محب علوی
مدیر
محفل اور اردو ویکیپیڈیا پر متحرک رکن محمد شعیب نے اردو ویکیپیڈیا پر اردو ادب عالیہ کی فہرست شائع کی اور پھر ان کتابوں کو ڈیجیٹل کتابوں میں ڈھالنے پر بھی کمر کس لی۔ اردو ادب عالیہ ٹائپنگ کو وہ خود ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں۔
اردو کے قلم کاروں کا سرمایہ الفاظ مختصر ہونے کی اہم وجہ اردو کے ادب عالیہ سے ان کی دوری ہے۔ چنانچہ اسی کے پیش نظر گزشتہ دنوں ان کتابوں کی فہرست سازی کی کوشش کی گئی۔ اس فہرست کی تیاری کے دوران میں یہ خیال آتا رہا ہے کہ ان کتابوں کی از سر نو طباعت ہونی چاہیے۔ لیکن سرمایہ کی عدم فراہمی اور خریداروں کی قلت کے باعث ناشرین کتب ایسی کتابوں کی طبع نو کی ہمت نہیں کر پاتے۔ اس صورت میں ہمیں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ ان کتابوں کو از سر نو ٹائپ کرکے نئے دیدہ زیب سرورق کے ساتھ آن لائن شائع کیا جائے۔
اردو ادب عالیہ کی حالیہ تیار شدہ فہرست کے مطابق ان کتابوں کی تعداد سو سے کم ہے اور سر دست فقط ان کتابوں کی آن لائن اشاعت نو مقصود ہے۔ اگر یومیہ سو دو سو احباب محض ایک ایک صفحہ بھی ٹائپ فرما دیں (ایک صفحہ ٹائپ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پندرہ منٹ درکار ہوں گے) تو ہفتہ عشرہ میں ایک کتاب مکمل ہو جائے گی جسے مخصوص ویب سائٹ پر رکھا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی اسے پی ڈی ایف کی شکل میں ڈاؤنلوڈ کے لیے مہیا کر دیا جائے گا۔
اگر آپ اس خیال سے اتفاق رکھتے ہیں اور کتابوں کی ٹائپنگ سے دلچسپی رکھتے ہیں تو ہمیں اپنی خواہش سے آگاہ کیجیے۔ آپ کو ٹائپنگ گروپ میں شامل کر لیا جائے گا جہاں فقط کتابوں کے صفحات کے عکس اور ان کے ٹائپ کردہ متن رکھنے کی اجازت ہوگی۔