اقتباسات اشفاق احمد کی کتاب " زاویہ ۲ " سے اقتباس

سید زبیر

محفلین
اشفاق احمد کی کتاب " زاویہ ۲ " سے اقتباس​
" ہمارے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ڈپریشن کے مرض سے پریشان ہیں کروڑوں روپے کی ادویات سے ڈپریشن ختم کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں اور یہ مرض ایسا ہے کہ خوفناک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور اچھوت کی بیماری لگتا ہے ۔ ہمارے بابے جن کا میں ذکر کرتا ہوں۔اور وہ بھی اس Stress یا ڈپریشن کے مرض کا علاج ڈھونڈنے میں لگے ہوئے ہیں تا کہ لوگوں کو اس موذی مرض سے نجات دلائی جائے ۔پرسوں ہی جب میں نے باباجی کے سامنے اپنی یہ مشکل پیش کی تو انہوں نے کہا کہ کیا آپ ڈپریشن کے مریض کو اس بات پر مائل کر سکتے ہیں کہ وہ دن میں ایک آدھ دفعہ​
" بونگیاں ' مار لیا کرے ۔ یعنی ایسی بات کریں جس کا مطلب اور معنی کچھ نہ ہو ۔ جب ہم بچپن میں گاؤں میں رہتے تھے اور جوہڑ کے کنارے جاتے تھے اور اس وقت میں چوتھی جماعت میں پڑھتا تھا اس وقت بھی پاپ میوزک آج کل کے پاپ میوزک سے بہت تیز تھا اور ہم پاپ میوزک یا گانے کے انداز میں یہ تیز تیز گاتے تھے​
' مور پاوے پیل​
سپ جاوے کھڈ نوں​
بگلا بھگت چک لیا وے ڈڈ نوں​
تے ڈڈاں دیاں لیکھاں نوں کون موڑ دا '​
( مور ناچتا ہے جبکہ سانپ اپنے سوراخ یا گڑھے میں جاتا ہے ۔ بگلہ مینڈک کو خوراک کے لیے اچک کر لے آتا ہے اور اس طرح سب اپنی اپنی فطرت پر قائم ہیں اور مینڈک کی قسمت کے لکھے کو کون ٹال سکتا ہے )
ہم کو زمانے نے اس قدر سخت اور سنجیدہ کردیا ہے کہ ہم بونگی مارنے سے بھی قاصر ہیں ۔ہمیں اس قدر تشنج میں مبتلا کردیا ہے کہ ہم بونگی بھی نہیں مار سکتے باقی امور تو دور کی بات ہے آپ خود اندازہ لگا کر دیکھیں آپ کو چوبیس گھنٹوں میں کوئی ایسا وقت نہیں ملے گا جب آپ نے بونگی مارنی کی کوشش کی ہو لطیفہ اور بات ہے وہ باقاعدہ سوچ سمجھ کر موقع کی مناسبت سے سنایا جاتا ہے جبکہ بونگی کسی بھی وقت ماری جاسکتی ہے ۔روحانی ادویات اس وقت بننی شروع ہوتی ہیں جب آپ کے اندر معصومیت کا ایک ہلکا سا نقطہ موجود ہوتا ہے یہ عام سی چیز ہے چاہے سوچ کر یا زور لگا کر ہی لائی جائے ،خوبصورت ہے ، علامہ اقبالؒ فرماتے ہیں​
بہتر ہے دل کے پاس رہے پاسبا نِ عقل​
لیکن کبھی کبھی اسے تنہا بھی چھوڑ دے​
عقل کو رسیوں میں جکڑنا نہیں اچھا 'جب تک عقل کو تھوڑا آزاد کرنا نہیں سیکھیں گے ہماری کیفیت رہی ہے جیسی گذشتہ ۵۳ برسوں میں رہی ہے (یہ پروگرام سن ۲۰۰۰ میں نشر ہوا تھا ) صوفیائے کرام اور بزرگ کہتے ہیں کہ جب انسان آخرت میں پہنچے گا اور اس وقت ایک لمبی قطار لگی ہوئی ہوگی اللہ تعالیٰ وہاں موجود ہوں گے وہ آدمی سے کہے گا کہ ' اے بندے! میں نے تجھے جو معصومیت دے کر بھیجا تھا وہ واپس دے دے اور جنت میں داخل ہو جا '​
جس طرح گیٹ پاس ہوتے ہیں اللہ یہ بات ہر شخص سے پوچھے گا لیکن ہم کہیں گے کہ یا اللہ ! ہم نے تو ایم اے ایل ایل بی یا پی ایچ ڈی بڑی مشکل سے کیا ہے لیکن ہمارے پاس وہ معصومیت نہیں ہے ' ۔خواتین و حضرات ! روحانی دوا میں معصومیت وہ اجزائے ترکیبی یا نسخہ ہے جس کا گھوٹا لگے گا تو روحانی دوا تیار ہوگی ۔ اور اس نسخے میں تھوڑی سی معصومیت درکار ہے ۔ اس دوائی کو بنانے کے لیے ڈبے ، بوتلیں وغیرہ نہیں چاہئیں بلکہ جب آپ روحانی دوا بنائیں تو سب سے پہلے ایک تھیلی بنائیں جس طرح جب ہم بڈھے لوگ سفر کرتے ہیں تو دواؤں کی ایک تھیلی اپنے پاس رکھتے ہیں ۔بہت سی ہوائی کمپنیاں ایسی ہیں جن کے ٹکٹ پر لکھا ہوتا ہے کہ​
Check your passport and Visa and their validity and your medicine bag.​
آپ کو ایک تھیلی بنانا پڑے گی جس کے اندر تین نیلے منکے ،یا جو بھی آپ کی پسند کا رنگ ہے اس کے منکے ، اور اعلیٰ درجے کی کوڈیاں ، ایک تتلی کا پر اگر تتلی کا پر نہ ملے تو کالے کیکر کا پھل ، کوئی چھوٹی سی آپ کی پسند کی تصویر ، چھوٹے سائز میں سورۃ رحمٰن اور اس کے اندر ایک کم از کم ۳۱ دانوں کی تسبیح ہونی چاہئیے اس تھیلی میں ایک لیمن ڈراپ ہونا چاہئیے اس تھیلی میں ایک سیٹی اور ایک پرانا بلب بھی رکھیں پھر آپ لوٹ کر معصومیت کی طرف آئیں گے ۔ یہ میری پسند کی چیزوں پر مبنی تھیلی ہے ۔ آپ اپنی پسند پر مبنی چیزیں تھیلی میں رکھ سکتے ہیں اس پر کوئی پابندی نہیں لیکن یہ تھیلی ہونی ضروری ہے ۔۔۔۔۔"​
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
ہماری تو ساری عمر ہی بونگیاں مارتے گزری ہے۔۔۔ آج تک بونگیاں مار رہے ہیں۔۔۔ :)

اور اپنی بونگیوں پر فخر ہی ہے الحمد اللہ :)

میرے دل کے کسی کونے میں اک معصوم سا بچہ
بڑوں کی دیکھ کر دنیا بڑا ہونے سے ڈرتا ہے
 
سید زبیر

محفلین
ت
ہماری تو ساری عمر ہی بونگیاں مارتے گزری ہے۔۔۔ آج تک بونگیاں مار رہے ہیں۔۔۔ :)

اور اپنی بونگیوں پر فخر ہی ہے الحمد اللہ :)

میرے دل کے کسی کونے میں اک معصوم سا بچہ
بڑوں کی دیکھ کر دنیا بڑا ہونے سے ڈرتا ہے
جبھی تو دنیا میں مرتبے ملے ہیں اور انشا اللہ اللہ کے دربار میں بھی عزت پائیں گے
 
باباجی

محفلین
بالکل ٹھیک کہا آپ نے
ہم بھائی روزانہ رات کو اکٹھے بیٹھ کر بونگیاں مارتے ہیں
ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کرتے ہیں بلکہ کبھی کبھی امی کو بھی شامل کرلیتے ہیں
اسطرح کافی ریلیکس ہوجاتے ہیں
دماغ ہلکا پھلکا ہوجاتا ہے
 
آج جا کر اپنی امی کے تلووں میں گدگدی کر کے دیکھنا
اللہ آپ کو ڈھیروں خوشیاں اور آپ کی والدہ کو آپ کی خوشیاں دیکھنی نصیب فرمائے (آمین ثم آمین)
 
فلک شیر

محفلین
گاہے گرہ کھلتی ہے.........اور گاہے مزید پختہ ہو جاتی ہے............سوالات کا ایک ہزار پایہ ہے کہ ہمہ دم اعصاب پہ سوار رہتا ہے.......ساز بھی چھیڑا تو تارِ نفس ہی مشتعل ہوا اور آواز بھی دی تو گونج ہی سنائی دی..................
فرار کے سو رستے .........مگر وہی دائرے کا سفر................
خدا کرے ، آپ احباب کے لیے ہی سہی.............یہ نسخہ کارگر ثابت ہو......................
 
یار کو آواز دیں انشااللہ مایوسی نہیں ہوگی ۔ اپنی انا کے بت کو توڑ کر ، یار کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوجائیں ۔ آپ کو یار کی طرف سے تمام سوالات کا جواب مل جائے گا ، یار تو ایک آنسو سے مان جاتا ہے
 
دعا کیجیے گا سر!
خطا و نسیان.............خطا و نسیان..............
یا رب! انسان کو ان سے بھی نپٹنا تھا.......................
 
نیلم

محفلین
گاہے گرہ کھلتی ہے.........اور گاہے مزید پختہ ہو جاتی ہے............سوالات کا ایک ہزار پایہ ہے کہ ہمہ دم اعصاب پہ سوار رہتا ہے.......ساز بھی چھیڑا تو تارِ نفس ہی مشتعل ہوا اور آواز بھی دی تو گونج ہی سنائی دی..................
فرار کے سو رستے .........مگر وہی دائرے کا سفر................
خدا کرے ، آپ احباب کے لیے ہی سہی.............یہ نسخہ کارگر ثابت ہو......................
بہت مشکل باتیں کرتے ہیں آپ فلک بھائی :)
 
سید زبیر

محفلین
دعا کیجیے گا سر!
خطا و نسیان.............خطا و نسیان..............
یا رب! انسان کو ان سے بھی نپٹنا تھا.......................
یہی تو انسان کی شناخت ہے ۔ اور پھر اس کے بعد استغفار ، پھر خطا ، پھر استغفار ۔۔۔ کیا بات ہے میرے غفور و رحیم کی
کبھی ایسا ہوا کہ آپ کی شرارت پر امی نے بہت مارا ۔ اس کے بعد کیا ہوتا ہے بچے کی تکلیف پر روتی ہوئی ماں اپنے بچے کو سینے سے لگاتی ہے ، بچے کو ماں کی گود میں کتنا سکون ملتا ہے ، اسی طرح ہمیں بھی خطا کے بعد سزا اور اس کے بعد رونا استغفار اللہ کو بے حد پسند ہے
اللہ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے (آمین ثم آمین)
 
الشفاء

لائبریرین
سید زبیر صاحب اشفاق احمد کا تجویز کردہ یہ نسخہ عام لوگوں کے لیئے ہے خواص کے لیئے نہیں ہے ۔۔۔ ۔۔ خواص کے لیئے ڈپریشن دور کرنے کانسخہ ذرا الگ سے ہے۔

سائیں۔ وہ نسخہ بھی ارشاد فرما دیں۔ شائد کسی عامی کو اللہ عزوجل خواص کی نقل کرنے کی برکت سے ہی خاص کر لے۔۔۔:)
 
Top