فونٹ اردو فانٹس کیٹلاگ کااجراء

شاکرالقادری

لائبریرین
گوکہ داغ دہلوی کے بقول:
اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زبان کی ہے

۔۔۔۔۔۔
اور
۔۔۔۔۔۔
نہیں کھیل اے داغ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے

۔۔۔۔۔
اور میر تقی میر کی زبانی:
گفتگو ریختے میں ہم سے نہ کر

یہ ہماری زبان ہے پیارے
اردو زبان اپنی شیرینی، اسلوب ، لب و لہجہ اور کشادہ دامانی کے باعث بام عروج پر فائز تھی لیکن اس کے باوجود داغ دہلوی ہے کے شاگرد علامہ اقبال کا یہ ماننا تھا کہ:
گیسوئے اردو ابھی منت پذیر شانہ ہے
کیونکہ وہ جدید و قدیم علوم کے اظہار کے لیے زبان کی موجودہ صورت کو نا کافی جانتے تھے اور ان کے نزدیک ابھی بہت ساری گنجائشیں اس میں موجود تھیں چنانچہ اقبال نے اردو کو نئی تراکیب اور الفاظ کو معانی کی نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور اردو کا دامن کشادہ سے کشادہ تر ہوتا چلا گیا، اسی بات کو پطرس بخاری نے بھی شدت سے محسوس کیا اور وہ بھی لیلائے اردو کے گیسو سنوارنے میں مصروف رہے وہ اس زبان کو اعلیٰ تعلیم کا ذریعہ بنانا چاہتے تھے اور اس کیلئے ضروری تھا کہ اردو میں جدید علوم وفنون کا خزانہ موجود ہو۔ اس مقصد کیلئے انہیں فیض احمد فیض، ڈاکٹر ایم ڈی تاثیر، حفیظ جالندھری اور پروفیسر منظور حسین جیسے عمائدین کا مکمل تعاون بھی حاصل تھا۔
پھر جب انٹر نیٹ کا زمانہ آیا تو محسوس ہونے لگا کہ لیلائے اردو تو ابھی تک لذت گفتار اورلب و رخسار کے تذکروں تک ہی محدود ہے اس میں شاعری کی جا سکتی ہے، افسانہ لکھا جا سکتا ہے، فلسفیانہ موشگافیاں ہو سکتی ہیں لیکن جدید ترین تیکنیکی اصطلاحات کے معاملہ میں ابھی تک یہ تنگ دامانی کا شکار ہے اور کوئی بھی زبان اگرجدید علوم کا ساتھ نہ دے سکے تو وہ بہت جلد نسیا منسیا ہو جایا کرتی ہے اس ضرورت کے پیش نظر اردو زبان کی خدمت کے لیے نئی نئی جہتیں سامنے آئیں جن میں، جدید اصطلاحات کے تراجم، آن لائن فرہنگ سازی، اردو وکی پیڈیا کا قیام، اردو زبان میں ویب سائٹس ، بلاگز اور چوپالوں کا اجرا، سافٹ ویرز کے تراجم، اردو کے کلیدی تختے، انٹر نیٹ کے صارفین کو قومی زبان کی طرف راغب کرنا، یونی کوڈ میں گرانقدر اردو مواد کی فراہمی، آن لائن کتب خانوں کا قیام، طباعتی غرض سے اوپن سورس فانٹس اور ٹائپو گرافی وغیرہ جیسے میدان شامل ہیں چنانچہ اس باربھی کچھ صاحبان جنوں میدان عمل میں اترے اور بقول اقبال وارفتگان اردو کے ہوش خرد شکار کرنے لگے:
ہوش خرد شکار کر، قلب و نظر شکار کر
گیسوئے تابدار کو اور بھی تابدار کر
اردو ویب، اردومحفل اور القلم ایسے ہی دلدادگان اردو کی انجمنیں ہیں جہاں سے اردو زبان و ادب اورجدید لسانی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے شبانہ روز کاوشیں جاری ہیں ان اداروں کی جانب سے کی جانے والی خدمات کو اگر بیان کرنے لگوں تو شاید یہ مراسلہ اس کا متحمل نہ ہو سکے، یہ چند سطور تو محض تمہیدی طور پر لکھ دی ہیں، آپ احباب سے ان اداروں کی خدمات پوشیدہ نہیں اور عیاں را چہ بیاں کی مصداق ان کے ذکر سے اجتناب کرتے ہوئے حرف مطلب کی طرف آتا ہوں
جیسا کہ تمام احباب کو معلوم ہے کہ اردو محفل اور القلم کے پلیٹ فارم سے اردو ٹائیپو گرافی اور فونٹ سازی کے میدان میں قابل فخر خدمات انجام دی گئی ہیں اور آئے روز نت نئے خطوط (فانٹس) کے ذریعہ دامن اردو کو مالا مال کیاجا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بھی مختلف اطراف و جوانب سے اس ذخیرہ میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں اس امر کی شدت سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ:
• ان اردو خطوط کو یکجا کر کے ایک مرکزی ذخیرہ بنایا جائے اور اس بنیادی ذخیرہ کی ترتیب و تنظیم اور تمام فانٹس کی دیکھ بھال ایک منظم انداز میں ٹیم ورک کے ساتھ کی جائے
• اس ذخیرہ تک رسائی اور یہاں سے فونٹس حاصل کرنے کے لیے ایک اردو فانٹ کیٹلاگ/ شو کیس فراہم کیا جائے جہاں سے نہ صرف تمام فونٹس ڈاؤن لوڈ کیے جا سکیں بلکہ ان کے بارے میں ضروری معلومات بھی حاصل
• مرکزی ذخیرہ کو بھی ایک سے زائد مقامات پر رکھا جائے تاکہ کسی ایک سرور کے ڈاون یا غیر فعال ہونے کی صورت میں متبادل ذخیرہ بروئے کار لایا جا سکے اور صارف کو انتظار کی زحمت سے بچایا جا سکے
• فونٹ کیٹلاگ یا/ شوکیس کو ایک سے زائد مختلف مقامات پر نصب کیا جا سکے لیکن ہر شوکیس اسی بنیادی ذخیرہ کو استعمال کرے اور ڈاؤن لوڈز کے تمام اعدادو شماری مرکزی سطح پر جمع ہوتے جائیں اور تمام ان مقامات پر جہاں جہاں شوکیس نصب کیا گیا ہو یکساں طور پر ظاہر ہو سکیں،
• شوکیس میں فونٹس ڈاؤن لوڈ کرنے اور پری ویو دیکھنے کے ساتھ ساتھ ویب ڈیزائنر حضرا ت کی سہولت کے لیے CSS جنریٹ کرنے کا انتظام بھی کیا جائے
• بعض فانٹس کے ساتھ معلومات کے لیے اضافی مواد مثلا پی ڈی ایف یا ٹیکسٹ فائل بھی موجود ہوتا ہے اسی طرح کچھ فانٹس ایسے بھی ہیں جن کا سورس کوڈ بھی دستیاب ہے ایسے فانٹس کو مناسب نشانات (آئیکانز) کے ذریعہ نمایا اور ممتاز کیا جائے
• اپلی کیشن میں صارف کی راہنمائی کے لیے ایک عدد "یوزر مینول" بھی شامل ہو
• صارفین کی تجاویز، مشوروں اور آرا کے لیے فیڈ بیک کی سہولت بھی شامل کر دی جائے
ان تمام ضروریات اور دلدادگان اردو کی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے اردو محفل اور القلم کی ٹیم نے
یک دو شکن زیادہ کن گیسوئے تاب دار را
کی مصداق ایک اوپن سورس اپلی کیشن "جمیل خط نما" کو بنیاد بناتے ہوئے اردو فونٹ کیٹلاگ/ شوکیس اورسرور لانچ کیا ہے ، جس میں متذکرہ بالا تمام سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں
تمام فانٹس کا مرکزی ذخیرہ ایک ٹیم کے ذریعہ مرتب کیا گیا ہے اور اس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور شوکیس کو ابتدائی طور پر اردو محفل اور القلم سے ایک ساتھ لانچ کیا چا رہا ہے۔ تاہم بعد میں دوسری ویب سائٹس کے مالکان بھی اس شوکیس کو اپنے ڈومین کے ساتھ منسلک کر سکیں گے۔ آپ مندرجہ ذیل روابط پر دستک دیکر شوکیس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ۔

اردو محفل فونٹ سرور

جہان قلم فونٹ سرور

  • ابتدائی طور پر اس شوکیس میں صرف اردو فانٹس کو ہی شامل کیا گیا ہے تاہم ہماری ٹیم مستقبل میں دوسری زبانوں کے فانٹس کو بھی شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور ان فانٹس کی کیٹلاگنگ پر زور و شور سے کام جاری ہے
  • اس وقت فونٹ شوکیس میں400 سے زائد اردو فانٹس کا ذخیرہ موجود ہے
آخر میں ایک گزارش کرنا چا ہوں گا کہ یہ تمام کام صرف اردو کے فروغ کی نیت سے کیا گیا ہے اور محبان اردو کے لیے ایک تحفہ سمجھ کر پیش کیا جا رہا ہے اس سے نہ تو ذاتی تشہر مطلوب ہے نہ کوئی کاروباری مفاد مقصود، لہذا اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے والی ٹیم کے لیے صدق دل سے دعائیں کیجئے گا اور اس شوکیس کو استعمال کرنے کے بعد فیڈ بیک کے ذریعہ اپنی آرا اور تجاویز دینا مت بھولیے گا۔

والسلام

uwfs-screenshot.png

نوٹ:
ویب سائٹ، فورم یا بلاگ مالکان اپنے بلاگ پر بائیں جانب چسپاں اشتہار شامل کرنے کے لئے درج ذیل کوڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ تھیم کے مطابق بارڈر اور بیک گراؤنڈ کے رنگوں کی تبدلی ذرا سی تدوین سے ممکن ہے۔
HTML:
<div style="width:34px;height:132px;background:#FF8040;border:2px solid #2F4456;border-left:0;position:fixed;top:220px;left:0;z-index:99999999;-moz-border-radius-bottomright:10px;border-radius-bottom-right:10px;-webkit-border-bottom-right-radius:10px;-moz-border-radius-topright:10px;border-radius-top-right:10px;-webkit-border-top-right-radius:10px;"><a href="http://font.urduweb.org/" target="_blank"><img src="http://font.urduweb.org/images/jkn-vert-left.png" alt="UrduWeb Font Server" title="UrduWeb Font Server" style="width:32px;height:128px;margin:2px;" /></a></div>
 

مکی

معطل
بڑی مدت کے بعد کوئی اچھی خبر سسنے کو ملی.. اگرچہ میں پہلے ہی دیدار کر چکا تھا ;)

اس اہم پروجیکٹ پر کام کرنے والے داد وتحسین کے مستحق ہیں جن میں ابن سعید بھائی سر فہرست ہیں، یہ سرور انہی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے..
 

arifkarim

معطل
بڑی مدت کے بعد کوئی اچھی خبر سسنے کو ملی.. اگرچہ میں پہلے ہی دیدار کر چکا تھا ;)

اس اہم پروجیکٹ پر کام کرنے والے داد وتحسین کے مستحق ہیں جن میں ابن سعید بھائی سر فہرست ہیں، یہ سرور انہی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے..

فانٹس کے ناموں میں بھی بعض تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ ٹیسٹ کریں کہ نفیس اور القلم سیریز لینکس پر درست کام کر رہی ہے؟
 

dehelvi

محفلین
کیٹلاگ مرتب فرمانے والے احباب کو بالعموم اور شاکر القاری بھائی کو بالخصوص سویدائے قلب سے ہدیہ تبریک۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
بڑی مدت کے بعد کوئی اچھی خبر سسنے کو ملی.. اگرچہ میں پہلے ہی دیدار کر چکا تھا ;)

اس اہم پروجیکٹ پر کام کرنے والے داد وتحسین کے مستحق ہیں جن میں ابن سعید بھائی سر فہرست ہیں، یہ سرور انہی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے..
میں تو اس بات کا ذکر اپنے مراسلہ میں بھی کرنا چاہتا تھا لیکن ابن سعید مصر تھے کہ یہ ذاتی نمود کا باعث ہوگا، لیکن حق بہ حق دار رسید، ان کے اس کارنامے کی داد نہ دینا بخل ہوگا
 

arifkarim

معطل
میں تو اس بات کا ذکر اپنے مراسلہ میں بھی کرنا چاہتا تھا لیکن ابن سعید مصر تھے کہ یہ ذاتی نمود کا باعث ہوگا، لیکن حق بہ حق دار رسید، ان کے اس کارنامے کی داد نہ دینا بخل ہوگا

جنہیں صرف کام سے غرض ہوتی ہے وہ نام کی پرواہ نہیں کرتے۔ قائد کے قول "کام ،کام اور صرف کام" پر چلنے والوں کا نام اپنے آپ لوگوں کی زبانوں پر جاتا ہے۔ خود بتانے کی ضرورت ہی نہیں :)
 

فہیم

لائبریرین
ماشاءاللہ اچھی چیز ہے۔
میری طرف سے سب کو مبارک باد:)

ایک چیز کے سلسلے میں تھوڑی مدد چاہوں گا کہ۔
جس جگہ سیمپل ٹیکسٹ لکھا ہے وہاں نہ تو فونٹ سیلیکٹ کرنے پر فونٹ تبدیل ہورہا ہے نہ وہاں آپ اپنی مرضی کا کوئی ٹیکسٹ لکھ سکتے ہیں۔
فونٹ بس نیچے اڈاپٹ 109 لکھا آرہا ہے وہاں تبدیل ہورہا ہے۔ اور اس اڈاپٹ 109 کو ایڈٹ کرنے کا کوئی طریقہ مجھے نہیں مل سکا۔

تو معلوم یہ کرنا ہے کہ ہم اپنی مرضی کا ٹیکسٹ لکھ کر کیسے فونٹ چیک کرسکتے ہیں؟
 
ماشاءاللہ اچھی چیز ہے۔
میری طرف سے سب کو مبارک باد:)

ایک چیز کے سلسلے میں تھوڑی مدد چاہوں گا کہ۔
جس جگہ سیمپل ٹیکسٹ لکھا ہے وہاں نہ تو فونٹ سیلیکٹ کرنے پر فونٹ تبدیل ہورہا ہے نہ وہاں آپ اپنی مرضی کا کوئی ٹیکسٹ لکھ سکتے ہیں۔
فونٹ بس نیچے اڈاپٹ 109 لکھا آرہا ہے وہاں تبدیل ہورہا ہے۔ اور اس اڈاپٹ 109 کو ایڈٹ کرنے کا کوئی طریقہ مجھے نہیں مل سکا۔

تو معلوم یہ کرنا ہے کہ ہم اپنی مرضی کا ٹیکسٹ لکھ کر کیسے فونٹ چیک کرسکتے ہیں؟

سیمپل ٹیکسٹ میں مکمل حروف تہجی شامل کر دی گئی ہے اور طوالت سے بچنے کی خاطر رومن و اردو اعداد کو شامل نہیں کیا گیا ہے نیز یہ کہ دو الفاظ "فونٹ" اور "ٹیسٹ" اور ساتھ ہی تین ترسیمے "فو"، "نٹ" اور "ٹیسٹ" بھی شامل کیئے گئے ہیں تاکہ ورڈ اسپیسنگ، لیٹر اسپیسنگ، لائن ہائٹ جیسی کئی خصوصیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان سب کا مقصد گاگر میں ساگر بھرنا تھا۔ اور در اصل اس کو قابل تدوین نہ رکھنے کے پیچھے ایک طویل کہانی ہے اور جس مقصد کے لئے ایسا فیصلہ لیا گیا تھا وہ فی الحال قابل عمل نہیں ہے۔ سچ پوچھئے تو وہ فیصلہ آپ کے اسی سوال کے دوسرے حصے سے متعلق ہے کہ سیمپل ٹیکسٹ کا فونٹ کیوں نہیں بدلتا۔ فی الحال سیمپل ٹیکسٹ کا لطف تبھی لیا جا سکتا ہے جب منتخب شدہ فونٹ آپ کی مشین میں نصب ہو۔ ساتھ ہی فونٹ نصب ہوا تو آپکو نچلے خانے میں بائیں طرف فونٹ کا نام بھی اسی فونٹ میں دکھے گا۔ نچلے حصے میں دائیں جانب دکھنے والے "اڈاپٹ 159" کا قصہ یوں ہے کہ وہ ایک عدد ٹرانسپیرینٹ جی ائی ایف امیج ہے جو منتخب شدہ فونٹ میں تیار کیا گیا ہے تاکہ خواہ منتخب شدہ فونٹ مشین پر انسٹال ہو خواہ نہ ہو آپ کو اس کا نمونہ دکھ جائے۔ اردو حروف کے ساتھ ہی اس میں انگریزی حروف، انگریزی و اردو اعداد و سمبل شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ اندازہ ہو سکے کہ کس بلاک میں کیا موجود ہے۔ اگر آپ دائیں جانب نچلے حصے پر نگاہ رکھتے ہوئے کی بورڈ کی اپ ڈاؤن ایرو کیز سے فونٹ لسٹ کو ایکسپلور کریں تو آپ کو کسی ڈیسکٹاپ ایپلیکیشن کا لطف آ سکتا ہے۔ ایک اضافی معلومات اور دے دوں کہ کسی فونٹ کی قطار پر ڈبل کلک کرنے سے کچھ مزید تفصیلات بھی سامنے آتی ہیں جن میں پورا سپورٹیڈ کیریکٹر میپ بھی موجود ہوتا ہے۔

اگر احباب کا اصرار ہوا تو اپنی مرضی کا متن لکھنے کی سہولت شامل کی جا سکتی ہے پر میں نہیں سمجھتا کہ یہ اتنا ضروری ہے۔
 
فانٹس کے ناموں میں بھی بعض تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ ٹیسٹ کریں کہ نفیس اور القلم سیریز لینکس پر درست کام کر رہی ہے؟

ہمارے تجربات کے نتیجے میں یہ فیڈورا میں درست پایا گیا ہے۔ ہم نے القلم سیریز کے تین فونٹ بیک وقت نصب کر کے آزما لیا ہے۔
 
بڑی مدت کے بعد کوئی اچھی خبر سسنے کو ملی.. اگرچہ میں پہلے ہی دیدار کر چکا تھا ;)

اس اہم پروجیکٹ پر کام کرنے والے داد وتحسین کے مستحق ہیں جن میں ابن سعید بھائی سر فہرست ہیں، یہ سرور انہی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے..

جو "سر فہرست" تھے ان کا ذکر خیر اپنی جگہ پر ان کے ذکر کا کیا جو "بر سر فہرست" ہیں اور جن کے بار بار تنگ کرنے کے باعث جھنجھلاہٹ میں آکر ٹالنے بلکہ ٹالتے رہنے کا عمل ٹل گیا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق جو سر فہرست ہیں ان کا کام جو بر سر فہرست ہیں انکے کام کا ایک چوتھائی بھی نہیں۔ اور ان کا ذکر کیوں کر گول ہو جن کو ایسے کسی ایپلیکیشن کا الہام ٹھیک تب ہوا جب کہ ایپلیکیشن کا پروٹوٹائپ تیار تھا اور ڈاٹا ایٹری کا کام چل رہا تھا۔ :)
 

arifkarim

معطل
ایپلکیشن میں درج ذیل مزید خوبیوں کو شامل کر دیا گیا ہے:
1۔ فانٹ گرِڈ میں رہتے ہوئے Ctrl+s دبانے پر فانٹ سیو کرنے کی سہولت۔
2. فانٹ گرِڈ میں رہتے ہوئے Ctrl+d دبانے پر Details ونڈو کھولنے کی سہولت۔
یاد رہے کہ Details ونڈو کو Esc کی دبا کر بند کیا جا سکتا ہے۔ جسکے بعد بذریعہ ماؤس واپس مین گرِڈ تک رسائی ممکن ہو گی :)
 

نعیم سعید

محفلین
ماشاء اللہ، بہت زبردست سہولت مہیا کر دی، جن جن احباب نے اس کی تیاری میں محنت کی سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔
 
ایپلکیشن میں درج ذیل مزید خوبیوں کو شامل کر دیا گیا ہے:
1۔ فانٹ گرِڈ میں رہتے ہوئے Ctrl+s دبانے پر فانٹ سیو کرنے کی سہولت۔
2. فانٹ گرِڈ میں رہتے ہوئے Ctrl+d دبانے پر Details ونڈو کھولنے کی سہولت۔
یاد رہے کہ Details ونڈو کو Esc کی دبا کر بند کیا جا سکتا ہے۔ جسکے بعد بذریعہ ماؤس واپس مین گرِڈ تک رسائی ممکن ہو گی :)

مزید اس مشکل کا سامنا نہیں کرنا ہوگا کیوں کہ یہ مسئلہ ختم ہو چکا ہے اور اب کی بورڈ شارٹ کٹ کا لطف ہی کچھ اور ہے۔ :)
 
Top