میں اس موضوع پر شاید ایک ہی مرتبہ سب کچھ نہیں لکھ پاؤں گا۔ اسی لیے تھوڑا تھوڑا کرکے اپنی گزارشات پیش کرتا رہوں گا۔
اس وقت اردو جریدے کو جس شکل میں پیش کیا جا رہا ہے، یہ کام آج سے کئی ماہ قبل بھی ہو سکتا تھا کیونکہ اس وقت بھی اس کی یہی شکل و صورت تھی۔ اس کام میں تاخیر کیوں ہوئی؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں اسے کسی حد تک پروفیشنل انداز میں ڈھالنے کے بعد ہی منظر عام پر لانا چاہتا تھا۔ محفل فورم اپنے آغاز پر ایک سادہ سی فورم تھی۔ اس وقت یہ بالکل نئی چیز تھی اور لوگوں کی توقعات اتنی زیادہ بھی نہیں تھیں۔ ہم نے محفل فورم میں بہتری لانے کے عمل میں ارتقاء پر بھی بھروسہ کیا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ لوگوں کے مشوروں کے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلیاں لاتے رہے اور آج الحمدللہ یہ کم و بیش ایک پورٹل کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
جریدے کے کیس میں میرا نقطہ نظر یہ تھا کہ اس مرتبہ لوگوں کی توقعات بڑھی ہوئی ہوں گی، اسی لیے ہمیں پہلے ایک سطح کا معیار حاصل کرنے کے بعد ہی اس کام کو منظر عام پر لانا چاہیے۔ مجھے اس لائحہ میں بوجوہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان وجوہ کا ذکر میں آگے چل کر کروں گا۔ فی الحال تو اتنا ہی کہنا ہے کہ ہم اردو جریدے کا آغاز تجرباتی طور پر کر رہے ہیں اور ہماری امید ہے کہ ارتقاء کے عمل سے گزرتے ہوئے اس میں بھی ویسے ہی بہتری آتی جائے گی جیسا کہ محفل فورم کے کیس میں ہوا تھا۔