ایک نایاب مگر نادر خط

یہ خط گزشتہ دنوں میں نے راشد اشرف بھائی کو لکھا تھا انھیں کافی پسند آیا تھا اس لئے اردو محفل میں بھی شامل کیا جا رہا ہے امید کہ آپ لوگ بھی پسند کریں گے ۔
بسم اللہ الرحمان الرحیم
بھائی'
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و بر کا تہ
خدا کرے مزاج گرامی بخیر ہو
آج آپ کی خدمت میں مولانا امین احسن اصلاحی رحمۃ اللہ علیہ کا ایک نایاب مگر نادر خط ارسال کر رہا ہوں ۔مولانا اصلاحی کے ذریعہ لکھے گئے اس خط کو پڑھ کر میں خود اپنے آنسوؤں کو ضبط نہیں کر سکا اوردیر تک روتا رہا ۔پتہ نہیں کیوں ؟ابھی بھی میں اسے ٹائپ کر رہا ہوں تو آنکھوں سے آنسو جا ری ہے ۔یہ خط مجھے کیسے ملا عرض کئے دیتا ہوں تاکہ آپ کو سمجھنے میں آسانی ہو ۔
بات در اصل یوں ہوئی کہ آج جب میں حسب معمول جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری گیا تو میری نظر جنگ گروپ کی جانب سے شائع کردہ ایک کتاب’’ جنھیں میں نے دیکھا ‘‘مصنف ’’کوثر نیازی ‘‘مرحوم پر پڑی ۔ابھی میں نے کچھ ہی دنوں قبل جوش ملیح آبادی کی کتاب یادوں کی بارات ختم کی تھی جس میں جوش صاحب نے کئی جگہ مولانا کوثر نیازی کا تذکرہ کیا تھا ۔شاید اس وجہ سے بھی سر ورق دیکھتے ہی کتاب نے اپنی جانب کھینچا ۔ اس کے مشمولات پرنظر دوڑائی تو نگاہ علامہ ’شورش کاشمیر ی ‘(مرحوم )جو میرے پسندیدہ قلم کا روں میں سے ایک ہیں پر جا کر ٹک گئی ۔اس مضمون میں مولانا ’کوثر نیازی ‘(مرحوم )نے خوبصورتی کے ساتھ شورش صاحب سے اپنے تعلقات ،علمی و ادبی چشمک، خطابت و صحافت اور ان کی عظمت پر سیر حاصل گفتگو کی ہے ۔یوں تو پورا مضمون پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے لیکن اس کا وہ حصہ جس میں مرحوم نے شورش صاحب سے اپنی صحافتی چشمک کا ذکر کیا ہے بڑا ہی دلچسپ اور عبرت آموز ہے ۔دونوں بزرگوں کے درمیان یہ معرکہ اس قدر سنگین صورتحال اختیار کر گیا تھا کہ معاملہ ذاتیات تک پہنچ چکا تھا۔بہت سارے لوگ تشویش میں مبتلا تھے لیکن کسی کو بھی ہمت نہ ہوتی تھی کہ بیچ میں پڑ کر اس معاملہ کو رفع کرانے کی کوشش کی جائے ۔
مولانا نیازی کہتے ہیں کچھ لوگوں کی سازشوں اور آگ لگاؤ تماشہ دیکھو جیسے افراد سے ا س میں اور بھی شدت آ گئی تھی اور ایسے افراد دونوں ہی جانب سے تھے ۔انھوں نے لکھا ہے’’ روزنامہ’’ وفاق ‘‘لاہور کے مدیر اعلی جناب مصطفی صادق کو جب اس بات کا علم ہوا تو وہ بے چین ہو اٹھے ۔انھیں معلوم تھا کہ ہم دونوں مولانا امین احسن اصلاحی مد ظلہ العالی کے نیاز مند ہیں ۔میں تو خیر مولانا اصلاحی کے خرمن علوم قران کا با قائدہ خوشہ چیں تھا اور ان کے شاگرد کا درجہ رکھتا تھا ۔شورش مرحوم بھی ان سے بے پناہ عقیدت رکھتے تھے ۔مصطفی صادق ان کے پاس پہنچے اور ان سے ہم دونوں کے نام ایک خط حاصل کر لیا ۔یہ خط بجائے خود لائق مطالعہ ہے قارئین کو اس سے علمائے حق کے جذبۂ اصلاح اور سوز قلب کا اندازہ بھی ہوگا اور طرز نصیحت کا فائدہ بھی۔ اس لئے اسے تبرکا ذیل میں پیش کرتا ہوں ۔مولانا اصلاحی نے لکھا ‘‘۔
’’برادر مکرم شورش صاحب اورعزیز کوثر صاحب‘‘
’’السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ ادھر کچھ عرصہ سے آپ دونوں کے اخبارات’’ چٹان ‘‘اور ’’شہاب‘‘میں نہایت ناگوار قسم کی ذاتیاتی بحث چھڑی ہوئی ہے ۔اس سے مجھکو جہاں تک اندازہ ہے آپ دونوں کے مخلص قدر دانوں کو روحانی اذیت ہے ۔میں نے ایک بار ارادہ کیا کہ آپ دونوں صاحبوں سے ملکر خدا اور رسول کا واسطہ دیکر یہ التجا کروں کہ اس جنگ کو فی الفور بند کر دیجئے ،لیکن محض اپنی کم حیثیتی پر نگاہ کر کے یہ جرات نہ کر سکا مگر اب معاملہ نے جو سنگین نوعیت اختیار کر لی ہے جب میں اس کے دور رس نتائج پر قومی و اسلامی نقطہ نظر سے غور کرتا ہوں تو یہ محسوس کرتا ہوں کہ میں اخلاق اور انسانیت کا بھی اور آپ دونوں کا بھی مجرم ٹھہروں گا ۔اگر اس موقع پر وہ حق خیر خواہی ادا نہ کروں جو آپ دونو ں صاحبوں سے متعلق مجھ پر عاید ہوتا ہے ۔بلاشبہ یہ درجہ تو نہیں رکھتا کہ آپ لوگوں کو ئی نصیحت کر سکوں لیکن اس امر سے آپ دونوں میں سے کوئی مشکل ہی انکار کر سکے گا کہ یہ ناچیز آپ دونوں ہی سے یکساں طور پر دیرینہ روابط الفت و اخلاص رکھتا ہے ۔اس تعلق نے مجھے مجبور کیا ہے کہ میں آپ دونوں حضرات سے دست بستہ درخواست کروں کہ آپ اس بحث کو اپنے اخبارات میں بند کر دیجئے !گرچہ اس وقت جذبات کے اشتعال میں میری یہ درخواست ممکن ہے دل پر گراں گذرے لیکن اگر اپنے ایک مخلص کی درخواست سمجھ کر آپ دوستوں نے اس کی لاج رکھ لی تو اس سے میرا سر اونچا ہوگا اور میں اس کو اپنے رب کے سامنے سجدے میں ڈال دونگا کہ اس نے مجھ جیسے ناچیز سے ’’اصلاح ذات البین‘‘کی ایک خدمت لی جو شاید میری نجات کا ذریعہ بن سکے ‘‘۔
تاریخ درج نہیں ہے ۔تاہم مولانا نیازی نے لکھا ہے استاذ مکرم کا یہ والا نامہ ہمارے اصلاح احوال کے لئے کافی تھا مولانا نے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے آگے تحریر فرمایا ہے :’’آپ نے مولانا اصلاحی مد ظلہ العالی کا مکتوب ملاحظہ فرمایا جہاں یہ خط ادب و انشائے عالیہ کا نادر نمونہ ہے وہیں اس کے لفظ لفظ سے لکھنے والے کا خلوص ٹپک رہا ہے ۔ساتھ ہی اس کی عاجزانہ طبیعت بھی مترشح ہے ۔دو بھائیوں کے درمیان صلح کرانے میں جو دل سوزی حضرت مولانا نے دکھائی کاش!اس دل سوزی سے مالا مال کچھ شخصیتیں اس دور میں بھی ہوتیں تو ہمارے کتنے قومی مسئلے حل ہو چکتے ‘‘۔
درست فرمایا مولانانیازی نے اب تو ایسے لوگ ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے ۔نہ تو اب ایسے لائق و فائق شاگرد ہیں اور نا ہی استاذ۔۔۔!!
آئے عشاق گئے وعدہ فردا لیکر
اب انہیں ڈھونڈ چراغِ رخِ زیبا لیکر
(علامہ اقبال)
کیا لوگ تھے جو راہِ جہاں سے گزر گئے
جی چاہتا ہے نقش قدم چومتے چلیں
(حفیظ میرٹھی)
خدایا تو ہی مدد فرما ۔چلئے بھائی جان اب چلتا ہوں کافی دیر ہو گئی ۔بات کرتے کرت وقت کا پتہ ہی نہیں چلا ۔آپ بھی تھک گئے ہونگے ۔
ٹھیک ہے تو اجازت دیجئے! خد ا حافظ!
میرے لئے دعا کرتے رہئے گا !!
علم اللہ اصلاحی
 

محمداحمد

لائبریرین
اچھا یعنی یہ خط یہاں موجود ہے۔

بہت ہی عمدہ کام کیا جناب امین احسن اصلاحی نے۔

اور بہت کام کی تحریر ہے یہ۔۔۔!

خوش رہیے جناب!
 

نایاب

لائبریرین
بہت خوب شراکت
خط کیا ہے خلوص و آگہی سے بھرپور شمع منور ہے ۔
بہت شکریہ محترم اصلاحی بھائی
 
بہت خوب شراکت
خط کیا ہے خلوص و آگہی سے بھرپور شمع منور ہے ۔
بہت شکریہ محترم اصلاحی بھائی
زہے نصیب حضور والا کہ آپ کے ساتھ ساتھ محمداحمد بھائی کو بھی یہ اچھا لگا اگر زندگی رہی تو آئندہ بھی آپ لوگوں کی خدمت میں کچھ نہ کچھ پیش کرتا رہوں گا۔
 
کیا ہی اچھا ہو اگر اس خط کا دیدار کرایا جائے۔
امر شہزادصاحب ! دیدار سے مراد غالبا امین احسن اصلاحی مرحوم کا خط ہے وہ تو کوثر صاحب ،شورش صاحب یا پھر مصطفی صادق صاحب ہی کرا سکتے تھے لیکن افسوس اب ان میں سے کوئی اس جہان میں نہیں رہے ۔اللہ ان سب کو غریق رحمت کرے آپ شورش صاحب پر لکھا گیا یہ مضمون کوثرصاحب کی کتاب ’’جنھیں میں نے دیکھا‘‘ میں پڑھ سکتے ہیں آپ کو امین صاحب علیہ الرحمہ کا یہ خط بھی وہیں مل جائے گا صفحہ نمبر 127میں۔
 

فلک شیر

محفلین
اللہ اللہ............مولانا اصلاحی، شورش اور نیازی صاحب.........بڑ ے آدمی تھے............اللہم ارحمہم واعف عنہم ونور قبورہم
علم اللہ صاحب! بہت شکریہ اس شئیرنگ کے لیے
 
اللہ اللہ............مولانا اصلاحی، شورش اور نیازی صاحب.........بڑ ے آدمی تھے............اللہم ارحمہم واعف عنہم ونور قبورہم
علم اللہ صاحب! بہت شکریہ اس شئیرنگ کے لیے
کیا بات ہے مجھے اندازہ نہیں تھا اتنی داد ملے گی Its my proud :laughing:ہی ی ی ی۔
 

تلمیذ

لائبریرین
داد کے تو آپ یقینا حقدار ہیں صاحب ، جو آپ نے محفل کے ارکان کو اردو نثر کےاتنےشاندار نمونے کے پڑھنےمیں شریک کیا۔
آپ کی پوسٹ کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ آپ جناب؀راشداشرف صاحب سے بھی متعارف ہیں، جو ہماری محفل کے ایک قابل ، باذوق رکن اور اردو ادب کے دیوانے ہیں۔ مگر آج کل کچھ غیر فعال ہیں (شاید دیگر مصروفیات کی بنا پر)
دعا ہے کہ اللہ تعالے آپ دونوں کو خوش رکھے، آمین۔
 
داد کے تو آپ یقینا حقدار ہیں صاحب ، جو آپ نے محفل کے ارکان کو اردو نثر کےاتنےشاندار نمونے کے پڑھنےمیں شریک کیا۔
آپ کی پوسٹ کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ آپ جناب؀راشداشرف صاحب سے بھی متعارف ہیں، جو ہماری محفل کے ایک قابل ، باذوق رکن اور اردو ادب کے دیوانے ہیں۔ مگر آج کل کچھ غیر فعال ہیں (شاید دیگر مصروفیات کی بنا پر)
دعا ہے کہ اللہ تعالے آپ دونوں کو خوش رکھے، آمین۔
آج اتوار بازار میں ان سے ملاقات ہو سکتی ہے ان کے ذریعہ بہت سی نایاب کتابوں اور ادبی و علمی سرگرمیوں کی خبر ملتی رہتی ہے اللہ محترم کو جزائے خیر دے دیکھیں آج کن کتابوں کے بارے میں بتاتے ہیں ۔۔۔۔
 

تلمیذ

لائبریرین
آج اتوار بازار میں ان سے ملاقات ہو سکتی ہے ان کے ذریعہ بہت سی نایاب کتابوں اور ادبی و علمی سرگرمیوں کی خبر ملتی رہتی ہے اللہ محترم کو جزائے خیر دے دیکھیں آج کن کتابوں کے بارے میں بتاتے ہیں ۔۔۔ ۔
لیکن (اپنے تعارف کے مطابق)آپ تو دلی میں پڑھ رہے ہیں،اتوار بازار میں @راشداشرف صاحب سے آپ کی ملاقات کیسے ہو سکتی ہے؟:unsure:
 
اوہ الف عین صاحب ۔۔۔۔بزرگوار محترم تشریف لے آئے ۔
السلام علیکم
میں نے آن لائن آپ کی بہت ساری تحریریں پڑھی ہیں اب آپ سے ملاقات بھی ہو گئی شکر ہے خدا کا ۔
 

تلمیذ

لائبریرین
منصور صاحب، یہ ٹیگ کرنے والا معاملہ کچھ سمجھ نہیں آیا۔ کبھی ہو جاتا ہے اور کبھی اس@ والے طریقے سے نہیں ہوتا۔ اوپر ملاحظہ کریں، میں نے@ راشد اشرف صاحب کو دو مختلف مراسلات میں ٹیگ کیا ہے، لیکن نہیں ہوا۔ حالانکہ میں بطور خاص محتاط رہا کہ درمیان میں سپیس نہ آئے۔
قیصرانی
 
Top