نیرنگ خیال

لائبریرین
اگر میں گذشتہ دہائی پر نظر کروں تو مجھے بہت کچھ بلاوجہ نظر آتا ہے۔مثال لیجیے کہ میں ٹوئٹر پر کیوں ہوں؟ یا پھر میں فیس بک پر گھنٹوں کیا کرتا رہتا ہوں؟ یہ انسٹاگرام کیا بلا ہے؟ اور چلویہ تو مان لیا کہ لوگ ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہیں، لیکن یہ دیکھتا کون ہے؟ ان سب باتوں کا ایک ہی جواب ہے۔ "بلاوجہ"۔ یہ بلاوجہ ہماری ۔۔۔ اوہ اچھا معذرت ۔۔۔ میری زندگی میں کچھ یوں سرایت کر گیا ہے کہ میں اب وجہ گنوا بیٹھا ہوں۔ اسکول و کالج کے زمانے میں جب کوئی مجھ سے پوچھتا تھا کہ یہ کتاب کیوں پڑھ رہے ہو؟ یہ کام کیوں کر رہے ہو؟ تو میرے پاس وجہ ہوتی تھی ۔ اور مجال ہے جو میں کبھی جواب دینے میں چوکا ہوں ۔ اُدھر کسی نے بات کی، اِدھر میں نے ٹھک سے جواب دھرا۔ لیکن اس بلاوجہ کی دہائی نے مجھ سے ساری وجوہات چھین لی ہیں۔

ہمارے گھر میں ایک پنگوڑا ہوتا تھا ، جیسے آجکل فینسی قسم کے پنگوڑے آتے ہیں، جن میں بیٹھ کر لڑکیاں اپنی کتاب پڑھتے کی تصویر لگاتی ہیں، یا لڑکے شیو بڑھائے ، الجھے بال لیے، ہاتھ میں سگریٹ لگا کر بارش کو دیکھتے ہوئے ایک اداس شعر کے ساتھ جلوہ افروز نظر آتے ہیں، ویسا بالکل بھی نہیں۔ بلکہ لوہے ایک مضبوط بڑا سا پنگوڑا،جس میں بھلے چار پانچ لوگ بیٹھ جائیں۔ میرا بچپن اس کو جھولتے گزرا ہے۔ خیر تو میں بتا رہا تھا کہ سردیاں ہوں یا گرمیاں، میں اس پنگوڑے میں بیٹھاجھولتا رہتا تھا۔سردیوں کی رات میں بھی باہر صحن میں رکھے پنگوڑے پر جھول رہا تھا کہ کسی نے کہا۔ اتنی سردی میں کیا کررہے ہو؟ میں نے کہا! جھولا جھول رہا ہوں۔ غور فرمائیے! میرے پاس وجہ ہے۔ جواب ہے۔ آج اگر مجھے کوئی پوچھے کہ بھائی! یہ جھولا کیوں جھول رہے ہو! تو میرا جواب کیا ہوگا؟ ہاں! بالکل یہی۔۔۔۔ بلاوجہ!

کوئی دور تھا کہ میں بےمقصد یعنی بلاوجہ ملاقاتوں کا بہت بڑا علمبردار تھا۔ میرا یہ ماننا تھا بلکہ ابھی بھی یہی ماننا ہے کہ جو ملاقات عزیزوں اور دوستوں کے ساتھ بلاوجہ کی جائے ، وہی اصل ملاقات ہوتی ہے اور انسان کی نکاسی کا بندوبست بھی ایسی ہی ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ لیکن " سماجی فاصلوں" کے اس دور میں ان جدید "سماجی اوزاروں" نے نامعلوم وجوہات کے لیے معلوم وجوہات کی پردہ پوشی فرما دی ہے۔

اب لوٹتے ہیں میری پہلی سطور کی طرف، جہاں میں نے "سماجی رابطوں کے معاصر اوزاروں" کا ذکر خیر کیا ہے لیکن اس میں اردو محفل کو شامل نہیں کیا۔ کیوں کہ میں اردو محفل پر بلاوجہ نہیں ہوں۔ اس پلیٹ فارم سے جتنی بھی محبت ملی اور جو کچھ بھی سیکھنے کو ملا وہ الگ داستاں کا متقاضی ہے۔ سردست میں اردو محفل کی سالگرہ والے دن محفل کے بانیوں اور منتظمین کو ایک بلاوجہ کی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

اردو محفل! یوں ہی بلاوجہ سالگرہ مبارک۔۔۔۔۔

اور آپ سب لوگوں کا بھی شکریہ جو عنوان میں بلاوجہ دیکھ کر بھی پڑھنے چلے آئے۔
 

ام اویس

محفلین
وعلیکم السلام
جو شخص بلا وجہ اتنا کچھ لکھ سکتا ہے وہ وجہیں بھی تلاش کر سکتا ہے اور ان پر عمل بھی کر سکتا ہے؛ بلکہ ہمیں یقین ہے کرتا ہو گا بس یہ ہمیں بلاوجہ الجھانے کی کوشش ہے اور وہ بھی “اردو محفل” کی پندرہویں سالگرہ میں ۔۔۔ زور کس پر ہے “میں “

میں نا مانوں !
کہ
یہ سب بلاوجہ ہے
 
یہ بھی خوب ہے ذوالقرنین صاحب کہ آپ کی وجہ "بلا" ہے، میرے خیال میں تو "بلی" ہونا چاہیئے تھا۔ :)
گھنٹہ بھر پہلے تحریر کو پڑھتے کچھ اس سے ملتے جلتے خیالات در آئے تھے لیکن انھیں پہلا کمنٹ بنانا مناسب نہیں لگ رہا تھا۔
 
نا کریں چوہدری جی۔
کیوں سالگرہ کے موقع پر ہماری عزت افزائی کروانا چاہ رہے ہیں۔
آپ نا ڈریں جی، سالگرہ نام ہی ہلے گلے شور شرابے کا ہوتا ہے۔ گھنگنیاں ڈال کر بیٹھے اور پڑھتے رہنے سے کیا خاک پتا لگے گا کہ سالگرہ چل رہی ہے۔
 
اگر میں گذشتہ دہائی پر نظر کروں تو مجھے بہت کچھ بلاوجہ نظر آتا ہے۔مثال لیجیے کہ میں ٹوئٹر پر کیوں ہوں؟ یا پھر میں فیس بک پر گھنٹوں کیا کرتا رہتا ہوں؟ یہ انسٹاگرام کیا بلا ہے؟ اور چلویہ تو مان لیا کہ لوگ ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہیں، لیکن یہ دیکھتا کون ہے؟ ان سب باتوں کا ایک ہی جواب ہے۔ "بلاوجہ"۔
انسان کا کوئی کام بلاوجہ نہیں ہوتا۔ وجہ درست یا غلط ضرور ہو سکتی ہے۔ میری وجہ یہ ہے۔
ezgif-com-gif-maker.gif


آپ کو بھی مبارک ہو۔
با وجہ یا بلا وجہ آتے رہا کریں۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
وعلیکم السلام
جو شخص بلا وجہ اتنا کچھ لکھ سکتا ہے وہ وجہیں بھی تلاش کر سکتا ہے اور ان پر عمل بھی کر سکتا ہے؛ بلکہ ہمیں یقین ہے کرتا ہو گا بس یہ ہمیں بلاوجہ الجھانے کی کوشش ہے اور وہ بھی “اردو محفل” کی پندرہویں سالگرہ میں ۔۔۔ زور کس پر ہے “میں “

میں نا مانوں !
کہ
یہ سب بلاوجہ ہے
ارے یہ کیسے الزامات لگ گئے ہم پر۔۔۔ کم از کم عمل والی سطر تو حذف کریں۔ کسی نے سن لیا تو بنی بنائی کاہلی دھری رہ جائے گی۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین

نیرنگ خیال

لائبریرین
Top