منظر نامہ پر کیا گیا اپنا تبصرہ یہیں چھاپ دیتا ہوں:
الآخر سوا گھنٹے کی ‘جبری مشقت’ ختم ہوئی اور پوری ریکارڈنگ سن لی۔ ماشآ اللہ، اردو بلاگنگ کے موضوع پر بہت اچھی گفتگو ہوئي۔ البتہ چند معاملات پر زیادہ گفتگو ہونی چاہیے تھی جیسا کہ اجتماعی بلاگ اور بلاگنگ کیوں کی جائے؟ وغیرہ پر۔
اردو تھیمز کو اہمیت سے زیادہ وقت دیا گیا۔ اردو بلاگنگ کا سب سے بنیادی مسئلہ تھیمز نہیں بلکہ بہت سارے ایسے افراد کی عدم موجودگی ہے جو اردو میں بلاگنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن بلاگنگ نہیں کرتے۔ اگر ایسے افراد کو اردو بلاگنگ کی جانب گھسیٹنے کے لیے کوئی لائحہ عمل وضع کیا جاتا تو بہت بہتر ہوتا۔
تھیم اردوانے کے حوالے سے تکنیکی ماہرین کی شکایات سامنے آئیں ضرورت اس امر کی ہے کہ جو اہم باتیں بیان کی گئیں انہیں “تھیم اردوانے کے لیے رہنما اصولوں” کے نام سے ایک مقالے میں جمع کیا جئے۔
تکنیکی سہولیات کے لیے پلیٹ فارم کی موجودگی کا مطالبہ بھی کیا گیا، جو مجھ ناچیز کے خیال میں غیر ضروری تھا۔ اس سلسلے میں اردو ماسٹر کی صورت میں ایک پلیٹ فارم موجود ہے جو برادر ساجد اقبال و عمار ضیاء کی مصروفیات کے باعث غیر فعال ہے۔ محض اسے فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
میلنگ لسٹ کے لیے کام کرنے کی ذمہ داری کراچی عید ملن میں عمار نے لی تھی۔ ان کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں، لیکن ہو سکتا ہے کام مکمل کر چکے ہوں۔ مزید معلومات کے لیے ان سے رابطہ کیا جائے، بلکہ میں آج ہی ان سے رابطہ کرتا ہوں۔ ماوراء اور عمار کی مصروفیات کے باعث کچھ ماہ سے منظرنامہ بہت زیادہ غیر فعال ہو گیا ہے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو بلاگرز خود آگے بڑھ کر اس ذمہ داری کو قبول کریں۔
تھیم کے بجائے تحریر کے مواد کو زیادہ اہمیت دینے کے حوالے سے جن صاحب نے رائے دی وہ بہت اہم تھی۔ واقعی اس وقت گوناگوں موضوعات پر تحاریر کی زیادہ ضرورت ہے۔
بحیثیت مجموعی امریکی عید ملن بہت اچھی رہی۔ اگر کراچی عید ملن کی ریکارڈنگ کر لی جاتی تو سننے والوں کے کان پک جاتے کہ کراچی میں عید ملن کا دورانیہ کل ملا کر 6 گھنٹے تھا
بلاگنگ سے ہٹ کر:
ایک بڑی لرزتی ہوئی آواز ہے، گویا کوئی 60 کے پیٹے میں موجود بزرگ بول رہے ہیں، یہ کون تھے؟ آخر میں بڑی دعائیں کر رہے تھے “ماشآ اللہ اتنے سارے نوجوان”
اور یہ جملہ کس نے کہا تھا “کنپٹی پر بندوق رکھ کر بلاگنگ نہیں کروائی جا سکتی کہ بلاگ نہ لکھا تو روٹی نہیں ملے گی”
سعود بھائی نے بلاگ نہ لکھنے کا بہانہ خوب بنایا کہ بلاگ کے بجائے بلاگر پیدا کرنا چاہ رہے ہیں
لگتا ہے آپ نے شادی بھی اسی لیے کی ہے