حسان خان
لائبریرین
مغربی یورپ اور امریکی برِ اعظموں کے اکثر لوگوں کے نزدیک لفظ 'ترک' کا مطلب صرف ترکی کا باشندہ ہے۔ بہت کم لوگ ہی یہ ادراک کرتے ہیں کہ دنیا بھر کے نو کروڑ ترکوں - یعنی کوئی ترک زبان اور بولی بولنے والے لوگوں - کی ساٹھ فیصد تعداد جمہوریۂ ترکی سے باہر مقیم ہے۔
مثال کے طور پر سوویت اتحاد کے ترکوں - یعنی ازبکوں، تاتاروں، قزاقوں، آذریوں، ترکمنوں، قرغیزوں، باشقُردوں، قراقالپاقوں، قُومُوقوں، یاقُوتوں، اویغروں اور قراچائیوں - کی تعداد کم و بیش ترکی کے ترکوں ہی کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ چین، ایران، افغانستان، بلغاریہ، قبرص، عراق، شام، یونان، یوگوسلاویہ، رومانیہ اور منگولیہ میں بھی قابلِ ذکر ترک اقلیتیں موجود ہیں۔ ترک نام کا یہ مجموعی گروہ مختلف قسم کے لوگوں کا مجموعہ ہے جو کثیر الانواع جسمانی ہیئتوں، معاشرتی ڈھانچوں، زندگی کی طرزوں، سیاسی ہمدردیوں اور ثقافتی وابستگیوں کے حامل ہیں۔
مع ہٰذا، ان باہمی فًرقوں کو دو عواملِ اتحاد کم کرتے ہیں: اسلام - پچانوے فیصد ترک مسلمان ہیں - اور ترک ماضی کی تقریباً نامعلوم عظمتوں پر فخر۔ انہی عظمتوں کی ایک عمدہ مثال پندرہویں صدی کے معزز مصنف میر علی شیر نوائی ہیں، جنہیں اسلام کے انگریز مؤرخ اور مستشرق برنارڈ لوئس نے 'ترکوں کے چوسر' کا لقب دیا ہے۔
نوائی کے تخلص سے مشہورِ عالم میر علی شیر نے ترک ادبیات کی بنیاد نہیں رکھی تھی۔ در حقیقت، ترک ادبیات کی تاریخ تو نوائی سے بھی کم سے کم سات سو سال پہلے تک جاتی ہے۔ لیکن نوائی نے وہ کام کیا جو چوسر نے ایک صدی قبل انگلستان میں کیا تھا، یعنی اُنہوں نے ترک گفتاری بولی میں اولین ممتاز ادیب بن کر ایک نئے قومی ادب کا انقلاب برپا کیا تھا۔
نوائی کے باصلاحیت ہاتھوں میں ترکی زبان کو، جسے اُس وقت کے اہلِ قلم روایتی طور پر گنوار اور ادنیٰ سمجھتے تھے، اعلیٰ ترین درجے کی نظم و نثر کے دل پذیر ذریعے کے طور پر پہچان ملی۔ اگرچہ اُس وقت کے عربی اور فارسی سے وابستہ ادبی حلقے اس بات کا دعویٰ کرتے تھے کہ وحشی ترکی زبان لطیف خیالات اور ارفع جذبات کو فصاحت، لطافت اور قوت کے ساتھ بیان کرنے پر قادر نہیں ہے، لیکن نوائی نے اپنے بے نظیر فن کی بدولت، اُنہیں غلط ثابت کر دکھایا۔
میر علی شیر نوائی ۱۴۴۱ء میں ہرات میں پیدا ہوئے تھے جو اب شمال مغربی افغانستان میں واقع ہے۔ اُس زمانے میں شہرِ ہرات خراسان کے حاکم اور عظیم تیمور لنگ کے چوتھے اور سب سے قابل بیٹے شاہزادہ شاہ رخ کا دارالحکومت اور قیام گاہ تھا۔ اگرچہ تیمور لنگ کا دارالحکومت آمو دریا کے شمال میں واقع شہر سمرقند تھا، لیکن یہ خراسان کا شہر ہرات تھا کہ جسے شاہ رخ کے ۱۳۹۷ء سے لے کر ۱۴۴۷ء تک جاری رہنے والے تابندہ و درخشاں دورِ حکومت میں مشرقی اسلامی دنیا کے والاترین علمی و ثقافتی مرکز بننے کا شرف حاصل ہوا تھا۔ ہرات کے حریف شہروں میں دوسرے نمبر پر سمرقند تھا جو ۱۴۰۹ء سے ۱۴۴۶ء تک شاہ رخ کے بیٹے، اور مشہور ریاضی دان اور ستارہ شناس، الوغ بیگ کی حاکمیت میں تھا۔
پندرہویں صدی کے پہلے نصف کے پورے عرصے کے دوران شہرِ ہرات کی غالب ثقافت فارسی/ایرانی تھی۔ یہ حقیقت ہے کہ شاہ رخ خود ترک تھا، نیز حکمران طبقے کے ارکان کی اکثریت اور ہرات کے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی ترک تھی۔ لیکن اوائلی فارسی/ایرانی تمدن کے چکاچوند کر دینے والے کارنامے سب کے سامنے اظہر من الشمس تھے، اور اس کے وقار اور مسلّمہ درخشندگی پر وسطی ایشیائی ترک فریفتہ تھے۔ ترک الاصل ادباء فارسی زبان میں لکھنے کو ترجیح دیتے تھے، جسے مسلم مشرق میں ثقافت اور علم کی زبان کے طور پر سراہا جاتا تھا۔ جبکہ ترک نسل کے مصور کلاسیکی فارسی/ایرانی نمونوں کی تقلید کرتے تھے۔ اس سے قبل، خود فارسی/ایرانی تمدن کو بھی عرب، اسلام کی جلا بخش توانائی کے ذریعے، ناقابلِ تنسیخ طور پر بدل چکے تھے۔
یہ تھا وہ ماحول جس میں نوائی نے اپنی آنکھیں کھولی تھیں۔ اُنہوں نے مشہد (موجودہ شمال مشرقی ایران کا شہر)، ہرات اور سمرقند میں تعلیم حاصل کی تھی، بعد ازاں وہ ۱۴۶۹ء میں ہرات واپس آ گئے تھے جہاں اُن کا پرانا ہم مکتب اور تیمور کا پر پوتا حسین بایقرا خراسان کا سلطان بن چکا تھا۔ نوائی کی اس زمانے سے پہلے کی ادبی کوششوں کے بارے میں کوئی معلومات دسترس میں نہیں ہے۔ البتہ اگلی تین دہائیوں میں وہ اسلامی ادبیات کی تاریخ میں اپنے لیے حقیقی معنوں میں ایک زمانہ ساز ادیب کا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے، اور انہوں نے ان دہائیوں میں ہرات کو وہ رتبہ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جس کے بارے میں فرانسیسی مستشرق رینے گروسیت کے الفاظ یہ ہیں کہ اُس وقت کا ہرات 'تیموری نشاۃِ ثانیہ کے نام سے درست طور پر یاد کی جانے والی تحریک کا فلورنس تھا۔' [اس قول کا پس منظر یہ ہے یورپی تہذیبی نشاۃِ ثانیہ کا آغاز فلورنس سے ہوا تھا۔]
۱۴۶۹ء سے لے کر ۱۵۰۱ء میں اپنی وفات تک، در حقیقت، ایک نہیں بلکہ چار مختلف میر علی شیر نوائی گذرے ہیں، جن میں سے ہر ایک نوائی کی اسلامی تاریخ میں اپنی خاص اہمیت ہے۔ نوائی اپنی پہلی حیثیت میں سلطان حسین بایقرا کے معتمد و مشیر اور عوامی منتظم تھے۔ عمومی طور پر اگرچہ نوائی نے اپنے فن و ہنر کے لیے خود کو شدت سے وقف کر رکھا تھا، لیکن وہ دوسرے دنیاوی امور سے قطعاً بے علاقہ نہیں تھے۔ وہ سیاست اور قوانین سازی کے امور میں بہ طورِ کامل مشغول تھے، اور وہ اس سیاسی دنیا میں بڑی حد تک سلطان حسین سے اپنی قریبی، مگر بعض اوقات اتار چڑھاؤ رکھنے والی، دوستی کے نتیجے میں داخل ہوئے تھے۔ باوجودیکہ کچھ یورپی مصنفوں نے ادعا کیا ہے کہ نوائی سلطنت کے وزیر تھے، حقیقت یہ ہے کہ نوائی ہرات کے تیموری دربار سے کبھی وزیر یا وزیرِ اعظم کی حیثیت سے وابستہ نہیں رہے، گو وہ اس سے کم درجے کے سرکاری عہدوں پر ضرور فائز رہے تھے۔ تاہم گاہ گاہ اُن کی عمل داری تقریباً ایک وزیر ہی کے برابر ہوتی تھی: کم از کم ایک موقع پر ایسا ضرور تھا جب انہوں نے ۱۴۷۹ء میں سلطان حسین کی غیر موجودگی میں ہرات پر حاکمیت کی تھی۔ یہ دنیاوی و سیاسی امور یقیناً نوائی کے تحریر کے لیے وقف وقت میں شدید تخفیف کا باعث بنتے ہوں گے، لیکن یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے سلطان اور سلطنت کے مفادِ عامہ کی جانب ذمہ داری کا حقیقی جذبہ محسوس کرتے تھے۔
نوائی اپنی دوسری حیثیت میں ایک معمار تھے۔ کہا جاتا ہے کہ صرف خراسان ہی میں وہ ۳۷۰ کے قریب مسجدوں، مکتبوں، کتب خانوں، شفا خانوں، کاروان سرایوں، اور دیگر علمی، مذہبی اور رفاہی اداروں کی بنیاد، مرمت اور عطا و بخشش کا باعث بنے تھے۔ شاید ان تمام کارِ خیر کے لیے اُنہوں نے اپنے معقول ذاتی وسائل کے علاوہ دربار میں موجود اپنے اثر و رسوخ کا بھی استعمال کیا ہو گا۔ ہرات میں واقع خالصیہ مدرسہ اور نیشاپور (شمال مشرقی ایران) میں واقع تیرہویں صدی کے عارف شاعر فریدالدین عطار کا مقبرہ وہ چند مشہور عمارتیں ہیں جن کی تعمیر میں اُن کا ہاتھ تھا۔
البتہ ہم تمدن میں پائدار شراکتوں کے لیے سب سے زیادہ نوائی کی آخری دو حیثیتوں کے مرہونِ منت ہیں۔ اور وہ دو حیثیتیں ہیں: نوائی بطور علم، فن اور ادب کے سرپرست و مروِّج؛ اور نوائی بطور ادیب و مصنف۔
چونکہ نوائی خود ایک موسیقی داں، نغمہ ساز، خطاط، مصور، مجمسہ ساز اور بہت ہی زیادہ ہر فن مولا اور ہمہ گیر ادیب تھے، لہٰذا وہ فنی اظہار کی تمام تخلیقی صورتوں سے وابستہ تھے۔ وہ تیموری ثقافت کے کئی مثالی نابغوں کے دوست اور فیاض سرپرست تھے، جن کی فہرست میں مشہور فارسی شاعر جامی کا - کہ جن کی مدح و تمجید میں نوائی نے خمسۃ المتحیّرین لکھی تھی -، فارسی مؤرخوں میرخواند اور اُن کے پوتے خواندمیر کا، کتابوں کی تذہیب کے لیے مصوری اور نگارگری کرنے والے بہزاد اور شاہ مظفر کا، اور قل محمد، شیخ نائی اور حسین عودی جیسے موسیقاروں کا نام لیا جا سکتا ہے۔
لیکن ان سب چیزوں سے بڑھ کر، نوائی کو آج اس لیے یاد کیا اور موردِ احترام مانا جاتا ہے کیونکہ اُنہوں نے حیرت انگیز انداز سے ترکی ادب کو ایک کامیاب شکل عطا کی تھی اور اسے خوب فروغ دیا تھا۔ ۱۴۰۰ء سے قبل بھی غیر سنجیدہ اور لوک ادب کے لیے ترکی لہجوں کا استعمال عام تھا، لیکن پندرہویں صدری عیسوی کے پہلے نصف میں وسطی ایشیائی ادیبوں کے ایک چھوٹے سے گروہ نے پہلی بار ادبیاتِ عالیہ و لطیفہ کے لیے ترکی زبان کے استعمال کی جانب لڑکھڑاتے قدم اٹھائے تھے۔ اس نئے ادب کی بنیاد رکھنے والوں کو، جن میں سکّاکی، لطفی، یقینی اور گدائی جیسے شعراء شامل تھے، کو ایک خاص اور دشوار مسئلہ درپیش تھا۔ وہ اپنی شاعری کو فارسی-عربی شعر گوئی کے قبول کردہ قواعد اور معیارات کے مطابق لکھنا چاہتے تھے، لیکن اُن کے پاس خام مال کے طور پر جو ترکی زبان موجود تھی وہ ان قواعد و معیارات کے لیے کچھ زیادہ موزوں نہیں تھی۔ بہرحال، اُن لوگوں نے ترکی کے مکمل ذخیرۂ الفاظ اور مختلف دستوری ترکیبوں کے ماہرانہ استعمال سے اور عربی اور فارسی سے بے شمار الفاظ اور عبارات اخذ کر کے وسطی ایشیا اور خراسان کی ترکی بولی سے ایک نئی ادبی زبان کی تخلیق کی تھی جسے 'چغتائی ترکی' یا صرف 'چغتائی' کے نام سے جانا گیا۔
چغتائی زبان میں تحریر شدہ کچھ ابتدائی تصنیفات، مثلاً لطفی کی شاعری، یقیناً دائمی خوبیوں کی حامل ہیں۔ لیکن مختلف علاقائی پس منظر کی وجہ سے ان ابتدائی چغتائی مصنفوں کی اور حتیٰ کہ ایک ہی شہر میں رہنے والے مختلف مصنفوں کی زبانیں بھی باہم متفاوت اور بے ثبات ہوتی تھیں۔ نوائی نے یہ منظرنامہ پوری طرح بدل دیا۔ تین دہائیوں پر محیط اُن کی تیس کے قریب چغتائی تصنیفات کا مجموعی نتیجہ یہ نکلا کہ اس نئی ادبی زبان کا معیار مقرر ہو گیا اور اسے ثبات و استحکام مل گیا۔ اور یہ صرف اور صرف نوائی کی شاعری کی بے مثال خوبیوں کی بدولت تھا کہ ترکی زبان اپنے آپ کو ادبی اظہار کے قابلِ قدر ذریعے کے طور پر منوانے میں کامیاب ہو سکی۔
نوائی کے معروف ترین اشعار اُن کے چار دیوانوں - غرائب الصغر، نوادر الشباب، بدائع الوسط اور فوائد الکبر ۔ میں موجود ہیں۔ اُنہوں نے چغتائی زبان میں شاعری سے متعلق کچھ فنی رسالوں کی تصنیف کرنا بھی اپنا فرض سمجھا تاکہ دوسرے ترکی گو شعراء کو ان سے مدد مل سکے۔ مثال کے طور اُنہوں نے میزان الاوزان کے نام سے شعری اوزان پر ایک مفصل رسالہ لکھا۔ اس کے علاوہ مجالس النفائس نامی ایک ضخیم تذکرہ بھی مرتب کیا، جس میں ۴۵۰ چھوٹے بڑے ہم عصر شاعروں کے سوانحی خاکے درج ہیں۔ یہ مؤخرالذکر کتاب تیموری ثقافت کے کسی بھی مؤرخ کے لیے سونے کی کان سے کم نہیں ہے۔
البتہ، نوائی کی شاید سب سے زیادہ دل سے لکھی گئی اور جذبات کی حامل تحریر اُن کی سب سے آخری تصنیف محاکمۃ اللغتین تھی جو اُن کی وفات سے تیرہ ماہ قبل دسمبر ۱۴۹۹ء میں مکمل ہوئی تھی۔ اس تصنیف میں نوائی نے طویل مضمون کی شکل میں ترکی زبان کی زوردار وکالت کی ہے۔ دوسرے ترک الاصل مصنفوں کو فارسی کے بجائے چغتائی میں لکھنے کی ترغیب دینے کی امید میں انہوں نے اس نگارش میں اپنے زاویۂ نظر کے حوالے سے فارسی پر ترکی کی فطری برتریوں کو ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اپنے پسندیدہ ترین موضوعِ گفتگو پر حتمی فیصلے کی نیت سے لکھی گئی نوائی کی محاکمۃ اللغتین ایک ایسی تصنیف کی بہت ہی کامل مثال ہے جو کسی مصنف کی آخری کتاب کے ساتھ ہی اُس کے آخری وصیت نامے کے مثل بھی ہو۔
اس تصنیف کی ابتداء میں نوائی یہ نظریہ پیش کرتے ہیں کہ اس دنیا میں زبانوں کی چار بنیادی انواع - یعنی عربی، فارسی، ترکی اور ہندی - ہیں اور ان میں سے ہر ایک اصل نوع کی 'بہت ساری فروع ہیں۔' چونکہ وہ ایک صادق الاعتقاد مسلمان تھے، اس لیے اپنے دینی عقیدے کے بموجب وہ دیگر زبانوں پر عربی کی مطلق برتری پر کوئی سوال نہیں اٹھاتے اور اس ضمن میں کہتے ہیں کہ "ان [تمام زبانوں] کے درمیان عربی آئینِ فصاحت کے لحاظ سے ممتاز اور تزئینِ بلاغت کے لحاظ سے معجزہ طراز ہے اور اس باب میں کسی اہلِ تکلم و صدق و تسلیم کو کسی قسم کا مجالِ دعویٰ نہیں ہے؛ کیونکہ کلامِ معجز نظامِ مَلِکِ علّام - جلّ و علا - اس زبان میں نازل اور احادیثِ سعادت انجامِ رسول - علیہ الصلواۃ والسلام - اس لفظ میں وارد ہوئی ہیں، اور اولیائے کبار و مشائخِ عالی مقدار - قدس اللہ اسرارہم - نے جو حقائق و معارف بیان کے ہیں اور جن معانیِ زیبا کو لباسِ تقریر پہنایا ہے، وہ جملہ اسی عبارتِ فرخندہ و الفاظ و اشاراتِ خجستہ صورت میں وقوع پذیر ہوئے ہیں۔" البتہ وہ اپنے نقطۂ نظر کے تحت مختصراً ہندی کو 'شکستہ قلم کی خراش' جیسی سنائی دینے والی اور اُس کے رسمِ خط کو 'کوے کے قدموں کے نشان جیسا' کہہ کر مسترد کر دیتے ہیں۔ عربی اور ہندی کے بارے میں رائے دینے کے بعد، ہرات اور پورے مسلم وسطی ایشیا میں بولی جانے والی دو زبانیں ترکی اور فارسی داوری کے لیے باقی رہ جاتی ہے۔
محاکمۃ اللغتین میں نوائی نے مکرراً فارسی الفاظ کے بر خلاف ترکی الفاظ کی ثروتمندی، واضحیت اور اشتقاق پذیری پر زور دیا ہے۔ مثلاً وہ ہمیں آگاہ کرتے ہیں کہ ترکوں کی زبان میں عورت کے چہرے پر موجود زیبائی کے نشان کے لیے ایک خاص لفظ موجود ہے، لیکن فارسی زبان میں ایسا کوئی متبادل لفظ ناپید ہے۔ نوائی کے مطابق، کئی ترکی الفاظ کے تین، چار یا اس سے بھی زیادہ معانی ہیں جبکہ فارسی میں اس طرح کے لچک دار الفاظ کا فقدان ہے۔ ترکی زبان کی مختلف چیزوں کے مابین دقیق امتیاز کرنے کی قابلیت کو بیان کرنے کے لیے وہ ایسے نو ترکی الفاظ کی فہرست پیش کرتے ہیں جو بطخوں کی مختلف انواع کی شناخت کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ لیکن فارسی کے بارے میں وہ ادعا کرتے ہیں کہ اس میں ان تمام انواع کے لیے ایک ہی لفظ موجود ہے۔ کتاب کا ایک کے بعد ایک صفحہ اسی طرح کے استدلالوں سے پُر ہے۔
نوائی اس بات کو قبول کرتے ہیں کہ فارسی کے مقابلے میں ترکی میں اچھا لکھنا زیادہ مشکل ہے۔ محاکمۃ اللغتین کے مندرجہ ذیل اقتباس میں اپنے ہم عصر نوجواں ترکی گو شاعروں کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے اور اُن شاعروں کے فنّی شش و پنج کی ہمدردانہ تفہیم ظاہر کرتے ہوئے نوائی لکھتے ہیں:
"بے شک، اس زبان میں موجود عجیب اور نادر معانی کا استعمال مبتدیوں کے لیے آغاز میں آسان کام نہیں ہے۔ اس طرح کی دشواریوں کے مقابل مبتدی شعراء [ترکی سے] منہ موڑ لیتے ہیں اور ایک آسان تر راہ [یعنی فارسی] کی جانب منتقل ہو جاتے ہیں، اور جب ایسا چند بار ہو جاتا ہے تو وہ اس حال کے خو گرفتہ ہو جاتے ہیں، اور پھر اُن کے لیے اس عادت کو ترک کر کے مشکل تر راستے پر آنا بہ سہولت امکان پذیر نہیں رہتا۔ بعدازاں، جب دوسرے مبتدی اپنے متقدموں کے طرزِ عمل اور تالیفات کو دیکھتے ہیں تو وہ بھی اس راہ سے منحرف ہونا مناسب نہیں سمجھتے۔ نتیجتاً وہ بھی اپنی نظمیں فارسی میں لکھتے ہیں۔
مبتدیوں کے لیے یہ بات فطری ہے کہ جو کچھ انہوں نے لکھا اور کہا ہے وہ اُسے اہلِ فن اور اساتذہ کو دکھانا پسند کرتے ہیں، اور جملہ صاحبانِ قلم کی یہی عادت ہے۔ لیکن چونکہ اس فن کے اساتذہ فارسی گو ہیں اور وہ کلامِ ترکی سے بہرہ مند نہیں ہیں، لہٰذا جوانانِ ترک بھی فارسی کی طرف ملتفت ہو کر اسی میں سخن سرائی کرنے لگتے اور اسی خیل کا حصہ بن جاتے ہیں۔"
لیکن وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود ترک الاصل شاعروں کو ترکی میں لکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ شاید مبتدی مصنفوں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے، کتاب میں نوائی حکایت کرتے ہیں کہ کیسے اُنہوں نے اپنے ایامِ جوانی میں ترکی کی ناقابلِ توصیف شان و شوکت کو دریافت کیا تھا:
"بدقسمتی سے یہ بات حقیقت ہے کہ شاعری کے ذریعے کے طور پر فارسی کے مقابلے میں ترکی کی فوقیت، عُمق اور وسعت کی جانب ہر کوئی متوجہ نہیں ہوا ہے۔۔۔ یہ خاکسار اوائلِ شباب میں تھا جب میرے صندوقِ جواہرات جیسے دہن سے کچھ گوہر ظاہر ہونا شروع ہوئے۔ یہ گوہر، ہنوز سلکِ نظم میں داخل نہیں ہوئے تھے لیکن اس غوّاص طبع کی سعی سے دریائے ضمیر سے وہ گوہر ساحلِ دہن تک پہنچنے لگے جو سلکِ نظم میں پروئے جانے کے قابل تھے۔
چونکہ میں عاداتِ مذکورہ سے خود کو بری کرنا نہیں جانتا تھا اس لیے میں بھی اُسی طرح فارسی میں سخن سرائی کرتا رہا۔ لیکن جس وقت میں نے سنِ تعقل و شعور میں قدم رکھا تو حق سبحانہ وتعالیٰ نے مجھے غرابت الطبع، دقت نظری اور مشکل پسندی کی خصلتیں ودیعت کیں۔ [لہٰذا] مجھے ترکی الفاظ میں غور و فکر کرنا لازم نظر آیا۔ [اس کے نتیجے میں] میری آنکھوں کے سامنے ایک عالم ظاہر ہوا جو اٹھارہ ہزار عالموں سے بزرگ تر تھا، اور جس کے سپہر کی زیب و زینت فلک کی نو کرسیوں سے برتر تھی، اور جس کے مخزنِ رفعت و فضل کے جواہرات کواکب سے رخشاں تر تھے۔ میں اس عالم کے گلزار میں، جس کے گُل اخترانِ سپہر سے درخشندہ تر تھے، گلگشت کے لیے داخل ہوا۔ اس باغ کے حریم کی اطراف قدموں کی گذرگاہ سے محفوظ، جبکہ اس کی نادر اجناس اغیار کی دسترس سے مامون تھیں۔"
میر علی شیر نوائی کا انتقال ۳ جنوری ۱۵۰۱ء کو ہوا۔ سلطان حسین بایقرا نے جنازے میں شرکت کی اور بعد ازاں اپنے عمر بھر کے دوست کے لیے تین دن سوگ منایا۔ شہر میں ایک بہت بڑی عزائی تقریب منعقد کی گئی تاکہ ہرات کے تمام باشندے اپنے فوت شدہ ملک الشعراء کو اجتماعی طور پر خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔
تقریباً اس کے فوراً بعد ہی دوسرے مصنفوں نے بھی ادبی ترکی کا معیار اپنا لیا۔ مغل سلطنت کے بانی اور تیمور و چنگیز دونوں کے خلف ظہیرالدین بابر (۱۴۸۳-۱۵۳۰ء) نے اپنی مشہورِ زمانہ سوانحِ عمری چغتائی زبان میں لکھی تھی۔ دوسری جانب مغربی سمت میں واقع عثمانی سلطنت میں عثمانی ترکی میں لکھنے والے مصنفوں نے نوائی کی تالیفات کا عرق ریزی کے ساتھ مطالعہ کیا اور اُن کی نظموں کو بطور نمونہ پیشِ نظر رکھ کر اپنی شاعری کہی۔ ہرات کے اس بلبل نے اگرچہ ترکی کے ایک مختلف لہجے میں اپنی تصنیفات تحریر فرمائی تھیں، لیکن اس میں کوئی شک و شبہہ نہیں ہے کہ اُن کی تالیفات ہی عثمانی شاعری کے ارتقاء و تکامل کا محرّک بنیں۔ نوائی نے آذربائجانی شاعر فضولی بغدادی (متوفی ۱۵۵۴ء) پر بھی بہت گہرا اثر ڈالا تھا، جو کہ صدیوں سے پوری ترکی گو دنیا کا محبوب ترین شاعر رہا ہے۔ عظیم عثمانی اور آذری شعراء کے منصۂ شہود پر آنے سے ترکی زبان کا اسلام کی تیسری کلاسیکی زبان ہونے کا درجہ راسخ ہو گیا۔
وسطی ایشیا ہی کی بات کی جائے تو وہاں چغتائی زبان و ادب کے بے ہمتا استاد کے طور پر نوائی کی شہرت مسلّم رہی، اور مرورِ زمانہ کے ساتھ اُن کی قدر و منزلت ہی میں اضافہ ہوا۔ نوائی کی وفات کے چار سو سال بعد تک چغتائی زبان وولگا سے لے کر چینی ترکستان کے مسلمان ترکوں کی ادبی زبان کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی۔ اس پورے دورانیے میں چغتائی کی قدامت پسندی کی ایک بنیادی وجہ یہ تھی کہ چغتائی زبان کا کوئی ادیب نوائی سے بڑھ کر باوقار ہونے اور اثر و رسوخ رکھنے میں کامیاب نہ ہو سکا تھا، نیز تمام ادباء ہی نوائی کے اسلوب اور ذخیرۂ الفاظ کی نقل کرنے پر مائل رہتے تھے۔ لیکن انجامِ کار، چغتائی زبان کی افادیت کم ہو گئی، اور اس نے اپنی دختر زبانوں - یعنی وسطی ایشیا کی جدید ترک زبانوں مثلاً ازبکی، قزاقی، قرغیزی اور مشرقی ترکی (جسے جدید اویغری کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) - کے لیے راستہ صاف کر دیا اور خود کنارہ کش ہو گئی۔ چغتائی کی جگہ پر اُس کی دختروں کا تخت نشیں ہونا ایسا ہی ہے جیسے یورپ میں پچھلی صدیوں میں لاطینی کے مقام پر اُس کی دختر زبانیں فرانسیسی، اطالوی، ہسپانوی اور پرتگالی وغیرہ متمکّن ہو گئی تھیں۔
البتہ نوائی کی کہانی اس صدی کے اوائل میں ہونے والی چغتائی کی وفات پر ہرگز ختم نہیں ہوتی۔ بلکہ اب تو اُن کی کہانی کا ایک نیا باب لکھا جا رہا ہے، اور اس کی وجہ وہ غیر معمولی تعظیم ہے جو سوویت اتحاد، افغانستان اور چین کے مسلمان ازبک اس شاعر کی کرتے ہیں۔ اگر نوائی بالعموم تمام ترکوں کے چوسر ہیں، تو وہ ترکوں کے اس مخصوص گروہ کے لیے چوسر، دانتے، سیروانتیس اور شیکسپئر سب ہی کچھ ہیں۔
چین اور سوویت اتحاد کے مسلم اویغروں کی زبان مشرقی ترکی کے ہمراہ ازبکی ہی وہ جدید زبان ہے جو کلاسیکی چغتائی سے سب سے زیادہ قرابت رکھتی ہے۔ ازبک لوگوں نے نوائی کو اپنے قومی شاعر کے طور پر منتخب کر لیا ہے، اور سوویت اتحاد میں چغتائی کو عموماً 'قدیم ازبکی' کہہ کر پکارا جاتا ہے۔ ۱۹۶۶ء میں جب نوائی کی پیدائش کی ۵۲۵ویں برسی تھی تو اُس موقع پر ازبکستان میں سرکاری سطح پر اور دل کی گہرائیوں سے اس شاعر کا جشن منایا گیا تھا۔ اسی ازبکستان ہی میں اسلامی تمدن کے یہ پانچ تاریخی مراکز موجود ہیں: تاشقند، سمرقند، بخارا، خوقند اور خیوہ۔ شاعر کی تجلیل اور اُن کے جملہ آثار تک دسترس آسان بنانے کی غرض سے اُن کی تمام تصنیفات پندرجہ جلدوں میں ازبک دارالحکومت تاشقند میں شائع ہوئی تھیں۔ اُن کی انفرادی کتابیں اور رسالوں کی کئی اشاعتیں اور منتخب تحریروں کے کئی مجموعے چھپ چکے ہیں اور اس پورے زمانے میں نوائی کی زندگی پر مبنی کئی ناول اور تمثیلیں اور اُن سے تعلق رکھنے والی بے شمار تحقیقاتی اور سوانحی کتابیں بھی لکھی جا چکی ہیں۔
لیکن ان سب کے باوجود ہمیں یہ بالکل نہیں بھولنا چاہیے کہ نوائی صرف ازبکوں ہی کی اختصاصی ملکیت نہیں ہے، بلکہ جہاں کہیں بھی مسلمان ترک پائے جاتے ہیں - خواہ وہ ترکی کا استانبول ہو، خواہ ایران کا تبریز ہو، خواہ تاتارستان کا قازان ہو، خواہ وسطی ایشیا کا تاشقند ہو یا خواہ چینی ترکستان کا اورومچی ہو؛ اور خواہ یہ شہر ایک دوسرے سے کتنے ہی دور یا مختلف کیوں نہ ہوں - وہاں نوائی کی وفات کے تقریباً پانچ سو سال بعد بھی اُن کی شاعری سے اُسی طرح لطف اٹھایا جاتا ہے۔ اپنے پیشروؤں دانتے اور چوسر کی طرح، نوائی نے بھی تنِ تنہا ہی ایک زبان کو قابلِ احترام بنایا اور اسے دنیا کے اہم ادبوں کی صف میں لا کر کھڑا کیا تھا۔ ہمارے لیے ایسا کوئی بھی آئندہ زمانہ تصور کرنا ناممکن ہے جب نوائی کی تالیفات کا مطالعہ ختم ہو جائے گا، اور یہ بات جتنی دانتے اور چوسر کے حق میں درست ہے، اُسی طرح نوائی پر بھی کاملاً صادق ٹھہرتی ہے۔
(نویسندہ: بیری ہابرمین)
یہ مضمون سعودی آرامکو ورلڈ مجلّے کے جنوری/فروری ۱۹۸۵ء کے شمارے میں چھپا تھا جس کا میں نے اردو میں ترجمہ کیا ہے۔ اگر ترجمے میں کوئی خامی نظر آئے یا کوئی اور تجویز ہو تو ضرور گوش گزار کیجیے گا۔ اصل انگریزی مضمون یہاں سے پڑھا جا سکتا ہے۔

آخری تدوین: