سیما علی

لائبریرین
چاند میری زمیں، پھول میرا وطن
میرے کھیتوں کی مٹی میں لعلِ یمن

میرے ملاح لہروں کے پالے ہوئے
میرے دہقاں پسینوں کے ڈھالے ہوئے

میرے مزدور اس دور کے کوہکن
چاند میری زمیں پھول میرا وطن

میرے فوجی جواں جرّاتوں کے نشاں
میرے اہلِ قلم عظمتوں کی زباں

میرے محنت کشوں کے سنہرے بدن
چاند میری زمیں پھول میرا وطن

میری سرحد پہ پہرہ ہے ایمان کا
میرے شہروں پہ سایہ ہے قرآن کا

میرا ایک اک سپاہی ہے خیبر شکن
چاند میری زمیں پھول میرا وطن

میرے دہقاں یونہی ہل چلاتے رہیں
میری مٹی کو سونا بناتے رہیں

گیت گاتے رہیں میرے شعلہ بدن
چاند میری زمیں پھول میرا وطن

ساقی جاوید
 

سیما علی

لائبریرین
اے وطن ہم ہیں تیری شمع کے پروانوں میں
زندگی ہوش میں ہے جوش ہے ایمانوں میں

دلِ عشاق کی مانند یہ تپتے میداں
یہ لچکتے ہوئے جنگل یہ تھرکتے ارماں
یہ پہاڑوں کی گھٹاؤں میں جوانی کی اٹھان
یہ مچلتے ہوئے دریاؤں میں انگڑائی کی شان
کتنے روشن ہیں دِیے تیرے شبستانوں میں
اے وطن ہم ہیں تیری شمع کے پروانوں میں
زندگی ہوش میں ہے جوش ہے ایمانوں میں

تیرے مزدور کی آنکھوں کے شرارے لے کر
تیرے دہقان کے ماتھے کے ستارے لے کر
چاندنی بوئیں گے جھلسے ہوئے میدانوں میں
اے وطن ہم ہیں تیری شمع کے پروانوں میں
زندگی ہوش میں ہے جوش ہے ایمانوں میں

ہم تجھے آگ کا دریا نہیں بننے دیں گے
ظلم و نفرت کا تماشہ نہیں بننے دیں گے
تجھ کو پالیں گے محبت کے گلستانوں میں
اے وطن ہم ہیں تیری شمع کے پروانوں میں
زندگی ہوش میں ہے جوش ہے ایمانوں میں

جوش ملیح آبادی
 

محمل ابراہیم

لائبریرین
اس لڑی میں آپ ہمیں اپنے پسندیدہ ملی نغموں کے بارے میں بتلا پائیں گے۔ زیادہ بہتر یہی ہے کہ نغمے کے ساتھ ساتھ اس کے بول بھی لکھ دیے جائیں تاکہ جو کوئی گنگنانا چاہے، تو اسے آسانی رہے۔ :)

لیجیے، ہم آغاز کیے دیتے ہیں۔

اے میرے پیارے وطن
اے وطن پیارے وطن

تجھ سے ہے میری تمناؤں کی دنیا پرنُور
عزم میرا ہے قوی، میرے ارادے ہیں غیور
میری ہستی میں انا ہے، میری مستی میں شعور
جاں فزا میرا تخیل ہے تو شیریں ہے سخن
اے میرے پیارے وطن

تو دل افروز بہاروں کا تر و تازہ چمن
تو مہکتے ہوئے پھولوں کا سہانا گلشن
تو نواریز انادل کا بہاریں مسکن
رنگ و آہنگ سے معمور ترے کوہ و دمن
اے میرے پیارے وطن

میرا دل تیری محبت کا ہے جاں بخش دیار
میرا سینہ تیری حُرمت کا ہے سنگین حصار
میرے محبوب وطن تجھ پہ اگر جاں ہو نثار
میں یہ سمجھوں گا ٹھکانے لگا سرمایہء تن
اے میرے پیارے وطن

اے وطن، پیارے وطن، پاک وطن، پاک وطن
اے میرے پیارے وطن
مجھے یہ نغمہ انتہائی پسند ہے روح سرشار ہو جاتی ہے سن کر
 
Top