لینکس اردو کوڈر لینکس (ٹیسٹنگ 2)

مکی

معطل
گزشتہ ماہ میں نے اردو کوڈر لینکس ٹیسٹنگ جاری کی تھی اور اب اسی کا ایک بہتر نسخہ اردو کوڈر لینکس ٹیسٹنگ 2 جاری کر رہا ہوں، اس نسخے میں، میں نے سابقہ نسخے کے مسائل یا بگ ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ کافی بہتری لانے کی بھی کوشش کی ہے، سابقہ نسخے میں تنصیب کے بعد ہوم ڈائریکٹری غائب ہوجاتی تھی لیکن اب یہ مسئلہ حل کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ دیگر مسائل بھی ٹھیک کئے گئے ہیں لیکن سب سے بڑا اور اہم مسئلہ نستعلیق فونٹ کی رینڈرنگ کا تھا کیونکہ یہ کارمک پر مبنی ہے جس میں نستعلیق فونٹ درست طور پر رینڈر نہیں ہوتا لیکن الحمد للہ یہ مسئلہ بھی حل کردیا ہے اور کارمک پر مبنی ہونے کے با وجود اس میں نستعلیق فونٹ کی رینڈرنگ زبردست ہے.

سابقہ نسخے میں فائل ایسوسی ایشن کا مسئلہ درپیش تھا جس کی وجہ سے ہر فائل کو بتانا پڑتا تھا کہ اسے کس اطلاقیے میں کھولا جائے یہی وجہ تھی کہ ڈیسک ٹاپ پر تنصیب کی آئکن کام نہیں کرتی تھی، تحقیق کرنے پر یہ پی سی مین کا مسئلہ نکلا چنانچہ اس کا حل ایک اور ہلکے پھلکے فائل منیجر تھنر سے نکالا جس سے ردی کا فائدہ بھی حاصل ہوگیا کیونکہ پی سی مین میں ردی نہیں ہوتی، میں نے تھنر فائل منیجر کی آئکن ڈیسک ٹاپ میں شامل کردی ہے تاکہ اس کا استعمال آسانی سے کیا جاسکے.

چونکہ اردو کوڈر لینکس کا مقصد اسے پرانے کمپیوٹروں پر بہتر کارکردگی دکھانے کے قابل بنانا ہے اسی لیے اس نسخے میں ایک ہلکا پھلکا ویب براؤزر کازے ہکاسے شامل کیا گیا ہے جو مکمل طور پر اردو میں ہے، اس طرح ایک ہلکے پھلکے اردو ویب براؤزر کی کمی پوری ہوئی، اس براؤزر کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ جیکو اور ویب کِٹ دونوں کو استعمال کر سکتا ہے.

ٹاسک منیجر کی بھی کمی تھی جو اب شامل کردیا گیا ہے اس کے علاوہ اوسمو ذاتی منظم اور نیٹ ورک منیجر کا اردو ترجمہ بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ سٹار ڈکشنری جس میں پہلے سے ہی انگریزی اردو لغت شامل ہے کا ادھورا اردو ترجمہ شامل ہے جو اگلے نسخے میں ان شاء اللہ مکمل کردیا جائے گا، میری پوری کوشش ہوگی کہ ہر اگلے نسخے میں زیادہ سے زیادہ اطلاقیوں کا اردو ترجمہ شامل کیا جائے.

سابقہ نسخے میں کوئی گیم نہیں تھی جبکہ اس نسخے میں دس عدد گیمز شامل کی گئی ہیں، مزید تبدیلیوں کی فہرست کافی طویل ہے.

اگرچہ سابقہ نسخے کے مقابلے میں اس میں کم مسائل ہیں تاہم دو عدد مسئلے اب بھی موجود ہیں جن کا حل بھی انتہائی آسان ہے، پہلا مسئلہ تو وہی پرانا ہے کہ جب آپ لائیو سی ڈی سے بوٹ کر کے ڈیسک ٹاپ پر پہنچیں گے تو ڈیسک ٹاپ پر پڑی تنصیب کی آئکن کام نہیں کرے گی، حل بھی وہی پرانے ہے یعنی فہرست سے '' چلائیں '' پر کلک کریں اور ubiquity لکھیں یا پھر تھنر فائل منیجر سے ڈیسک ٹاپ پر جاکر تنصیب کی آئکن پر کلک کریں، اس طرح انسٹالر چل جائے گا، دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ تنصیب کے بعد جب آپ پیکج منیجر کو چلانے کی کوشش کریں گے تو وہ ایرر دے کر چلنے سے انکاری ہوجائے گا جو دراصل پلس آڈیو کے ایک بگ کی وجہ سے ہو رہا ہے، تاہم اس مسئلے کا حل بھی انتہائی آسان ہے، سب سے پہلے تو ٹرمنل چلائیں اور پیکجز کی فہرست اپڈیٹ کریں:

کوڈ:
sudo apt-get update
جب اپڈیٹ مکمل ہوجائے تو پلس آڈیو کو نصب کردیں:

کوڈ:
sudo apt-get install pulseaudio
اس طرح یہ مسئلہ بھی ختم ہوجائے گا اور پیکج منیجر بڑے سکون سے چلے گا، یہ تو تھے وہ دو معمولی سے مسئلے جن کا حل بھی انتہائی آسان ہے، باقی مسائل فنی نوعیت کے ہیں جن کا صارف کے کام سے قطعی کوئی تعلق نہیں، یہ کارمک کے سٹیبل کرنل پر مبنی ہے جو ابھی تک نہ صرف ابنٹو کا حالیہ نسخہ ہے بلکہ اسے اپریل 2011ء تک سپورٹ بھی مہیا کی جانی ہے.. تاہم اسے مزید بہتر بنانے اور مزید اردو کرنے پر کام جاری ہے اگلا نسخہ ان شاء اللہ مزید بہتر اور مزید اردو ہوگا، باقی اس میں سابقہ نسخے کی طرح اردو فونٹ، ملٹی میڈیا کوڈیک، فلیش اور اردو کیبورڈ پہلے سے فعال ہے.

اردو کوڈر لینکس (ٹیسٹنگ) 0.2 کی کچھ تصاویر:






















یہ 640 میگا بائٹ کا آئی ایس او ہے جس کے 47.7 میگا بائٹ کے 14 حصے فور شیئرڈ پر اپلوڈ کردیے گئے ہیں جنہیں آپ ڈاؤنلوڈ کر کے آئی ایس او حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ ڈراپ بکس پر اپلوڈنگ جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی ڈراپ بکس کا براہ راست ربط فراہم کردیا جائے گا.

ڈاؤنلوڈ فور شیئرڈ سے urducoder.com-linux-0.2-testing.iso

ڈاؤنلوڈ ڈراپ بکس سے urducoder.com-linux-0.2-testing.iso

دعاء کی درخواست.
 

نبیل

تکنیکی معاون
مکی بھائی، اردو ویب کے ہوتے ہوئے آپ کو فور شئیرڈ کی ضرورت کیوں پڑی؟
اگر یہ باقاعدہ سوفٹویر ریلیز ہے تو اسے سوفٹویر ریلیز فورم میں نہ منتقل کر دیا جائے؟
 

مکی

معطل
مکی بھائی، اردو ویب کے ہوتے ہوئے آپ کو فور شئیرڈ کی ضرورت کیوں پڑی؟
اگر یہ باقاعدہ سوفٹویر ریلیز ہے تو اسے سوفٹویر ریلیز فورم میں نہ منتقل کر دیا جائے؟

اصل میں اس کا مقصد ایک باقاعدہ اردو لینکس ڈیسٹرو کا اجراء ہے جس کی یہ صرف ایک کڑی ہے اور نام بھی محض علامتی ہے، میرا خیال تھا کہ فائنل ریلیز کو ہی سرور پر رکھا جائے بجائے اس کے کہ سرور کو ٹیسٹنگ ریلیز سے بھردیا جائے..

میں اسے اردو سوفٹ ویئر ریلیز کے فورم میں ہی پوسٹ کرنا چاہ رہا تھا مگر شاید نظر کمزور ہوگئی ہے.. ;)
 

الف عین

لائبریرین
زبردست مکی، یہ تمہارے نام کی مناسبت کا ہی کرم ہے شاید جو ایسی ایسی خدمات و اعزازات تمہارے نام ہو جاتے ہیں۔
 
ویسے بغیر کمپریس کیئے پیکیج سورس کوڈ کا سائز کتنا ہے؟ کیوں کہ گٹ ہب پر اوپن سورس سوفٹوئیرز کے لئے سروس ابیوز سے بچنے کی خاطر 300 ایم بی کی لمٹ رکھی گئی ہے جسے ضرورت پڑنے پر جینوئین پروجیکٹس کے لئے انھیں ای میل کر کے بڑھوایا جا سکتا ہے۔

میرا مشورہ یہ ہے کہ ڈیویلپمینٹ ریپوزیٹری گٹ ہب پے رکھی جائے اور اسٹیبل یا ٹیسٹنگ بائنری پیکیجیز کہیں اور مثلاً اردو ویب اور/یا ڈراپ باکس میں مہیا کرائے جائیں۔ اس طرح سورس کوڈ ریپوزیٹری صرف کنٹریبیوٹرس کے مصرف کی چیز ہوگی۔ جبکہ پروڈکٹ اینڈ یوزر اسے دوسرے ذرائع سے حاصل کر کیں گے۔ ضرورت پڑنے پر لینکس کی بائنری ہوسٹنگ ریپوزیٹریز میں بھی رکھوائی جا سکتی ہے۔
 

عمار عاصی

محفلین
نستعلیق فونٹ کی رینڈرنگ تو واقعی بہت شاندار لگ رہی ہے۔ اس کے لیے کیا جگاڑ لگایا ہے اس کی وضاحت کریں گے؟

پوچھنے کا مقصد یہ کہ کیا یہ جگاڑ ابنٹو میں بھی لگایا جا سکتا ہے۔
 

ابوشامل

محفلین
مکی بھائی! بیماری سے ابھی اٹھا ہوں۔ مکمل صحت بحال نہیں ہوئی۔ میں اسے ڈاؤنلوڈ کر کے آپ کو رپورٹ کرتا ہوں۔
 

ابوشامل

محفلین
اور ہاں مکی بھائی یہ بتائیے کہ خودکار طور پر جو اردو کی بورڈ نصب کیا گیا ہے اس میں سے کہیں این ایل اے والا کی بورڈ اڑا تو نہیں دیا گیا؟
 

نبیل

تکنیکی معاون
نستعلیق فونٹ کی رینڈرنگ تو واقعی بہت شاندار لگ رہی ہے۔ اس کے لیے کیا جگاڑ لگایا ہے اس کی وضاحت کریں گے؟

پوچھنے کا مقصد یہ کہ کیا یہ جگاڑ ابنٹو میں بھی لگایا جا سکتا ہے۔

مکی بھائی نے بتایا ہے کہ یہ ڈسٹریبیوشن اوبنٹو پر ہی مبنی ہے۔ اوبنٹو فونٹس کی رینڈرنگ کے لیے الگ سے کوئی جگاڑ لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ لینکس پر فونٹس رینڈرنگ اب ونڈوز کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
فونٹس کی رینڈرنگ سے خیال آیا کہ فری ٹائپ فونٹ راسٹرائزر کو ایک فلیگ شامل کرکے بہتر رینڈرنگ کے لیے کمپائل کرنا ممکن ہے۔ اس کمپائلر فلیگ کو ایپل کمپنی کے کچھ پیٹنٹس کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے لیکن ان ممالک میں جہاں ایپل کا پیٹنٹ نہیں چلتا وہاں فری ٹائپ کو بہتر رینڈرنگ کے لیے کمپائل کیا جا سکتا ہے ۔ ویسے ایپل کے یہ پیٹنٹس ایکسپائر بھی ہونے والے تھے۔ اس کا بھی پتا کر لینا چاہیے۔ مکی بھائی سے درخواست ہے کہ وہ اس جانب بھی کچھ تحقیق کر لیں۔ اگر اردو کوڈر لینکس میں دستیاب فونٹس رینڈرنگ کو مزید بہتر بنایا جانا ممکن ہوتو اس کی افادیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ فری ٹائپ کو ٹرو ٹائپ ہنٹنگ کے ساتھ کمپائل کرنے کے بارے میں تفصیل اس ربط پر دیکھی جا سکتی ہے۔
 

مکی

معطل
میں تو git استعمال کرتا ہوں اپنے تمام ویب پروجیکٹس کے ورژن مینیجمینٹ کے لئے۔

میں نے چیک کیا ہے.. چیز تو اچھی ہے مگر میں کوئی اور طریقہ چاہتا تھا جیسے ابنٹو میں اجراء کی تاریخ ہی ورژن ہوتا ہے اور بعض ڈیسٹروز میں ہر نسخے کا الگ نام ہوتا ہے..
 
Top