سکتا۔ وہیں دوسری جانب خوشگوار بات یہ ہے کہ ادبی زمرہ خاصا فعال رہا ہے جو کہ اردو ویب کے مقاصد کا ایک اہم جزو ہے۔
لہٰذا میں نے بھی محفل کو خدا حافظ کہنے پر سنجیدگی سےغور کرنا شروع کردیا ہے
ہمارا خیال ہے کہ ساجد بھائی کہیں نہیں گئے۔ وہ بطور محفلین اب بھی محفل کا حصہ ہیں اور ان شاء اللہ جلدی ہی فعال ہو جائیں گے۔ اگر آپ کی محفل میں موجودگی کسی کی ذات سے مشروط ہے یا آپ کی دلچسپی کا اب یہاں کوئی سامان نہیں بچا ہے تو آپ اپنی سنجیدگی برقرار رکھنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔ لیکن زیادہ بہتر صورت یہ ہوگی کہ اپنی محفل کو آباد رکھنے اور اس کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز دیں تاکہ پھر کبھی محفل کی رونق ماند نہ پڑے۔
بہرحال مجھے ذاتی طور پر بہت دُکھ اور افسوس ہوا یہ دیکھ کر کہ منتظمین میں سے کسی نے بھی یہاں کوئی تبصرہ کرنا ضروری نہیں سمجھا اور دھاگہ حسب سابق غیر سنجیدہ ہو رہا ہے صرف سعود بھائی نے تبصرہ کیا اور بہت زیادہ خؤشی ہوئی کہ انہوں نے اپنی کوتاہی کا اعتراف کیا
کسی بھی معاملے سے نمٹنے اور اس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرنے کا ہر کسی کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ ماضی میں ہمیں کچھ لوگوں کے محفل ترک کرنے کا ایسا صدمہ پہونچا تھا کہ ہم نے کئی وقتوں کا کھانا ترک کر دیا تھا۔ ساجد بھائی کا یہ اعلان کوئی چھوٹی موٹی بات نہیں ہے۔ ہم کسی اور کی وکالت تو کرنے سے رہے، جس کو جب اور جیسا مناسب معلوم ہوگا وہ تبصرہ کریں گے۔ ہم نے جس کوتاہی کا اعتراف کیا ہے وہ یہ ہے کہ ساجد بھائی کو ادارت کے لیے بعض سہولیات درکار تھیں جن میں سے کچھ تو تکنیکی وجوہات کے باعث فراہم نہ کی جا سکیں اور کچھ ہم اپنی مصروفیت و دیگر وجوہات کے چلتے بر وقت فراہم کرنے سے قاصر رہے۔
بہرحال اب تو محفل کا خدا حافظ ہے
ساجد بھائی کی خدمات سے محروم ہونا ایک بہت بڑا خسارہ ضرور ہے جس سے کسی کو انکار نہیں لیکن محفل کا خدا ہمیشہ سے حافظ رہا ہے، یہ کوئی نئی بات نہیں۔ کسی کو دوام نہیں، کل کو ہم آپ نہ ہوں تو بھی محفل کا کاروبار تب تک چلتا رہے گا جب تک اردو کمیونٹی اس کو چلانا چاہے گی۔ یہ کسی کی جاگیر یا وراثت نہیں ہے۔ ترجیحات نے تو محفل کے بانیان تک کو محفل سے بہت عرصہ تک وفا کرنے سے باز رکھا تو کیا محفل کی شمع بجھ گئی؟
ساجد بھائی اللہ آپ کو خوش رکھے اور کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھے
آمین
آمین!