ایک ملاقات کا مختصر حال

کورونا وبا کے اثرات میں ایک امر اپنوں سے دوری بھی ہے۔ یعنی سگے رشتہ داروں کو چار و ناچار دور رہنا پڑتا ہے۔ ماں باپ سگی اولاد سے، اولاد ماں باپ سے، بھائی بہن، میاں بیوی الغرض ہر رشتے سے فاصلے پیدا ہوجاتے ہیں۔ عمومی حالات میں سماجی فاصلہ ضروری ہے۔ لیکن اسی کورونا کے سبب ہم ملے محفل کی ایک خوبصورت شخصیت سے۔
دفتر میں دو قریبی افراد اس وبا سے متاثر ہوئے۔ ایک کو حالت وحالات کے سبب ہسپتال داخل ہونا پڑا۔ باس نے پوچھا "میو ہسپتال میں کوئی جاننے والا ہے؟ جن کے ذریعے بہتر نگہداشت اور بروقت حالات معلوم کیے جا سکیں." جھٹ سے دماغ میں ایک نام ابھرا اور فیس بک پر میسیج داغ دیا۔ چند ساعتوں میں ہی جواب آیا کہ حکم کیجیے حکم کی تعمیل ہو گی۔ اسی اثنا میں نمبروں کا تبادلہ ہوا۔ چونکہ دفتر کے قریبی ساتھی وبا سے متاثر ہوئے لہذا اصولا اپنا ٹیسٹ کروانا بنتا تھا سو عرضی بھی ڈال دی۔ بولے فلاں وقت تشریف لائیے کام ہو جائے گا۔ اگلے روز مریض کے دیکھ بھال کے لیے میو جانا ہوا اور ہم نے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے وقت کی قطعی پابندی نہیں کی اور ڈاکٹر صاحب کے مذکورہ وقت پر نہیں پہنچے۔ رابطہ کیا جواب ندارد۔ سوچا ہماری کاہلی و سستی، وہ تو اپنا فرض ادا کر رہے ہوں گےاور یقینا ایسا ہی تھا وہ وارڈ ڈیوٹی پر تھے۔
نماز عصر کے وقت کال آئی کہ بندہ پرور کہاں تشریف فرما ہیں بتایا ابھی ہسپتال ہی ہوں۔ بولے نماز کے بعد ملاقات ہوگی فلاں وارڈ میں تشریف لائیے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے جائیں گے۔ لیجیے جناب یہ ٹھہری پہلی ملاقات اور پہلا دیدار جو ہمیں ڈاکٹر عاطف ملک صاحب کا ہوا۔
ڈاکٹری لباس زیب تن، ہڈی اور ماس کا ڈیل ڈول لیے، عینک میں سے جھانکتے، قدرے تیز کلام کرتے اور اپنے مخصوص انداز میں سر ہلاتے ڈاکٹر عاطف ملک صاحب۔
متعلقہ امور سر انجام دیے اور پھر فراغت پر باقاعدہ مختصر سلام دعا ہوئی۔ بولے ملنے کا اشتیاق تو تھا لیکن یوں نہیں۔ لیکن چلو اس کورونا کے سبب کوئی تو ملا۔ یہ خالصتاً طبی نوعیت کی ملاقات تھی۔ جس میں ڈاکٹر صاحب نے ہمارے اور مریض سے متعلق حالات پر ڈاکٹری تجزیہ دیا۔
16 اکتوبر کی صبح مریض کی دیکھ بھال کے دوبارہ جانا ہوا۔ جا کر رابطہ کیا بندہ پرور آپ کی نگری میں آپ کے زیر سایہ موجود ہیں۔ فرمایا ابھی ڈیوٹی پر ہوں آف ہوتے ہی رابطہ کرتا ہوں۔ سوا 10 بجے پیغام ملا آدھے گھنٹے تک فراغت ہو جائے گی۔ مقررہ وقت پر پیغام ملا کہ فراغت ہو گئی ہے۔ اس کے بعد ہر طرف خاموشی۔ 12 منٹ بعد پوچھا حضور آپ کے اشتیاق میں ادھر الطاف، رابن، ولسن ناجانے کس کس سے شرف ملاقات ہو گیا ہے۔ ٹھیک 12 منٹ بعد جواب ملا کینٹین پر تشریف لائیں۔
وہی بانکا نوجوان تیز تیز قدم اٹھاتا سامنے موجود۔ کینٹین میں ناشتہ کرنے بیٹھے اور اب پہلی بار غیر طبی گفتگو کا آغاز ہوا۔ جس کا نقطۂ ارتکاز بہرحال طب ہی تھا۔ اس گفتگو سے فراغت کے بعد جنابِ من نے اپنی ادب دوری کا بے جا رونا رویا جسے کمال خوبئِ حسن سماعت سے ڈاکٹر صاحب نے سنا اور کچھ اپنا حال سنایا۔ کنٹین سے نکل کر الوداعی طور پر ملنے کے کھڑے ہوئے تو کوئی مزید آدھا گفتگو بیچ سڑک کے ہوگئی جس پر ڈاکٹر صاحب نے فرمایا بھیا دھوپ زیادہ ہے اور سڑک کے بیچ کھڑے ہیں۔ خیر سے کوئی گاڑی ہی سلام دعا کر جائے۔ خیر چھاؤں میں کھڑے حسب عادت مزید نہ بولنے کا کہہ کر بھی مزید 10, 15 گفتگو سنائی۔
ملاقات کا اختتام آئندہ ملاقات جو کسی مناسب وقت اور مقام پر ہوگی کا دونوں طرف سے متفقہ فیصلہ سنایا گیا۔ اور پھر یہی دہرایا گیا کہ ایسے ملنے کا کوئی ارادہ نہ تھا لیکن قدرت کو ملانا مقصود تھا تو فاصلے بڑھاتی اس وبا کے طفیل ہی ملا دیا۔۔۔۔۔۔

bHs8kjU.jpeg

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی کینٹین میں اس ملاقات کی یادگاری تصوریر
16-10-20
میو ہسپتال لاہور
 
اس گفتگو سے فراغت کے بعد جنابِ من نے اپنی ادب دوری کا بے جا رونا رویا جسے کمال خوبئِ حسن سماعت سے ڈاکٹر صاحب نے سنا اور کچھ اپنا حال سنایا۔
میں نے آخر میں کچھ یوں پڑھا۔
اور کچھ اپنا کلام سنایا۔ :)

اللہ تعالیٰ سب کو بیماریوں سے دور رکھے۔ آمین
اور آپ کو طبی کی جگہ ادبی ملاقات نصیب فرمائے۔ آمین
 

سیما علی

لائبریرین
وہی بانکا نوجوان تیز تیز قدم اٹھاتا سامنے موجود۔ کینٹین میں ناشتہ کرنے بیٹھے اور اب پہلی بار غیر طبی گفتگو کا آغاز ہوا۔ جس کا نقطۂ ارتکاز بہرحال طب ہی تھا۔ اس گفتگو سے فراغت کے بعد جنابِ من نے اپنی ادب دوری کا بے جا رونا رویا جسے کمال خوبئِ حسن سماعت سے ڈاکٹر صاحب نے سنا
عاطف ملک
حسن محمود جماعتی صاحب
ماشاء اللّہ بہت خوب رودادِ ملاقات ۔
اتنی دیر بھی اگر ان حالات میں غیر طبی گفتگو ہوجائے ۔۔
سلامت رہیں یہ لوگ جو مسیحائی بخیر و خوبی کررہے ہیں اور سب سے زیادہ خود کو حوکھم میں ڈالتے ہیں انسانیت کی بقا کے واسطے۔۔
 
آخری تدوین:

عاطف ملک

محفلین
ماشااللہ۔۔۔۔۔۔۔اس قدر خوبصورت احوال لکھیں گے تو مشتاقینِ ملاقات زیادہ ہو جائیں گے:battingeyelashes:
میں نے آخر میں کچھ یوں پڑھا۔
اور کچھ اپنا کلام سنایا۔ :)
ہاہاہاہا۔۔۔۔۔اپنا کلام ہم ایسے ہی نہیں سنا دیا کرتے۔
پہلے سامع سے تحریری ضمانت لیتے ہیں کہ وہ دانستہ یا نادانستہ اپنے بال نوچنے کی کوشش نہیں کرے گا:p
اور یہ بات آپ سے بہتر شاید ہی کوئی جانتا ہو
اللہ تعالیٰ سب کو بیماریوں سے دور رکھے۔ آمین
اور آپ کو طبی کی جگہ ادبی ملاقات نصیب فرمائے۔ آمین
آمین۔
کورونا کی دوسری لہر آرہی ہے اور ہمارے کچھ احباب Re-Infect بھی ہوئے ہیں۔سو اس حوالے سے سب احباب سے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔
 

سیما علی

لائبریرین
آمین۔
کورونا کی دوسری لہر آرہی ہے اور ہمارے کچھ احباب Re-Infect بھی ہوئے ہیں۔سو اس حوالے سے سب احباب سے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔
آمین الہی آمین
اب تو اس قدر قریبی لوگوں کو ہوگیا کوڈ 19،کہ ہر وقت دعا رہتی ہے اللّہُ سب کو اپنی و حفظ و امان میں رکھے۔
 
آخری تدوین:

شمشاد

لائبریرین
ماشاء اللہ، گو کہ مختصر ملاقاتیں اور مختصر روداد، پھر بھی پڑھ کر مزہ آیا۔
اردو محفل کہ یہ بھی تو ایک خوبصورتی ہے کہ اراکین محفل کہیں نہ کہیں کبھی نہ کبھی مل ہی بیٹھتے ہیں۔
 
میں نے آخر میں کچھ یوں پڑھا۔
اور کچھ اپنا کلام سنایا۔ :)
ماحول، حالات، طبیعت اور ذوق کچھ بھی ایسا نہیں تھا کہ ایسا کچھ ہو سکتا۔۔۔۔
اللہ تعالیٰ سب کو بیماریوں سے دور رکھے۔ آمین
اور آپ کو طبی کی جگہ ادبی ملاقات نصیب فرمائے۔ آمین
آمین ان شاء اللہ۔
 
ماشاء اللّہ بہت خوب رودادِ ملاقات ۔
شکریہ آپکا۔
اتنی دیر بھی اگر ان حالات میں غیر طبی گفتگو ہوجائے ۔۔
بہت غنیمت ہے۔
سلامت رہیں یہ لوگ جو مسیحائی بخیر و خوبی کررہے ہیں اور سب سے زیادہ خود کو حوکھم میں ڈالتے ہیں انسانیت کی بقا کے واسطے۔۔
کوئی شک نہیں۔ اللہ رب العزت ان کی کاوشوں کو قبول کرے۔
 
ماشااللہ۔۔۔۔۔۔۔اس قدر خوبصورت احوال لکھیں گے تو مشتاقینِ ملاقات زیادہ ہو جائیں گے:battingeyelashes:
پکی بات ہے؟؟؟
ہاہاہاہا۔۔۔۔۔اپنا کلام ہم ایسے ہی نہیں سنا دیا کرتے۔
جی اس کے لیے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وصول کرتے ہیں۔۔۔۔
پہلے سامع سے تحریری ضمانت لیتے ہیں کہ وہ دانستہ یا نادانستہ اپنے بال نوچنے کی کوشش نہیں کرے گا:p
سامع کا وہی جواب ہے جو اس تحریر کو پڑھ کر قاری کا ہے۔
 
ماشاء اللہ، گو کہ مختصر ملاقاتیں اور مختصر روداد، پھر بھی پڑھ کر مزہ آیا۔
شکریہ آپکا۔
اردو محفل کہ یہ بھی تو ایک خوبصورتی ہے کہ اراکین محفل کہیں نہ کہیں کبھی نہ کبھی مل ہی بیٹھتے ہیں۔
بجا فرمایا۔
 
Top