بہت شکریہ کہ آپ نے یہ سلسلہ شروع کیا ۔
کچھ چیزیں احاطہ تحریر میں لانا بہت مشکل ہوتا ہے ۔ خیالات تو پھر بھی کسی نہ کسی طرح احاطہ تحریر میں آجاتے ہیں لیکن جذبات کو تحریر میں لانا مشکل کام ہوتا ہے۔ میں صرف یہ کہوں گا کہ مجھے پاکستان بے حد عزیز ہے۔ مجھے کبھی بھی پاکستان سے شکایتیں نہیں رہیں اور نہ ہی کسی اور پاکستانی کو کرنی چاہیے۔ عروج و زوال قوموں کی زندگی میں آتے جاتے رہتے ہیں ۔ صرف دو چیزیں ایسی ہیں جو ہم میں ہو جائیں تو ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ 1۔ مخلص قیادت اور 2۔ ہمارا اپنا اخلاص، اپنے ساتھ، اپنے لوگوں کے ساتھ اور اپنے ملک کے ساتھ۔
یقین جانیے اگر دوسری چیز حاصل ہوجائے تو پہلی چیز از خود مل جائے گی۔
مجھے زہر لگتے ہیں وہ لوگ جو پاکستان کے نام پر "فرسٹریشن" پھیلاتے رہتے ہیں اور جب اپنے حصے کی شمع جلانے کا وقت آتا ہے تو پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ فرسٹریشن کا زہر ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے ۔ ہمیں اس کا فوری سدِ باب کرنا چاہیے۔