میرا نام خورشید آزاد ہے۔ سنہ ستّر کی دہائی کے آخر میں 15 نومبر کو ہانگ کانگ میں ایک پاکستانی، پیٹ کی خاطر تارک وطن غریب پٹھان خاندان میں پیدائش ہوئی۔ مادری زبان پشتو ہے۔
پیٹ کی خاطر حال کی سکونت بھی ہانگ کانگ ہے۔ مطلب ہے غربت کی نیستی سے چھٹکارہ ابھی تک نہیں ملا۔
پاکستان میں ضلع اٹک کے علاقے چھچھ کے ایک گاؤں شینکہ سے تعلق ہے۔ اسطرح فخریہ چھاچھی ہوں۔
کم علم اور ان پڑھ ہوں۔ کیونکہ تعلیم زبردستی
پنجم تک حاصل کی۔ ( گرامرغلطیوں کے لیے پیشگی معذرت خواہ اور راہنمائی کا طلبگار ہوں ) ویسےکم از کم میں خود اپنے آپ کوجاہل نہیں سمجھتا، اب ہوں یا نہیں اس کا فیصلہ میں نہیں کرسکتا۔
لڑکپن میں مطالعہ کا شوق پروان چڑھااور اردوادب کامعمولی سا مطالعہ کر نے سے اردو سے عشق ہوگیا۔ اور ساتھ انگلش اخبارات کے ذریعے انگلش بھی سیکھی۔ جس نے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ استعمال کے قابل بنایا۔
آبائی پیشہ تو کھیتی باڑی ہے لیکن ہانگ کانگ میں ایلیکٹرونکس کے کاروبار سے منسلک ہوں۔
میں پہلے بھی اردو محفل میں رجسٹر ہوا تھا لیکن اپنے لیے اردو محفل کو ”باری برکم“ پایا اور اپنی کم علمی کےاحساسِ کم تری کے سبب محفل کا خاموش قاری بن گیا۔ اور پھر اردو لکھنے میں بھی دشواری ہورہی تھی۔ لیکن اب اردو کی بہتری کیلیئے کام کرنے والوں نے (جو بلاشبہ اردو کے محسن ہیں) اردو لکھنا آسان بنانے کیلیئے بہت محنت کی ہے جسنے بہت حد تک اردو لکھنا آسان بنا دیا ہے۔اور دوسرا بلاگ لکھنے کی وجہ سے اردو ٹائپینگ کی رفتار میں بھی بہتری آئی ہے۔ اور سچی بات ہے اصل میں اپنے بلاگ کی ٹریفک بڑھانےکے غرض نے بھی دوبارہ اردو محفل کی طرف راغب کیا ہے۔( اُوپس!! )
امید سے ہوں
آپ لوگ خوش آمدید کہیں گے۔ شکریہ