بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ایک اسکول کی چھت گر گئی جس سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ایک گھر کی چھت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں جہاں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں زلزلے کے باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے، جبکہ پارلیمنٹ میں صنعت و پیدوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔
تاحیات نا اہلی ہے یا نہیں سے متعلق کیس کی سماعت میں جہانگیر ترین کے وکیل کے دلائل کے دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تحمل رکھیں کچھ دیر کے آفٹر شاکس ہیں ختم ہو جائیں گے۔
اس کے جواب میں وکیل جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب میں دلائل کے لیے روسٹر پر ہوں اور زلزلہ آگیا۔
پشاور کے علاقےلنڈی ارباب میں زلزلے کےباعث اسکول میں بھگڈر مچ گئیجبکہ ملک کے بیشتر علاقوں سےلوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں سُپر بلیو بلڈ مون‘ ہو گا اور ماہرین کے مطابق جب بھی سپر مون ہوتا ہے تو زمین پر چاند کی کشش بے پناہ بڑھ جاتی ہے جس کے سبب اس قسم کے واقعات پیش آنے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔
ماضی میں بھی سپر مون کے موقع پر ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جس کے سبب ماہرین نے اس قسم کے حادثات کی پیشن گوئی کر رکھی ہے۔
روزنامہ جنگ