پاکستان میں متعین فلسطینی سفیر نے کہا ہےکہ غزہ میں بے گناہ لوگ مررہے ہیں جبکہ مسلم دنیا فٹ بال دیکھنے میں مگن ہے۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’میں اور مولانا‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے کہا کہ فلسطین پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں،اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری میں اب تک 135 سے زائد شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ اس کے برعکس مسلم دنیا فٹ بال دیکھنے میں مگن ہے لہٰذا فٹ بال کو چھوڑ کر فلسطین کی صورتحال پر غور کیا جائے۔ انہوں نے کہا
نوازشریف واحد رہنما ہیں جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمت کی،ہم فلسطینیوں کی حمایت پر پاکستان کے شکرگزار ہیں اور ہمیں پاکستان کی دوستی اور حمایت پر فخر ہے۔ ولید ابو علی نے گفتگو کے دوران پاکستان اور فلطسین کے حق میں نعرہ بھی لگایا۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت اب تک 135 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے ہٹ دھرمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی عالمی طاقت انہیں غزہ پر حملے سے نہیں روک سکتی۔