سیما علی

لائبریرین
تری گلی میں بہائے پھرے ہے سیل سرشک
ہمارا کاسۂِ سر کیا ہوا حباب ہوا

جوابِ خط کے نہ لکھنے سے یہ ہوا معلوم
کہ آج سے ہمیں اے نامہ بر جواب ہوا

بہادر شاہ ظفر
 

رباب واسطی

محفلین
آنکھیں
یہ کائنات صراحی تھی جام آنکھیں تھیں
مواصلات کا پہلا نظام آنکھیں تھیں
غنیم ِ شہر کو وہ تھا بصارتوں کا جنوں
کہ جب بھی لْوٹ کے لایا تمام آنکھیں تھیں
خطوط ِ نور سے ہر حاشیہ مزّین تھا
کتاب ِ نور میں سارا کلام آنکھیں تھیں
اب آگئے ہیں یہ چہروں کے زخم بھرنے کو
کہاں گئے تھے مناظر جو عام آنکھیں تھیں
وہ قافلہ کسی اندھے نگر سے آیا تھا
ہر ایک شخص کا تکیہ کلام آنکھیں تھیں
نظر فروز تھا یوسف کا پیرہن شاید
دیار ِ مصر سے پہلا سلام آنکھیں تھیں
کسی کا عکس بھی دیکھا تو رو پڑیں یکدم
قسم خدا کی بہت تشنہ کام آنکیں تھیں
ن م راشد​
 

رباب واسطی

محفلین
یہ دھوپ کنارا شام ڈھلے
ملتے ہیں دونوں وقت جہاں
جو رات نہ دن جو آج نہ کل
پل بھر کو امر پل بھر میں دھواں
اس دھوپ کنارے پل دو پل
ہونٹوں کی لپک
بانہوں کی چھنک
یہ میل ہمارا جھوٹ نہ سچ
کیوں رار کرو کیوں دوش دھرو
کس کارن جھوٹی بات کرو
جب تیری سمندر آنکھوں میں
اس شام کا سورج ڈوبے گا
سکھ سوئیں گے گھر در والے
اور راہی اپنی رہ لے گا
 

سیما علی

لائبریرین
خود کو مٹانا گم ہو جانا ناموری سے مشکل ہے
درویشی آسان نہیں ہے تاجوری سے مشکل ہے

جان و دل و دین و دھرم کیا نام خدا کیا نام رسول
کسی پہ سب کچھ قرباں کرنا دریا دلی سے مشکل ہے

عبد الہادی کاوش
 

لاريب اخلاص

لائبریرین
یہ کینوس پہ جو زرد چہرہ بنا رہے ہیں
تمہیں خبر ہو خزاں کا نقشہ بنا رہے ہیں

عجیب گھر ہے جو تیلیوں سے بنا ہوا ہے
ہم اس میں مٹی سے اک پرندہ بنا رہے ہیں

چھپا رہے ہیں بڑی مہارت سے عیب ان کا
تبھی تو چہرے کا ایک حصہ بنا رہے ہیں

ہوائیں کرنیں پرند خوشبو گزر سکیں گے
اسے دریچہ نہ سمجھو رستہ بنا رہے ہیں

بنا رہے ہیں ہم ایک پینٹنگ میں ایک پٹری
اور اس میں ماضی کا ایک لمحہ بنا رہے ہیں
نعیم ناز
 

رباب واسطی

محفلین
ہر لفظ کے تمام معانی میں ہم بھی تھے
کیا دور تھا کہ تیری کہانی میں ہم بھی تھے
اٹھتی ہے اک کسک تیری تصویر دیکھ کر
تازہ میں ہم نہیں، پرانی میں ہم بھی تھے
تو عام سا نہ جان ہمیں اے حسین شخص
جیسا تو اب ہے ویسے جوانی میں ہم بھی تھے
سیلاب غم میں جانے کہاں بہہ گئے وہ دن
جب تو بھی موج میں تھا، روانی میں ہم بھی تھے
پھر ایک روز اُس نے غزل سے دیا نکال
وہ شعر جس کے مصرعۂ ثانی میں ہم بھی تھے
 
Top