فلک پر جو سدا کی روشنی ہے
یہ میری اک دُعا کی روشنی ہے
پلک میں جل اُٹھے ہیں رنگ کِتنے؟
یہ کیسی اک نگہ کی روشنی ہے؟
ہوا ہوتی ہے کیوں دُشمن دیے کی؟
دیئے میں تو ہوا کی روشنی ہے
قلم کو بھی یدِ بیضا ہی جانو!
قلم میں بھی خُدا کی روشنی ہے
مرے باہر اندھیرا ہے تو کیا غم
مرے اندر بلا کی روشنی ہے
ش زاد