ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل: روایتی حریف آسٹریلیا، انگلینڈ میں آج جوڑ پڑے گا
فوٹو بشکریہ کرکٹ ورلڈ کپ—
برمنگھم: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان ٹیم انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن ٹیم آسٹریلیا فائنل میں پہنچنے کے لیے سردھڑ کی بازی لگائیں گے۔
برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں ورلڈکپ سیمی فائنل کے دوسرے میچ کے لیے ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ہوگا جب کہ میچ کا آغاز ڈھائی بجے ہوگا۔
ورلڈکپ میں آسٹریلیا کو صرف 2 مرتبہ شکست کا سامنا رہا ہے جب کہ انگلش ٹیم کو 3 میچوں میں شکست ہوچکی ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم سیمی فائنل میں آٹھویں مرتبہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور اب تک 5 مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔
انگلش ٹیم چار مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے لیکن 1992 کے طویل عرصے کے بعد انگلینڈ ٹیم اب سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔
دونوں ٹیمیں 1975 میں ہونے والے پہلے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرچکی ہیں جس میں آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو بدترین شکست دی تھی لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے فائنل میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے گزشتہ روز مانچسٹر میں پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شرمناک شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی، آج کی فاتح ٹیم 14 جولائی اتوار کو نیوزی لینڈ سے فائنل میچ کھیلے گی۔